Tag Archives: threat

بھارتی وزیراعظم کو قتل اور احمد آباد سٹیڈیم میں بم دھماکے کی دھمکی



نئی دہلی(این این آئی)بھارتی پولیس کو وزیراعظم نریندر مودی اور احمد آباد کے ”نریندر مودی اسٹیڈیم” کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈکپ میں 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی تاہم اس سے پہلے ہی بھارتی پولیس کو اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا کہ ایک دہشتگرد گروپ کی طرف سے کی گئی ای میل میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور احمد آباد میں ”نریندر مودی سٹیڈیم” کو اڑانے کی دھمکی دی گئی۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے ای میل میں 5سو کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای میل میں کہا گیا ہے کہ نریندرا مودی اسٹیڈیم پر حملے کے لیے بندے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نریندرا مودی کو بھی اڑائیں گے۔دہشتگرد گروپ کی جانب سے کی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں سب کچھ بکتا ہے اور ہم نے بھی کچھ خریدا ہے۔

آپ جتنی مرضی سکیورٹی میں رہیں ہم سے بچ نہیں سکتے۔ پولیس کا کہنا ہے جس آئی ڈی سے ای میل کی گئی اسے ٹریس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پولیس نے مزید کہا کہ ایسے لگتا ہے کہ ای میل یورپ سے آئی ہے۔

کراچی، تاجر کو گولیوں کے ساتھ دھمکی آمیز خط موصول



کراچی(این این آئی)کراچی میں تاجر اور اہلخانہ کو جان سے مارنے کا دھمکی آمیز خط ملا ہے، خط میں ملزمان نے 3 گولیاں اور تاجر کے 2 بچوں کی تصاویر بھی بھیجی ہیں۔

نارتھ ناظم آباد بلاک ایف کے رہائشی تاجر نوید نے بتایا کہ دو روز قبل مجھے اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی کا خط ملا ہے۔تاجر نوید کے مطابق ہیلمٹ پہنے نامعلوم شخص فلیٹ کے ریسپشن پر دھمکی آمیز خط دے کر گیا۔

نوید نے کہاکہ پولیس مجھ سے تعاون نہیں کررہی، بہت پریشان ہوں، میں اور میرے بچے گھر سے باہر نہیں نکل رہے۔تاجر نے بتایا کہ میرے ساتھ ایک شخص کا لین دین کا تنازع چل رہا ہے، میں نے لین دین کے تنازع پر مقدمات درج کرائے ہیں۔

نوید کے مطابق خط بھیجنے والے شخص نے مقدمات واپس لینے کا کہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ حیدری پولیس اسٹیشن میں درج کررہے ہیں۔

دوسری جانب تاجر کو دھمکی آمیز خط دینے والے شخص کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی ہے۔ہیلمٹ پہنے ایک شخص کو رہائشی عمارت میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزم نے استقبالیہ پر بیٹھے افراد سے بات چیت کی اور پھر استقبالیہ پر بیٹھے شخص کو لفافہ پکڑا کر باہر چلا گیا۔

بھارتی اینکرز اور تجزیہ کار کینیڈا پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے لگے



ٹورنٹو(این این آئی)کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو کی جانب سے بھارت کو ہردیپ سنگھ کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے پر بھارتی میڈیا ہوش و حواس کھو بیٹھا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی ٹی وی چینلز پر موجود اینکرز اور تجزیہ کار کینیڈا پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے پر اتر آئے۔

ٹی وی چینلرز پر بھارتی تجزیہ کاروں نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو تم کیا ہو؟ 10 بھارتی آبدوزیں جائیں گی اور کینیڈا کو نیوک کردیں گی۔

تجزیہ کار نے یہ بھی کہا کہ اب بھارتی حکومت اس محاذ آرائی کو منطقی انجام تک پہنچائے۔یاد رہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے 18جون کو قتل کردیا گیا تھا۔جس کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت کے ایجنٹ کینیڈا کی سرزمین پر ایک کینیڈین کے قتل میں ملوث ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ کا قتل ایک سنگین معاملہ ہے، سکھ رہنما کے قتل کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ہم یہی کر رہے ہیں