نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر سب کچھ قانون کے مطابق ہو گا، حکومت اس حوالے سے وزارت قانون سے بھی رائے لے گی۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہاکہ کسی کو کوئی ڈیل کا ڈھیل نہیں دی جا رہی، سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ نگران حکومت کی کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی وابستگی نہیں، قانون کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہے، جن کیخلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے انہیں عدالتوں سے ہی ریلیف مل سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، حکومت انتخابات کے شفاف انعقاد میں اپنا بھرپور کردارا ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ نگراں حکومت معیشت پر توجہ دے رہی ہے، ڈسکوزکی نجکاری کے معاملہ پر تیزی سے کام جاری ہے، جلد نتائج سامنے آئیں گے۔ ایس آئی ایف سی معاشی بحالی کیلئے قانونی پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، افراتفری کا تاثر درست نہیں، کئی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کی دہشتگردی اب خطے سے نکل کر عالمی سطح پر پہنچ چکی ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔