Tag Archives: mastoong blast

مستونگ خودکش دھماکے میں ملوث ہونے اور سہولت کاری کے شبہ میں 8 افراد گرفتار



مستونگ (این این آئی)مستونگ خودکش دھماکے میں ملوث ہونے اور سہولت کاری کے شبہ میں 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ذرائع کے مطابق مستونگ دھماکے میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں 8 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔

حراست میں لیے گئے افراد کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں تیز کر دی گئیں ۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے تاحال ڈیٹا موصول نہیں ہوا ہے۔

حملہ آور کی شناخت کے لیے دیگر ذرائع بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ڈی این اے اور فرانزک کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مستونگ خودکش دھماکے کی تحقیقات اور نتائج میں کچھ وقت لگے گا۔سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ مستونگ خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مختلف آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

کوئٹہ،سانحہ مستونگ کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال،تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند



کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں سانحہ مستونگ کے خلاف اتحادِ اہلِ سنت بلوچستان کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے جس کے باعث وادی میں تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں۔

مختلف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے بھی اتحادِ اہلِ سنت بلوچستان کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہو گئی ہے۔مستونگ میں دہشت گرد نے عیدِ میلادالنبی ۖکے جلوس میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

مستونگ دھماکہ، سعودیہ، کویت، مصر اور امریکہ کا پاکستان سے اظہار یکجہتی



قاہرہ/واشنگٹن/ریاض(این این آئی)سعودی عرب، مصر، کویت اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہری بلاخوف وخطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

سعودی عرب نے دہشت گرد حملوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کویت کی وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ کویت بے گناہ لوگوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔

مصر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں پاکستان میں عیدمیلاالنبیۖ کے موقع پر دہشت گرد حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔