اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) نگران حکومت نے نئی اسامیوں پر پابندی اور سیکورٹی گاڑیوں کی خریداری، ترقی کے لئے مختص رقوم میں کمی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ترقی میں کمی اور بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں وفاقی شیئر کی کمی کے ذریعے 1.9 ٹریلین (19کھرب) روپے کےاخراجات بچانےکا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ خزانے کا واحد اکاؤنٹ بنائے گی اور وفاقی وزارتوں اور ان سے منسلک محکموں سے کہا گیا ہےکہ وہ اپنی رقوم وفاقی حکومت کے قومی خزانے میں جمع کرائیں اور تخمینہ لگایاجارہا ہے کہ اس سے 424 ارب روپے بچائے جا سکتے ہیں۔ورلڈ بینک کے تخمینے کے مطابق 2022 کے مالی سال میں وفاقی حکومت کے جاری اخراجات میں 10 فیصد کٹوتی کے کفایتی اقدامات سے 54 ارب روپے بچائے جاسکتے ہیں۔