Tag Archives: latif khosa

ملک بے آئین چل رہا ہے،لطیف کھوسہ



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ آئین پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

ملک بے آئین چل رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کی ضمانت سے متعلق ان کے وکیل، لطیف کھوسہ نے کہا کہ اگر چالان پیش کر دیا جاتا تو آج چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت ہو جاتی۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے آج کیس کا چالان جمع نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ڈٹے ہوئے ہیں، تحریری حکم نامہ کے بعد اڈیالہ منتقل کیا جائے گا، انہیں ایک دن بھی جیل میں رکھنا قوم کی توہین ہے، آج چیئرمین تحریکِ انصاف کو بری کر دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی راجہ بازار میں صفحہ لہرایا تھا کہ امریکا نے انہیں دھمکی دی تھی، بھٹو نے بھی ہنری کسنجر کی دھمکی سے قوم کو آگاہ کیا تھا۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ سائفر کا ترجمہ نیشنل سیکیورٹی میٹنگ میں سب کے پاس تھا۔

کابینہ ممبران کو سائفر کی کاپی بھی دی جاتی ہے، عدالتیں احکامات دیتی ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کی کتنی بار ضمانتیں ہوئیں لیکن وہ تاحال گرفتار ہیں۔