Tag Archives: loan

بیرون ملک سے حاصل قرضوں اور گرانٹس کی ماہانہ رپورٹ جاری



کراچی(این این آئی)اقتصادی امور ڈویژن نے بیرون ملک سے حاصل قرضوں اور گرانٹس کی ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بیرونی مالی معاونت میں 1 ارب 29 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا ہے۔

جولائی سے ستمبر پاکستان کو بیرون ملک سے 3 ارب 52 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کے فنڈز حاصل ہوئے۔رپورٹ کے مطابق اس میں 3 ارب 49 کروڑ ڈالر قرض،3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر گرانٹس شامل ہیں،گزشتہ مالی سال اسی مدت میں بیرون ملک سے 2 ارب 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت ملی تھی۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پہلی سہ ماہی میں بجٹ سپورٹ اور منصوبوں کیلئے 2 ارب 65 کروڑ ڈالر ملے،87 کروڑ 40 لاکھ ڈالر پراجیکٹ ایڈ کی مد میں حاصل ہوئے۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو ٹائم ڈیپازٹس کی مد میں 2 ارب ڈالر کا قرض دیا۔

چین کی نیشنل ایرو ٹیکنالوجی کارپوریشن نے پاک فضائیہ کیلئے 50 کروڑ ڈالر فراہم کیے،مختلف عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 49 کروڑ ڈالر کا قرض دیا، جبکہ مختلف ملکوں کی جانب سے 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 20 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی،ستمبر 2023 میں پاکستان کو 32 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی بیرونی مالی معاونت ملی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پہلی سہ ماہی میں آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی پہلی قسط اس کے علاوہ ہے،پاکستان کو موجودہ مالی سال بیرونی مالی معاونت کی مد میں 17 ارب 38 کروڑ ڈالر سے زیادہ ملنے کا امکان ہے۔