لاہور( این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف 20روز بھی آپریشن جاری رہا،تمام سرکل میں 490 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جنہیں منقطع کر دیا گیا ۔
بجلی چوروں کے خلاف دی جانے والی درخواستوں میں سے238پرایف آئی آرز رجسٹرڈ کر لی گئی جبکہ 37ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔
لیسکو ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 2زرعی،کمرشل28 اور460ڈومیسٹک کنکشنز تھے۔ کنکشنز منقطع کرکے ان کو 8لاکھ 73ہزار699یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 4کروڑ10لاکھ49ہزار790روپے بنتی ہے ۔
ترجمان کے مطابق شیخوپوریاں بازار میں گھریلو صارف کو 10 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا،فیروز پور روڈ اچھرہ میں گھریلو صارف کو500000 روپے ،باغ منشی لدھا کے علاقے میں گھریلو صارف کو 350000 روپے ، راوی روڈ کے علاقے میں گھریلو صارف کو 300000 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔
آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 6840ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ کل595ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک 1کروڑ85لاکھ16ہزار296یونٹس چارج کئے گئے جن کی رقم 82کروڑ 52لا کھ72ہزار 796روپے بنتی ہے۔