Tag Archives: evstan injection

وزیر اعلی نے ایوسٹان انجکشن سے پیدا شدہ صورتحال بارے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی



لاہور( این این آئی)وزیر اعلی محسن نقوی نے ایوسٹان انجکشن سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کے کنوینر جبکہ وزیر پرائمری ہیلتھ معاون کنوینر ہوں گے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری قانون پنجاب ،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ پرائمری ہیلتھ کیئر ،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ،ایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کے رکن ہوں گے۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم، ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول پنجاب اور کمیٹی کی طرف سے ضروری سمجھے جانے والے کوئی اور ممبر شامل ہوں گے۔

کمیٹی واقعے کا تمام پہلوئوں سے اچھی طرح جائزہ لے گی اور اس ناخوشگوار واقعے کے اسباب اور وجوہات کا تعین کرے گی۔لاہور — کمیٹی انجکشن کے استعمال کے بارے میں اس وقت جاری کلینیکل پریکٹیسز کا تجزیہ کرے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ کیا یہ پریکٹیسز کافی ہیں یا نہیں۔

کمیٹی انجکشن کی مینوفیکچرنگ، ڈسٹریبیوٹرز، کمپائونڈرز، سپلائرز، امراض چشم کے کلینکس اور فیلڈ ریگولیٹرز کے کام میں خامیوں کی نشاندہی کرے گی اورذمہ داری کا تعین کرے گی۔ ہر سطح پر خامیوں اور کمزوریوں کا واضح طور پر تعین کیا جائے گا۔

کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لیے جامع عمل درامد پلان پیش کرے گی۔کمیٹی اپنے کام کے دوران حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر اس سلسلے میں کوئی اور تجویز بھی پیش کر سکے گی۔بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سات روز میں اپنا کام مکمل کر کے وزیراعلی پنجاب کو اپنی واضح سفارشات پیش کرے گی۔