لاہور( این این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )میں بجلی چوروں کے خلاف 19ویں روز بھی آپریشن جاری رہا ،آپریشن کے دوران تمام سرکلزمیں359کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،358 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے178ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ14ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں زرعی 1،کمرشل20اور338ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کر کے 5لاکھ70ہزار408یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2کروڑ88لاکھ4ہزار655روپے بنتی ہے ۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ۔
آرکیڈ روڈ اچھرہ میں گھریلو صارف کو 6482یونٹس 300000روپے، ناتھہ بلڈنگ نیو شاد باغ میں گھریلو صارف کو5 500 یونٹس پر287369روپے، رسول پورہ کے علاقے میں گھریلو صارف کو 4365یونٹس پر256720روپے، اسلامیہ کالونی کے علاقے میں گھریلو صارف کو 3800یونٹس پر 256000روپے اور فیروز پور روڈ اچھرہ کے علاقے میں گھریلو صارف 4273یونٹس پر 250000 کی رقم چارج کی گئی ۔
لیسکو ریجن میں انیس روز کے آپریشن کے دوران کل8588کنکشن چیک کئے گئے،7935کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے6604درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ کل550ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔بجلی چوروں کو اب تک1کروڑ82لاکھ16ہزار296یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم 80کروڑ24لاکھ62ہزار2روپے بنتی ہے۔