کراچی(این این آئی)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے جناح ایئرپورٹ پر بجلی کے بریک ڈائون سے کوئی بھی پرواز کسی خطرہ سے دوچار نہیں ہوئی۔
اپنے وضاحتی بیان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن کی پرواز کو تیز ہوا کی وجہ سے گرائونڈ کرایا گیا۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق نجی ایئرلائن کی پرواز نے رات 11 بج کر 45 منٹ پر بحفاظت لینڈ کیا۔
سی اے اے گرڈ اسٹیشن سے رات 11 بج کر 19 منٹ پر بجلی بند ہوئی جسے رات 11 بجکر 56 منٹ پر بحال کردیا گیا تھا۔علاوہ ازیں کراچی ایئرپورٹ پر بجلی کی فراہمی بند ہونے سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔
مسافروں کی بورڈنگ، چیکنگ ان اور امیگریشن کا سلسلہ رک گیا۔جناح ٹرمینل کے اسٹینڈ بائی جنریٹر سسٹم بھی خراب پائے گئے جس کی وجہ سے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں بجلی بحال کر دی گئی