Tag Archives: گندم

درآمد شدہ گندم سے لدے ٹرکوں کی بندرگاہوں سے ریلیز معطل



بندرگاہ حکام کی جانب سے محدود وزن کے ضوابط کے نفاذ کی وجہ سے درآمد شدہ گندم سے لدے ٹرکوں کی بندرگاہوں سے ریلیز معطل کردی گئی ہے، جس کے سبب صارفین کے لیے گندم اور آٹے کے ممکنہ بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
فلور ملرز کو خدشہ ہے کہ بندرگاہوں پر درآمد شدہ گندم کی بندش سے آٹے کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا، جس کی وجہ کراچی اور دیگر ممالک میں فلور ملز تک اناج کی ترسیل کے بڑھتے ہوئے اخراجات ہیں۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے محکمہ ٹریفک کی جانب سے کراچی پورٹ پر ایکسل لوڈ ریجیم کے نفاذ سے متعلق ایک خط اسٹیک ہولڈرز، کسٹم ایجنٹس اور ٹرمینل آپریٹرز کو 12 اکتوبر کو بھیجا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ وزن کرنے والی مشینیں نصب کرنے اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کی جانب سے وزن کی طے کردہ حدود نافذ کرنے کے لیے چیئرمین کے پی ٹی کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے ساتھ ایک اجلاس 11 اکتوبر کو کے پی ٹی ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ہائی وے سیفٹی آرڈیننس (این ایچ ایس او-2000) کے مطابق تمام بندرگاہوں پر نصب وزن کی پیمائش کرنے والی مشینوں پر طے شدہ وزن کی حد نافذ کی جائے گی، حوالہ اور عمل درآمد کے لیے قابل قبول حدود کی تفصیلات پر مشتمل کاپی بھی فراہم کی جائے گی۔
کے پی ٹی کے خط میں کہا گیا کہ بندرگاہ کے احاطے سے نکلتے وقت ایکسل کی گنجائش سے زیادہ وزنی ٹرکوں کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور ایسے ٹرکوں کو اب مزید اجازت نہیں دی جائے گی۔

کراچی کی بندرگاہوں سے گندم کی ترسیل رک گئی، ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ



کراچی(این این آئی)کراچی کی بندرگاہوں سے گندم کی ترسیل رک گئی جس کے سبب ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، آٹے کی قیمت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم سے گندم کی ملک بھر میں ترسیل رک گئی ہے اس حوالے سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایاکہ ایکسل لوڈ پر عمل کے باعث ٹرکوں پرگندم لوڈ نہیں کی جارہی۔

انہوں نے بتایاکہ ترسیل رکنے سے گندم کا بحران پیدا ہوا تو آٹا بھی مزید مہنگا ہوگا، گزشتہ 48گھنٹے سے کراچی کی دونوں بندرگاہوں سے گندم کا ایک ٹرک بھی روانہ نہ ہوسکا۔کراچی کی دونوں بندرگاہوں پرگندم کے3جہازوں سے گندم آف لوڈ کی جارہی ہے، 2جہاز روس اور ایک جہاز رومانیہ سے گندم لے کر پہنچا ہے۔

تینوں جہازوں سے ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم ملک بھر میں ترسیل کی جانی ہے۔ایکسل لوڈ نفاذ سے پہلے ایک ٹرالر پر6ہزار بوری آتی تھی اب3ہزار300آئیں گی، گندم کی ترسیل میں مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹیشن سے نرخ میں اضافہ ہوجائے گا۔

ٹرالرز اور ٹرکوں کے کرائے میں اضافے سے گندم کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، ایکسل لوڈ کے باعث خوردنی تیل، درآمدی لوہا سمیت دیگراشیا کی ترسیل بھی رک گئی۔

ایوسی ایشن کے عہدیدار حماد پونا والانے بتایاکہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے ایکسل لوڈ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ٹرک کو صرف 27ٹن وزنی لوہا لیجانے کی شرط سے امپورٹرز پریشان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 10وہیلر خالی لوڈنگ گاڑی کا وزن 14سے15 ٹن ہوتا ہے، امپورٹر چھوٹا اسٹیل کوائل بھی لوڈ کرے تو کم ازکم وزن35ٹن ہے، آئرن اسٹیل مرچنٹ کے مطابق ایکسل لوڈ نفاذ کی صورتحال میں درآمد کنندہ سامان کیسے لوڈ کرسکتے ہیں؟