Tag Archives: attack

ڈیرہ اسماعیل خان، دہشت گردوں کا پولیس کیمپ پر حملہ



ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس کیمپ پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار کے شہید ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے ٹول پلازہ کے قریب پولیس کیمپ کو نشانہ بنایا، حملہ آوروں نے جدید ترین ہتھیاروں سے حملہ کیا جبکہ حملے میں دستی بم بھی استعمال کیے گئے۔

پولیس کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار کے شہید ہونے کی اطلاع ہے، پولیس کیمپ میں 15 سے 20 پولیس اہلکار موجود تھے۔

پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی جبکہ تھانوں سے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

نیو کراچی میں فائرنگ، اسلام آباد سے آنیوالا پولیس اہلکار جاں بحق



کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت محمد قاسم کے نام سے کی گئی ہے، جائے وقوع سے ایک خول برآمد کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

مقتول کے بھائی نے بتایاکہ محمد قاسم سندھ پولیس میں سیکیورٹی زون ٹو کا اہلکار تھا، وہ سابق آئی جی بلوچستان میر زبیر کا گن مین تھا۔

مقتول کے بھائی کے مطابق اس کا بھائی 2 روز قبل اسلام آباد سے کراچی بھائیوں سے ملنے آیا تھا، مقتول 5 بیٹیوں کا باپ تھا اور اس کا آبائی تعلق ضلع لودھراں سے تھا۔

بھائی نے بتایا کہ واقعے کے وقت مقتول گھر میں سو رہا تھا، ڈرائنگ روم کی سڑک کی جانب کھڑکی کھلی ہوئی تھی، ملزم نے کھڑکی سے فائرنگ کی اور گولی مقتول کی کمر کی جانب لگی۔

بھائی کے مطابق مقتول موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا، واقعے کے وقت مقتول کے 2 بھائی، والدہ اور بھابھی بھی گھر پر تھے۔

اسرائیل کی بمباری،میڈیا دفاترپر مشتمل ٹاور پرحملہ،3 صحافی ہلاک



تل ابیب(این این آئی)فلسطینی تنظیموں کی طرف سے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے طوفان الاقصی آپریشن کے چوتھے روزکے آغاز پر اسرائیل نے غزہ پر فضائی اور سمندری اطراف سے شدید بمباری کی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق منگل کوغزہ کے علاقوں پراسرائیلی بمباری کی گئی ،اسرائیلی بحری کشتیوں نے بھی غزہ شہر کے ساحل پر تازہ بمباری کی ۔

ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مغربی غزہ میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں متعدد صحافی ہلاک ہو گئے جبکہ فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ مغربی غزہ میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں 3 صحافی ہلاک ہو گئے ۔

ایک اسرائیلی حملے نے برج حجی کو نشانہ بنایا جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہاں پر مختلف میڈیا اداروں کے دفاتر موجود ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان: تھانے پر دہشت گردوں کے حملے میں اہلکار جاں بحق



ڈی آئی خان(آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان میں ہتھالہ تھانے پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہل کار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ ہتھالہ پر بھاری ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملہ کیا، جس میں 3 پولیس اہلکار حنیف، سعید ممتاز اور وکیل زادہ شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال ڈیرہ منتقل کیا گیا تھا۔

پیر کی صبح ایک اہل کار دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے اہل کار کا تعلق ضلع بونیر سے تھا۔ دہشت گردوں کے حملے میں تھانے کا مین گیٹ تباہ ہوگیا جب کہ کافی دیر تک دو طرفہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کراچی، انصاف ہائوس کے باہر پولیس اہلکاروں پرنامعلوم افرادکا حملہ



کراچی(این این آئی)کراچی میں انصاف ہائوس کے باہر سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں اور اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی۔

اس واقعے سے متعلق پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گشت پر مامور موبائل پر بھی پتھرائو کیا، مزید نفری آنے پر حملہ آور پتھرائو اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی، سرچنگ کے دوران 30 بور پسٹل اور 4 رائونڈ برآمد ہوئے، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، واقعہ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں اے ایس آئی شمعون دانیال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ ہنگامہ آرائی، پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے اور تشدد کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

درج مقدمے کے متن کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار 20 سے 25 افراد انصاف ہاس کے باہر آئے، ملزمان نے انصاف ہاس کے باہر نعرے بازی کی، نامعلوم افراد ڈنڈوں، لاٹھیوں اور آتشی اسلحہ سے لیس تھے۔

درج مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر پتھرا کیا، ملزمان نے اہلکار عادل الرحمن پر تشدد کیا اور وردی پھاڑ دی، اضافی نفری پہنچنے پر ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔درج مقدمے کے متن کے مطابق سرچنگ کے دوران 30 بور پستول اور 4 رائونڈ ملے ہیں۔

رحیم یار خان میں بچوں کی لڑائی پر درجنوں افراد نے ہوٹل پر دھاوا بول دیا



رحیم یار خان (این این آئی)رحیم یار خان میں مبینہ طور پر بچوں کی لڑائی پر درجنوں افراد نے ہوٹل پر دھاوا بول کر ہوٹل کے مالک اور منیجر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی۔

رحیم یار خان کے تھانہ ظاہر پیر کی حدود میں بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے جس کے بعد درجنوں افراد نے ہوٹل پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کردیا۔

مشتعل افراد کی جانب سے ہوٹل پر حملہ کرکے ہوٹل کے مالک اور منیجر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مشتعل افراد کے ہوٹل پر حملے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔متاثرین کے مطابق پولیس کی جانب سے نہ تو ان کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے نہ کوئی کارروائی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ واقعہ جمعے کے روز پیش آیا تھا، معاملے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔