Tag Archives: icc

آئی سی سی نے ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کر لی



آئی سی سی نے ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے اہم میچ میں ڈی آر ایس سسٹم کی غلطی تسلیم کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک موقع پر پاکستان کو جیت کے لیے ایک وکٹ اور جنوبی افریقا کو 8 رنز درکار تھے، ایسے میں حارث رؤف کی ایک گیند جنوبی افریقی بیٹر تبریز شمسی کے پیڈ پر لگی تو پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی گئی تاہم امپائر کی جانب سے کوئی جواب نہ دیا گیا جس پر پاکستان نے ریویو لیا۔

ریویو میں دیکھا گیا کہ گیند اسٹمپس سے ٹکرا رہی ہے لیکن اس کا آدھے سے زیادہ حصہ باہر ہے جس کے باعث قوانین کے تحت امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے تھرڈ امپائر نے تبریز شمسی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

میچ کے دوران ایک اور فیصلہ بھی سوشل میڈیا پر بحث کی وجہ بنا جس پر آئی سی سی کو وضاحت بھی دینا پڑی۔

جنوبی افریقا کی اننگز کے 19 ویں اوور میں اسامہ میر کی ایک گیند پروٹیز بیٹر رسی وین ڈر ڈوسن کے پیڈ پر لگی، اسامہ میر کی جانب سے زوردار اپیل کی گئی جس پر امپائر پال ریفل نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

پروٹیز بیٹر کی جانب سے امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا گیا اور جب ٹی وی پر ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے گیند کو دکھایا گیا تو اسامہ میر کی فلیپر گیند کو پہلے وکٹوں سے بہت باہر جاتے دکھایا گیا لیکن کچھ ہی لمحے بعد ایک اور ٹی وی ری پلے دکھایا گیا جس پر گیند وکٹوں کو چھو رہی تھی۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر آئی سی سی کو معاملے کی وضاحت بھی دینا پڑی۔

آئی سی سی کی جانب سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے دکھائے گئے ڈی آر ایس ری پلے میں غلطی تھی جبکہ دوسرا ڈی آر ایس ری پلے درست تھا اس لیے وین ڈر ڈوسن کو 21 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا کیونکہ اسامہ میر کی فلیپر گیند سیدھی وکٹوں کو چھو رہی تھی۔

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان ، پاکستان کا کوئی کھلاڑی بھی شامل نہیں



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی  نے ستمبر کے مہینے کے مین اور ویمن پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ نامزدگیوں میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں جب کہ بھارت کے دو کرکٹرز کو نامزد کیا گیا ہے۔

نامزدگیوں کا اعلان کھلاڑیوں کی ستمبر کے مہینے کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا، بھارت کے شبمن گل اور محمد سراج پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کو بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا۔

دوسری جانب آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ کے لیے ساؤتھ افریقا کی لاورا ولفارٹ اور نڈائن ڈی کلرک اور سری لنکا کی چمازی اتھاپتھو کو نامزد کیا گیا ہے۔

پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کر نے کے معاملے کو فوری حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، آئی سی سی



دبئی (این این آئی)بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے دوران پاکستان صحافیوں اور کرکٹ فینز کو ویزہ جاری نہ کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہاہے کہ معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کیمطابق ورلڈکپ میں شائقین کرکٹ کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی ترجمان نے صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو یقین دہانی کروائی ہے کہ معاملے کو جلد از جلد کرنے کی کوشش کررہے ہیں جلد نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے آئی سی سی سے ورلڈکپ کی ویزا پالیسی پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شائقین اور صحافیوں کے ویزا کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

آئی سی سی کا ورلڈ کپ میں امپائرز اور ریفریز کی تقرری کا اعلان



دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ میں امپائرز اور ریفریز کی تقرری کا اعلان کر دیا۔پاکستان اور نیدر لینڈز کے میچ میں جیف کرو میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، 6 اکتوبر کو کرس براؤن اور ایڈرین ہولڈ اسٹاک فیلڈ امپائر اور راڈنی ٹکر ٹی وی امپائر ہوں گے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں اینڈریو پائیکرافٹ میچ ریفری، کرس گفانے اور ایلکس وارف فیلڈ امپائر ہوں گے۔

پاک بھارت میچ میں بھی اینڈریو پائیکرافٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے جبکہ رچرڈ النگ ورتھ اور مارس اراسمس فیلڈ اور رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی امپائر ہوں گے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا گروپ میچ میں رچی رچرڈسن ریفری، رچرڈ النگ ورتھ اور کرس براؤن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ رچی رچرڈسن پاکستان اور افغانستان میچ میں بھی ریفری ہوں گے۔پال رائفل، راڈنی ٹکر اور کرس گفانے پاکستان اور افغانستان میچ کے آفیشلز کی ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ میں رچرڈسن کے ساتھ پال رائفل، ایلکس وارف اور النگورتھ آفیشلز میں شامل ہیں جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کے میچ میں نتن مینن اور رچرڈ کیٹلبرو فیلڈ امپائر، اینڈریو پائیکرافٹ ریفری ہوں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بتایا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ آفیشلز ٹیم میں رچی رچرڈسن، پال ولسن، کیٹلبرو اور رچرڈ النگ ورتھ شامل ہیں، پاکستان اور انگلینڈ کے میچ میں بھارت کے جواگل سری ناتھ میچ ریفری جبکہ پال ولسن اور راڈنی ٹکر میچ ریفری ہوں گے۔پاکستان کے احسن رضا ورلڈ کپ کے 12 میچز میں میچ آفیشلز کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔