Tag Archives: Chaudhry Pervaiz Elahi

پرویز الہیٰ کی اینٹی کرپشن مقدمے میں ضمانت واپس لینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر



پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدراور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ضمانت واپس لینے کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سلطان تنویر یکم نومبر کو درخواست پر سماعت کریں گے، عدالت نے وکلا کو دلائل کیلئے طلب کر رکھا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے ٹرائل کورٹ کا ضمانت کا فیصلہ واپس لینے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی کے اہلخانہ کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع



لاہور ( این این آئی) اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اہلخانہ کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

اینٹی کرپشن عدالت میں چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی ، بیٹے راسخ الٰہی اور زہرہ الٰہی کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

جج علی رضا اعوان نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ اینٹی کرپشن سے تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ عدالت نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا، ملزمان کی جانب سے ضمانتی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے والے پولیس افسران نے غیر مشروط معافی مانگ لی



لاہور ( این این آئی) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی جبکہ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے معاملے میں کسی قسم کی کوئی بدنیتی شامل نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود گرفتار کرنے کے خلاف انکی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

سب انسپکٹر اسلام آباد پولیس تجمل، اور سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل عدالت میں پیش ہوئے۔آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروایا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے وکیل شان گل عدالت پیش ہوئے اورعدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

لاہور پولیس کی جانب سے جمع جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری اسلام آباد پولیس کی جانب سے کی گئی، اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ پرویز الٰہی کے معاملے میں کسی قسم کی کوئی بدنیتی شامل نہیں۔

جسٹس سلطان تنویر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسپیشل ڈویژن بینچ میں جانا ہے، مزید کیسز کی سماعت نہیں ہوسکتی، اگر وقت بچاتو توہین عدالت کیس کی سماعت ہوگی۔بعدا زاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔