Tag Archives: hisbullah

اسرائیل پر اچانک حملے میں ایران نے مدد کی ،حماس ، حزب اللہ کا اعتراف



مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطین میں حماس نے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے طوفان الاقصی آپریشن کے دوران فلسطینی عسکریت پسندوں اور اسرائیلی افواج کے درمیان جاری جھڑپوں کے جلو میں ایرانی کردار کا ایک نیا انکشاف ہوا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس اور لبنانی حزب اللہ کے سینیر ارکان نے انکشاف کیاکہ ایرانی سکیورٹی حکام نے حماس کی طرف سے اسرائیل پر کیے گئے اچانک حملے کی منصوبہ بندی میں مدد کی تھی۔

گذشتہ پیر کو بیروت میں ہونے والی ایک میٹنگ میں اس کارروائی کے لیے ایران نے گرین سگنل دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے افسران نے گذشتہ اگست سے حماس کے ساتھ مل کر فضائی، زمینی اور سمندری دراندازی کی منصوبہ بندی کی تھی، جو کہ 1973 کے بعد اسرائیل کی سرحدوں کی سب سے اہم خلاف ورزی ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ آپریشن کی تفصیلات کو بیروت میں ہونے والی متعدد میٹنگوں کے دوران بہتر بنایا گیا جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے افسران اور چار ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروپوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ان میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ بھی شامل ہے۔ایک امریکی اہلکار نے ان ملاقاتوں کی طرف اشارہ کیا ہے تاہم ان کا ملک فی الحال اس کی تصدیق نہیں کرسکا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ فلسطینیوں کی اس کارروائی سے اسرائیل کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے، جس کی وجہ سے اسرائیلی حکومت نے سرکاری طور پر حالت جنگ میں داخل ہونے کا اعلان کیا ہے۔6 اکتوبر 1973 کی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے اس ریاست کی سطح پر جنگ کا اعلان کیا ہے۔