Tag Archives: nawaz sharif

نواز شریف معاشی بحران حل کر لیں گے، 30 فیصد پاکستانیوں کی رائے



30فیصد پاکستانیوں نے ملکی معاشی بحران کے حل کیلئے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے امیدیں باندھ لیں۔

22 فیصد نے پاکستان تحریک انصاف کےچیئرمین کو واحد امید کہا۔

تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے اسنیپ پول جاری کر دیا جس میں 30 فیصد مایوس نظر آئے اور کہا کہ معاشی بحران کوئی حل نہیں کر سکتا۔

سنیپ پول کے مطابق نواز شریف کی مینار پاکستان پر تقریر بھی 34 فیصد پاکستانیوں نے سنی، 80 فیصد نے تقریر کی تعریف کی، 50 فیصد پاکستانیوں نے نواز شریف کی وطن واپسی کو ملکی مستقبل کیلیے بہتر قرار دیا۔

51فیصد نے ن لیگ کیلئے آئندہ عام انتخابات میں جیتنے میں بھی مددگار ثابت ہونے کا کہا، 70 فیصد مفاہمت کے بھی حامی نظر آئے۔

ملکی ترقی کے لیے نواز شریف کو چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی رہنمائوں کے ساتھ مل کرکام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

نوازشریف کی واپسی سے غریب کی امید زندہ


Featured Video Play Icon

نواز شریف کے استقبال کیلئے آنے والے لیگی کارکن کا ٹرین میں انتقال ہوگیا



مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کے لئے ٹرین قافلے میں شریک ایک لیگی کارکن اچانک انتقال کر گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ساٹھ سالہ لیگی کارکن کی شناخت کرامت کے نام سے ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے بتایا کہ کارکن کی محراب پور جنکشن کے قریب اچانک طبیعت خراب ہوئی جس سے وہ انتقال کر گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی کارکن کرامت شہباز گوٹھ سپر ہائی وے کراچی کا رہنے والا تھا جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے کراچی بھجوا دی گئی ہے۔

نوازشریف کے تاریخی استقبال کیلئے عوام سڑکوں پر


Featured Video Play Icon

نواز شریف آج وطن واپس پہنچیں گے ، لاہور میں استقبال کی تیاریاں مکمل



سابق وزیراعظم نواز شریف آج وطن واپس پہنچیں گے اس سلسلے میں مسلم لیگ نے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں،پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں اپنے قائد نواز شریف کی آمد سے قبل جمعے کی رات کو جشن منایا گیا،اقلیتوں کے گروپ نے آتش بازی کا انتظام کیا تھا جبکہ مسلم سٹوڈنٹس ۔فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے رضا کاروں نے بھی آتش بازی میں حصہ لیا،نواز شریف کی آمد کے سلسلے میں اِس جشن کو پارٹی نے ’چاند رات‘ سے منسوب کیا جس میں سابق وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی کی چیف آرگنائزر اور سینئیر نائب صدر مریم نواز، حمزہ شہباز، پارٹی کےصوبائی صدر رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس وقت مینار پاکستان گراؤنڈ میں دو سٹیج لگائے گئے ہیں۔ مینار کے چبوترے کے قریب مرکزی سٹیج ہے جہاں نواز شریف نے تقریر کرنی ہے، جبکہ دوسرا سٹیج مینار پاکستان میں داخل ہوتے ہی بائیں جانب ایم ایف ایف کی طرف سے لگایا گیا ہے۔’چاند رات‘ منانے سے قبل مریم نواز شریف اور شہباز شریف سمیت دیگر رہنما مرکزی سٹیج پر پہنچیں جہاں انہوں نے پنڈال میں موجود کارکنان کو خوش آمدید کہا۔اس کے بعد مریم نواز ڈائس سے اتر کر آگے کھڑی ہو گئیں اور گلگت بلتستان، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سمیت دیگر علاقوں سے آئے ہوئے کارکنان سے خطاب کیا۔ اس دوران اقلیتی گروپ نے آتش بازی کی جس کے بعد آسمان پر روشنیاں پھیل گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز  دبئی میں نواز شریف کی اسحاق ڈار کے بیٹوں کے گھر پر دبئی حکومت کی اعلیٰ شخصیت سے ملاقات ہوئی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ نواز شریف سے  جمعہ کے روز مختلف وفود کی بھی ملاقاتیں  ہوئیں جن کی بدولت 20 اکتوبر کا دن  دبئی میں ان کا مصروف ترین رہا،سابق وزیراعظم نے دن بھر کی ملاقاتوں کے حوالے سے اپنے بھائی شہبازشریف کو بھی آگاہ کیا ہے ،دونوں بھائیوں کے درمیان مشاورت سے وطن واپسی کے تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں نواز شریف کے ساتھ پاکستان جانے والے لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ گئی ہے۔ نواز شریف کی پاکستان روانگی کا وقت فائنل ہوگیا ہے جس کے مطابق سابق وزیراعظم کی پرواز دبئی کے مقامی وقت کے مطابق 9 بجے روانہ ہوگی۔سول ایوی ایشن نے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے خصوصی چارٹر فلائٹ کا شیڈول جاری کردیا ہے۔نواز شریف کاخصوصی طیارہ دوپہر ساڑھے 12بجے اسلام آباد ائرپورٹ پر لینڈ کرے گا ۔خصوصی پروازسہ پہر ڈھائی بجے اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی ۔ نواز شریف کو لانے والی اس خصوصی پرواز میں 150افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔

دوسری جانب پاکستان میں ن لیگ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد لاہور پہنچ رہی ہے، مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے بھی لاہور میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں قانونی ٹیم اسلام آباد میں اپنی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔

نواز شریف کا لینڈنگ پلان تبدیل، حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر



اسلام آباد(ادراک نیوز)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا لینڈنگ پلان تبدیل کردیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اب لاہور کی بجائے پہلے اسلام آباد لینڈ کریں گے۔نواز شریف کا چارٹرڈ طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر رکے گا۔نواز شریف اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ضمانت کے لئیے متعلقہ عدالت جائیں گے۔ضمانت کے بعد نواز شریف شام 4 بجے اس طیارے سے لاہور کے لئیے روانہ ہوں گے۔

 سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی ہے ،حفاظتی ضمانت کی درخواستیں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں دائر کی گئی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سرنڈر کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے ،کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں عدالت تک پہنچنے کے لیے گرفتاری سے روکا جائے ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی دونوں درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کوئی اعتراض عائد نہیں کیا اور  3333/2023 اور 3334/2023 نمبر الاٹ کردیا ۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کررہا ہے۔

درخواست کے متن میں نوازشریف کی جانب سے  کہا گیا ہے کہ غیر جمہوری قوتوں نے ماضی میں مجھے اور میرے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے کلونئل طرز پر قانون ہمارے خلاف بطور ہتھیار استعمال ہوا۔آمر کے دور اور سیاسی مخالفین کی حکومتوں کے دور میں مجھے اور میری فیملی کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔

وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ جب کوئی عدالت کے سامنے سرینڈر کرنا چاہتا ہے تو عدالت اسے موقع فراہم کرتی ہے، ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے کہ اشتہاری ملزمان کو سرینڈر کرنے کے لیے حفاظتی ضمانت دی گئی۔امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ نواز شریف نے ضمانت کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا ، جب سزا سنائی گئی تب نواز شریف بیرون ملک تھے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ میں اس کیس کا پراسیکیوٹر ہوں، میں نے انکے دلائل سنے ہیں اگر کوئی ملزم آنا چاہتا ہے تو ہمیں اعتراض نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کے بیان پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ آپ کو حفاظتی ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں، کل کو آپ کہیں گے کہ فیصلہ ہی کالعدم قرار دے دیں ، پھر آپ چیئرمین نیب سے پوچھ لیں کہ آج ہی اپیل بھی decide کر دیتے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ جب اپیل فکس ہو گی تو اس وقت ہدایات لے کر دلائل دیں گے۔

ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کرلیا۔

قبل ازیں نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ سرنڈر کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے ، کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں عدالت تک پہنچنے کے لیے گرفتاری سے روکا جائے۔

نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو اسپیشل فلائٹ سے اسلام آباد پہنچیں گے، عدالت تک پہنچنے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

عطاءاللہ تارڑ نے بطور مختار خاص (اسپیشل اٹارنی) درخواست ضمانت دائر کی۔

علاوہ ازیں توشہ خانہ کیس میں بھی نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی جس میں دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف عدالت کے روبرو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، ان کے دائمی وارنٹ 24 اکتوبر تک کیلئے معطل کئے جائیں ، انہیں عدالت میں پیش ہوکر دستیاب سہولت سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے۔

نواز شریف نے برطانیہ میں اپنا قیام مزید بڑھا دیا



لندن(آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف نے برطانیہ میں اپنا قیام مزید بڑھا دیا ہے۔

ن  لیگ کی جانب سے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں19 اکتوبر کو درخواست دائر کی جائیگی۔

لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف 9اکتوبر کو لندن سے سعودی عرب روانہ ہونگے۔ بعد ازاں 14 اکتوبر کو امارات اور 21اکتوبر کو نجی فلائٹ سے شام 6بجے لاہور پہنچیں گے۔

ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا تھا، نواز شریف



لندن (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا تھا۔

عوام ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں گے، پاکستان کی عوام ملک کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے چیف کوآرڈینیٹرواور سینئر نائب صدر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں برطانیہ و یورپ کے وفد نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور زیر غور آئے ۔

سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے بیرسٹر امجد ملک اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ختم کیا گیا تھا، عوام ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی عوام ملک کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر عرفان صدیقی، صدر مسلم لیگ (ن )ہالینڈ چوہدری پرویز سندھیلا ، صدر مسلم لیگ (ن )سپین راجہ اسد حسین اور انکے سیکرٹری جنرل میاں عمران ساجد کے علاہ تاجر برادری مسلم لیگ (ن )کے چوہدری خالد محمود ہنجرا بھی شریک تھے۔بیرسٹر امجد ملک نے وفد میں شامل افراد کا تعارف کروایا اور انکی پارٹی کیلئے کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز آپکی وطن واپسی کے لیے بے چین ہیں کیونکہ ملک کو اس وقت آپکی اشد ضرورت ہے ملک پاکستان کو معاشی بدحالی ،مہنگائی و بے روزگاری سے نکالنے اور ملکی صنعت و انڈسٹریز کو پھر سے چلانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

ہر شعبہ ہائے جات کا فرد آپکی آمد کے انتظار میں ہے ۔وفد کے شرکا صدر مسلم لیگ (ن )اسپین راجہ اسد حسین ،صدر مسلم لیگ (ن) ہالینڈ چوہدری پرویز سندھیلہ ،سیکرٹری جنرل اسپین میاں عمران ساجد اور تاجر برادری برطانیہ کے سنیئر رہنما چوہدری خالد محمود نے مشترکہ طور پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو وطن واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

نواز شریف کو ابھی بھی دل کے عارضے کی شکایات ہیں،میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع



لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی گئی۔

وکیل امجد پرویز نے رجسٹرار آفس میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی۔

برطانوی معالج کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ابھی بھی دل کے عارضے کی شکایات ہیں، انہیں شوگر اور دیگر امراض کی وجہ سے پاکستان اور لندن میں مسلسل فالو اپ کی ضرورت ہے، نواز شریف کی ماضی میں ہونے والی بائی پاس سرجری اور انجیو پلاسٹی کی وجہ سے مسلسل چیک اپ ہوتا رہا۔

سابق وزیراعظم کے معالج نے رپورٹ میں لکھا کہ ہم نے نواز شریف کی پہلے اینٹی اینجنل تھراپی کی بہتری کے لئے علاج کیا۔

قائد مسلم لیگ (ن) کو انجائنا کی علامات اور کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان جانے سے روک دیا تھا، جب نواز شریف میں مرض کی علامات بڑھ گئیں تو ہم نے ان کی انجیو پلاسٹی دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی انجیو پلاسٹی نومبر 2022ء میں کی گئی، اس دوران نواز شریف کو سٹنٹ بھی ڈالے گئے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ کے رائل برومپٹن ہسپتال نے جاری کی ، رپورٹ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ پروفیسر کارلو ڈی ماریو کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا



لاہور ( این این آئی) قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کی ٹکٹ بک کروا لی گئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف 21اکتوبر کو لندن سے ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کریں گے، اسی روز قائد (ن) لیگ ابو ظہبی سے لاہور کے لئے روانہ ہوں گے۔

سابق وزیراعظم کی نجی پرواز 243 ی ایڈوانس بکنگ کروا لی گئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نجی پرواز ای وائی 243علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شام 4بجکر 25منٹ پر لینڈ کرے گی، میاں نواز شریف کی بکنگ نجی پرواز کی بزنس کلاس میں کروائی گئی ہے۔

وطن واپسی پر نواز شریف کے ہمراہ ان کا سٹاف اور ذاتی مشیران بھی ہوں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کے ہمراہ محمد وقار، ڈاکٹر عدنان، میاں ناصر جنجوعہ ہوں گے، سینیٹر عرفان صدیقی بھی سابق وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

ابو ظہبی سے اسی پرواز میں متعدد لیگی رہنمائوں اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے بھی سیٹیں بک کروالی ہیں۔

“امید سے یقین تک، رہے پاک سر زمین تک”مسلم لیگ ن کا نیا بیانیہ سامنے آ گیا



سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کا پلان سامنے آ گیا ہے۔ نواز شریف لندن سے پہلےدبئی پہنچیں گے جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعے’’امید سے یقین تک، رہے پاک سر زمین تک‘‘ کا نیا خوش کن بیانیہ لے کر لاہور اتریں گے۔

نواز شریف کی پوری استقبالیہ تقریب اور بعد ازاں انتخابی مہم اسی ستون پر استوار کی جائے گی۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کے لئے ماحول کواس حد تک سازگار بنایا جائے گا کہ اس میں کسی حریف کے خلاف مذمت کے لفظوں کی بجائے خدمت کو شعار بنانے کا اعلان کیا جائے گا۔

ملک کو پانچ سال قبل وزیراعظم نواز شریف کے دور کی آسودگی واپس لانے کا عہدکیا جائے گا

صورت حال کے تفصیلی اور تنقیدی جائزے کے بعد نواز شریف اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے سامنے سنگل پوائنٹ ایجنڈا مہنگائی کو ختم کرنا ہے

پاکستان مسلم لیگ نون نے انتخابات میں کامیابی کیلئے مثبت انداز گفتگو کی سیاسی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے عوام میں خوشگوار احساس پیدا کیا جائے گا۔

اکیس اکتوبر کی شب نواز شریف آئندہ پانچ سال کے لئے اپنی جماعت کی طرف سے دستورالعمل کا اعلان کریں گے پوری انتخابی مہم اسی منشور پر آگے بڑھائی جائے گی۔