تیل مہنگا، امریکی ایئر لائنز ٹکٹ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان



واشنگٹن(این این آئی )تیل کی قیمت میں کمی کے تناظر میں امریکی ائیر لائنز کی ٹکٹوں کی فروخت میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی تاہم اب حالیہ ہفتوں میں تیل کی قیمتوں اور اس طرح ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ گزشتہ تین ماہ میں ٹکٹوں کی فروخت میں 20 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس صورتحال کی روشنی میں آسٹریلوی کمپنی کنٹاس نے کہا کہ وہ ہوا بازی کے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ردعمل میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔ فن لینڈ کے قومی کیریئر فن ایئر اور بارکلیز بینک کے حکام نے توقع ظاہر کی کہ دیگر بین الاقوامی کمپنیوں پر بھی یہی اصول لاگو ہوگا۔

یہ قدم اس سال تیل کی قیمتوں کی بلند ترین سطح 95 ڈالر پر ریکارڈ کیے جانے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ آئی اے ٹی اے کے مطابق 15 ستمبر کو جیٹ فیول 135 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا جب تیل کے ایک بیرل کی قیمت فی بیرل ڈالر 94 تک پہنچ گئی۔ یہ ماہانہ بنیادوں پر 9 فیصد اضافہ ہے۔ لیکن یہ اب بھی سالانہ بنیادوں پر قیمت تقریبا 2.5 فیصد کم ہے۔

یورپی ایئر لائنز کو اپنے عالمی حریفوں پر بڑا فائدہ اس طرح حاصل ہے کہ انہوں نے ایندھن کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھا کے خلاف حفاظتی اقدام کر رکھے تھے۔ ان ائیر لائنز نے پیشگی خریداری کے معاہدے کرکے نقصان کو کم سے کم کیا ہے۔

یورپی کمپنیوں کے برعکس امریکی ایئرلائنز مشکل میں ہیں کیونکہ وہ عام طور پر ہیجنگ نہیں کرتیں۔ ان خدشات نے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی مناسبت سے حالیہ ہفتوں میں ائرلائن سٹاکس میں شدید فروخت میں اضافہ کیا ہے۔

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع



اٹک(این این آئی)سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور عمیر نیازی جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم بھی سماعت میں حاضر رہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کے بعد شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں ہوئی۔

اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تھے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے عدالتی عملے نے شاہ محمود قریشی کی حاضری لگوا کر انہیں جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ کیا گیا ۔

عدالتی عملے کی جانب سے کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سماعت کی تاریخ ہی شاہ محمود قریشی کی سماعت کی بھی اگلی تاریخ ہے، دونوں افراد کے لیے 10 اکتوبر کی تاریخ اگلی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں دوبحرینی فوجی ہلاک



صنعا(این این آئی)یمن اور سعودی عرب کے درمیان سرحد پر حوثی ملیشیا کے ایک ڈرون حملے میں دو بحرینی فوجی ہلاک ہو گئے ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرینی فوج نے ایک بیان میں ان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ۔

بیان میں بتایا گیا کہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے دونوں فوجی یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرپیکارعرب اتحاد کا حصہ تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فوجی برادر ملک سعودی عرب کی جنوبی سرحدوں کے دفاع کا قومی فریضہ انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر تعینات بحرینی افواج کے خلاف مسلح ڈرون سے حملہ کیا ہے اور یہ حملہ یمن میں متحارب فریقوں کے مابین فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے باوجودہوا ہے۔

خیبر،سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد ہلاک



خیبر (این این آئی)سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن 25 اور 26 ستمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

امریکہ نے ایرانی وزیرخارجہ کی واشنگٹن آنے کی درخواست مسترد کر دی



واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ کو واشنگٹن کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان میٹ ملر نے کہا کہ فوگی باٹم نے ایران کی طرف سے امریکی شہریوں کی حراست کا حوالہ دیتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں ایرانی قونصلر دلچسپی کے سیکشن کا دورہ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

ملر کے مطابق امیر عبداللہیان گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک میں تھے اور واشنگٹن جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ امریکہ نے حکام کو اقوام متحدہ کے گھر نیویارک جانے کی اجازت دے دی۔ تاہم بعض ممالک کے اہلکاروں یا سفارت کاروں کو اکثر نیویارک کے مخصوص علاقوں میں آزادانہ طور پر گھومنے پھرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی حکام کو نیویارک کے چند محلوں کا دورہ کرنے کی اجازت دی تھی۔ملر نے کہا کہ امریکہ ایرانی حکام اور غیر ملکی حکومتوں کے دیگر اہلکاروں کو اقوام متحدہ کے کام کے لیے نیویارک جانے کی اجازت دینے کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیکن ہماری ذمہ داری نہیں ہے کہ ہم انہیں واشنگٹن ڈی سی جانے کی اجازت دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ایران کی طرف سے امریکی شہریوں کی غلط حراست کو دیکھتے ہوئے، ایران کی جانب سے دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی کے پیش نظر، ہم نہیں سمجھتے کہ اس صورت میں [امیر عبداللہ کی] درخواست کو منظور کرنا مناسب یا ضروری تھا۔

ملک بے آئین چل رہا ہے،لطیف کھوسہ



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ آئین پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

ملک بے آئین چل رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کی ضمانت سے متعلق ان کے وکیل، لطیف کھوسہ نے کہا کہ اگر چالان پیش کر دیا جاتا تو آج چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت ہو جاتی۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے آج کیس کا چالان جمع نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ڈٹے ہوئے ہیں، تحریری حکم نامہ کے بعد اڈیالہ منتقل کیا جائے گا، انہیں ایک دن بھی جیل میں رکھنا قوم کی توہین ہے، آج چیئرمین تحریکِ انصاف کو بری کر دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی راجہ بازار میں صفحہ لہرایا تھا کہ امریکا نے انہیں دھمکی دی تھی، بھٹو نے بھی ہنری کسنجر کی دھمکی سے قوم کو آگاہ کیا تھا۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ سائفر کا ترجمہ نیشنل سیکیورٹی میٹنگ میں سب کے پاس تھا۔

کابینہ ممبران کو سائفر کی کاپی بھی دی جاتی ہے، عدالتیں احکامات دیتی ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کی کتنی بار ضمانتیں ہوئیں لیکن وہ تاحال گرفتار ہیں۔

بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، وزیر داخلہ کی وضاحت



اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر بیان کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا۔

، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں، پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔

رانا ثنا اللہ خاں نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ”حد سے تجاوز”قرار دے دیا



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ”حد سے تجاوز”قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں ۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک کے ساتھ اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی ،نواز شریف پر اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نیچے عوام کی فورس ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں ۔

سابق وزیر نے کہاکہ نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں،نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پہ توجہ دیں ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ وفاق کا فیصلہ نہیں ہوگا یہ عوام کا فیصلہ ہو گا ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے

مسلمان مخالف بیانیہ کے زور پر بھارت میں الیکشن لڑنے کے رجحان میں اضافہ



نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں 2023 کے پہلے چھ ماہ کے دوران مسلمانوں کے خلاف اوسطا ایک دن میں ایک سے زیادہ مرتبہ نفرت انگیز تقاریر کے واقعات پیش آئے اور یہ واقعات ان ریاستوں میں زیادہ دیکھے گئے جہاں انتخابات ہونے والے تھے۔

غیرملکی خبررساں ادارے نے اقلیتوں پر حملوں کی نگرانی کرنے والے گروپ ہندوتوا واچ کی رپورٹ کے حوالے سے اپنے تازہ مراسلے میں بتایا کہ 2023 کی پہلی ششماہی میں مختلف اجتماعات میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے 255 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ اس سلسلے میں پچھلے سالوں کا کوئی تقابلی ڈیٹا موجود نہیں ہے۔ہندوتوا واچ نے نفرت انگیز تقریر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی تعریف کو استعمال کیا۔

جس میں کہا گیا ہے کہ ابلاغ کی کوئی بھی ایسی شکل، جس میں مذہب، نسل، قومیت، رنگ، جنس یا دیگر شناختی عوامل کی بنیاد پر کسی فرد یا گروہ کے لیے متعصبانہ یا امتیازی زبان استعمال کی جائے۔رپورٹ کے مطابق تقریبا 70 فیصد واقعات ان ریاستوں میں ہوئے جہاں 2023 اور 2024 میں انتخابات ہونے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ انڈین ریاستوں مہاراشٹر، کرناٹک، مدھیہ پردیش، راجستھان، اور گجرات میں نفرت انگیز تقاریر کے اجتماعات کی سب سے زیادہ تعداد دیکھنے میں آئی اور صرف مہاراشٹر میں ایسے 29 واقعات ہوئے۔

ان واقعات میں سے تقریبا 80 فیصد وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر انتظام علاقوں میں رونما ہوئے، جس کا 2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کا امکان ہے۔ہندوتوا واچ نے کہا کہ رپورٹ کے سلسلے میں اس نے ہندو قوم پرست گروپوں کی آن لائن سرگرمیوں کا سراغ لگایا، سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی نفرت انگیز تقاریر کی تصدیق شدہ ویڈیوز دیکھیں اور میڈیا میں رپورٹ کیے گئے واقعات کا ڈیٹا مرتب کیا۔

دوسری جانب نریندر مودی کی حکومت اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی کی ان رپورٹس کا انکار کرتی آئی ہے اور واشنگٹن میں واقع انڈین سفارت خانے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں نے الزام لگایا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا، جنہوں نے 2014 میں انڈیا کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

نریندر مودی کی ہی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو اپنے زیر انتظام کشمیر کو آرٹیکل 370 کے تحت حاصل خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کردی تھی۔انڈین آئین کی اس شق کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت کا درجہ حاصل تھا، جس کے تحت ریاست دفاع، امورِ خارجہ، مالیات اور مواصلات کے علاوہ باقی تمام امور میں خود مختار تھی اور انڈین آئین کے دیگر حصوں کا نفاذ ریاستی اسمبلی کے اتفاق ہی سے ممکن تھا۔

اسی طرح اس قانون کے تحت ریاست کے شہریوں کو انڈیا کے دیگر شہریوں سے مختلف حقوق حاصل تھے، جس کی وجہ سے اس آرٹیکل کے تحت ریاست کے شہریوں کے علاوہ کوئی اور شخص یہاں غیر منقولہ جائیداد نہیں خرید سکتا تھا، یہاں نوکری نہیں کر سکتا اور نہ کشمیر میں آزادانہ طور پر سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔دوسری جانب کرناٹک میں بی جے پی کے دورِ حکومت میں انڈیا میں غیر قانونی تعمیرات کے نام پر مسلمانوں کی جائیدادوں کو مسمار کرنے اور کلاس رومز میں حجاب پہننے پر پابندی بھی لگائی گئی۔

سرفراز بگٹی صاحب جتنا سیاسی قد ہے اتنی بات کریں ،مریم اور نگزیب



اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی رہنما اور سابق وزیر مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ سرفراز بگٹی صاحب جتنا سیاسی قد ہے اتنی بات کریں ۔

نواز شریف نے ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نہ آپ کا مسئلہ ہے اور نہ آپ کا فیصلہ ،اپنی فورس اور تیاری عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کے لئے استعمال کریں ۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ کو جواب دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ قائد نواز شریف نے 21اکتوبر کو ایئرپورٹ سے کہاں جانا ہے؟

یہ نواز شریف اور عوام کا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اس ملک کے تین دفعہ کا منتخب وزیراعظم ہیں جس پہ جھوٹے کیس بنا کر بے بنیاد الزام لگا کر ناحق سزا دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف سے انتقام اور دشمنی لیتے لیتے ملک کا ہر شعبہ برباد کر دیا، عوام کو بھوکا اور بے روزگار کر دیا گیاجس کرسی پہ تھوڑی مدت کے لئے بیٹھے ہیں اسے ”تاحیات”نہ سمجھنے کی غلط فہمی سے باہر آجائیں۔

نواز شریف کی نہیں ملک کی فکر کریں۔انہوں نے کہاکہ 2017سے لے کر اب تک اِس طرح کے جھوٹے پروپیگنڈے اور سازش سے عوام کے ساتھ بہت ناانصافی ہو گئی، اب بس !۔

صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کی 4 خواتین رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار



لاہور ( این این آئی) لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید سمیت 4 خواتین کو جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی کے واقعات میں درج دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کے وکلا کو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

پولیس کے مطابق صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کی چاروں خواتین رہنمائوں کو جناح ہائوس پرحملے کے دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔صنم جاوید کے ساتھ دوبارہ گرفتا ر ہونے والوں میں افشاں طارق، آشمہ شجاع اور شاہ نور شامل ہیں، چاروں خواتین کو جناح ہائوس حملہ کیس میں ضمانت پر کوٹ لکھپت جیل سے رہائی ملی تھی۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی 9مئی کے واقعات پر دو مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی ۔

ملزمان پر گلبرگ میں پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کا الزام ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید نے جیل سے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی جانب سے رانا مدثر ایڈووکیٹ پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا شاہدرہ فلائی اوور اگلے ماہ ہر صورت مکمل کرنے کا حکم



لاہور ( این این آئی) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کو ہر صورت اگلے ماہ کے وسط میں مکمل ہونا چاہیے۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی جانب سے شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ سے متعلق اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کا تقریبا 88 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

نگران وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ شاہدرہ فلائی اوور سے شہر کے اہم داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا، شاہدرہ چوک فلائی اوور سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔