بالی ووڈ سے اب بھی فلموں کی پیشکش ہوتی ہے’سعود



لاہور( این این آئی)نامور اداکار اور پروڈیوسر سعود نے دعوی کیا ہے کہ مجھے بھارتی فلم انڈسٹری سے اب بھی فلموں کی پیشکش ہوتی ہے،میرا فلمیں کرنے کا ارادہ ہے اور میں ایسی فلمیں کر سکتا ہوں جیسی دوسرے تمام اداکار کر رہے ہیں۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ بڑی حیرانگی کی بات ہے کہ مجھے پڑوسی ملک سے تین فلموں کی پیشکش آئیں بلکہ جس کردار کے لئے مجھے پیشکش دی گئی اسی کردار کے لئے علی خان سے بھی رابطہ کیا گیا اور یہ پیشکش بھی بالی ووڈ کے ایک ہدایتکار کی جانب سے آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی حال ہی میں میں نے اور علی خان نے ایک فلم شوٹ کی ہے جس کا نام ہم سب ہے ، بہت اچھی فلم ہے اور جلد ہی ریلیز ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مجھے بھارت سے کئی بار پیشکش آئی ہیںلیکن پاکستان سے کوئی پیشکش نہیں آئی ۔

اب میں مکمل طور پر فٹ اور تیار ہوں، سلمان علی آغا



لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ اب میں مکمل طور پر فٹ اور تیار ہوں۔آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مڈل اوورز بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، یہ بیٹنگ اور بولنگ کے حوالے سے اہم ہوتے ہیں۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ اب میں مکمل طور پر فٹ اور تیار ہوں، مورال اچھا ہے، ورلڈ کپ کے لیے متحرک ہیں، ایشیا کپ میں ہم اچھا نہیں کر سکے تاہم یہ اب ماضی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا میں ا چھا کھیلیں گے اور کوشش ہو گی ٹرافی لے کر آئیں، ایشیا کپ کی پرفارمنس مایوس کن ہے، ویسی پرفارمنس نہیں ہوئی جیسی ہم چاہتے تھے، مینجمنٹ ہمیں بیک کر رہی ہیں، ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ ورلڈ کپ کھیلنا میرا خواب تھا جو اب پورا ہو رہا ہے، انڈیا ایسی جگہ ہے جہاں کھیلنے کا دباؤ ہوتا ہے، اس دباؤ کو کنٹرول کریں گے۔آل راؤنڈر کے مطابق ماہر نفسیات بہت مددگار ثابت ہو رہے ہیں، بڑے ایونٹس سے پہلے ان کے ساتھ سیشن اچھے ہوتے ہیں۔

فلم انڈسٹری کے عروج میں ہی شوبز کو خیر باد کہہ دیا تھا’نشو بیگم



لاہور( این این آئی)سینئر اداکارہ نشو بیگم نے کہا ہے کہ میں نے فلم انڈسٹری کے عروج میں ہی شوبز کو خیر باد کہہ دیا تھا، آج بھی جب کبھی شوبز انڈسٹری کی رونقیں یاد آتی ہیں تو عجیب سی خوشی محسوس ہوتی ہے ۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں اسٹوڈیوز میں بیک وقت چار ، چار فلموں کی شوٹنگ ہوا کرتی تھی اور تمام اداکار فلموں کے سیٹ پر موجود ہوتے تھے،اس وقت گھر کی طرح ماحول ہوتا تھا سب ایک دوسرے کا خیال رکھتے تھے ،ایک دوسرے کو بڑی عزت دی جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑے باکمال ر ائٹرز اور منجھے ہوئے ہدایتکار تھے اور انہی کی وجہ سے فلم انڈسٹری عروج پر گئی ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے وقت کے تمام ہیروز کے ساتھ کام کیا ہے ، میں نے فلم انڈسٹری کو عروج کے دور میں خیر باد کہا حالانکہ اس وقت لوگ انڈسٹری سے جڑے رہنے کیلئے بے پنا ہ کاوشیں کرتے ہیں۔

2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست پر سب بلک بلک کر روئے تھے،حسن علی



لاہور (این این آئی)قومی کرکٹر حسن علی نے کہا ہے کہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد سارے کھلاڑی ڈریسنگ روم پہنچ کر بلک بلک کر روئے تھے۔

ایک انٹرویومیں حسن علی نے کہاکہ اس وقت وہاں جو بھی ہوتا وہ رو پڑتا کیوں کہ اس وقت ڈریسنگ روم میں موجود ہر شخص رو رہا تھا، ہم ٹورنامنٹ میں اپنا بیسٹ دے رہے تھے اور جیت کیلئے متحد تھے لیکن پھر اچانک سے صورتحال بدل گئی3 چھکے پڑگئے اس واقعے کے بعد ہم میں سے کچھ کھلاڑیوں نے تو گراؤنڈ میں ہی رونا شروع کردیا تھا۔

فاسٹ بولر نے بتایا کہ شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں سب کھلاڑیوں نے کونوں میں بیٹھ کر رونا شروع کردیا، سینئرز پلیئر زجونیئرز کو چپ کروارہے تھے اس وقت ہم بلک بلک کر روئے تھیکیوں کہ کرکٹ جاب سے زیادہ عشق ہے اور عشق کے بغیر یہاں کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بابر کو ٹیم میں بھی کنگ کہتے ہیں، ٹیم کے سارے کھلاڑی کسی بھی مسئلے پر کنگ کو ہی یاد کرتے ہیں، وہ کنگ ہے جس پر ہمیں فخر ہے ، ہم بابر کو own کرتے ہیں۔یاد رہے کہ نومبر 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں میتھیو ویڈ نے میچ کا غالباً سب سے اہم لمحہ 19 ویں اوور کو بنایا جب شاہین ا?فریدی، جنہوں نے اس وقت تک تین اوور میں صرف 13 رنز دئیے تھے، ان کے اوور کی تیسری گیند پر میتھیو ویڈ نے اونچا شاٹ کھیلا جو مڈ وکٹ پر حسن علی کی طرف گیا۔

پاکستان نے اس وقت تک ورلڈکپ میں صرف ایک کیچ چھوڑا تھا اور پورے ٹورنامنٹ میں ان کی فیلڈنگ کا معیار بہت عمدہ رہا تھا لیکن اس کڑے وقت میں حسن علی اپنے اعصاب پر قابو نہ رکھ سکے تھیاور پریشانی میں ہاتھوں میں آئی ہوئی گیند ان کے ہاتھ سے نکل گئی یہی میچ کا لمحہ تھا جس نے پاکستان کو ٹرافی سے محروم کردیا۔ اس فتح کے بعد آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دیکر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا جس کے بعد آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیتے ہوئے فائنل کا تاج اپنے سر سجایا تھا۔

سی پی ایل میں صائم ایوب کی ایک اور نصف سنچری، گیانا کو چیمپئن بنوا دیا



پروویڈنس (این این آئی)پاکستان کے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے کیربیئن پریمیئر لیگ کے فائنل میں نصف سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فاتح بنوا دیا۔پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ٹرمباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف 94 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ڈیوائن پریٹوریس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عمران طاہر اور گوداکیش موتی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔صائم ایوب کی گیانا وارئیرز نے مقررہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 14 اوور میں حاصل کر لیا۔

صائم ایوب نے فائنل میں 41 گیندوں پر 52 رنز بناکر گیانا ایمازون واریئرز کو فائنل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، نوجوان بیٹر نے اپنی اننگز میں پانچ چھکے اور دو چوکے لگائے جبکہ شائی ہوپ نے بھی 32 رنز بنائے۔

سی پی ایل میں صائم ایوب کی مجموعی طور پر پرفارمنس شاندار رہی، پاکستانی بیٹر نے ٹورنامنٹ کی 13 اننگز میں 478 رنز بنائے اور دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

سی پی ایل میں ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ 481 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔کیربیئن لیگ میں جمیکا کی نمائندگی کرنے والے عماد وسیم کی پرفارمنس بھی نمایاں رہی، عماد وسیم نے 10 اننگز میں 313 رنز بنائے اور 14 وکٹیں لیں۔

ورلڈکپ سیمی فائنل میں کون ہوگا نہیں پتا ،خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں، حارث رؤف



لاہور(این این آئی) ورلڈکپ 2023 کے اسکواڈ میں شامل قومی کرکٹر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کون کون ہوتا ہے اس کا علم نہیں تاہم ہم خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے، ایشین کنڈیشنز ہیں فرق نہیں پڑے گا، ہم بہترین ہیں، ہم جارح مزاج ہیں اور ہم اچھا کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

نسیم شاہ کے ورلڈکپ سے باہر ہونے پر حارث رؤف نے کہاکہ نسیم سے فرق تو پڑے گا وہ نہیں ہیں تاہم جو دوسرے بولرز ہیں وہ بھی اچھے ہیں اور متحرک ہیں، حسن علی کا کم بیک ہے امید ہے وہ اچھا کریں گے۔

بولنگ اسکلز پر بات کرتے ہوئے حارث رئوف نے کہاکہ نیاگیند کرنا یاپرانا کرنا میرے ہاتھ میں نہیں ہے، مجھے جہاں موقع ملے گا میں 100 فیصد دینے کی کوشش کروں گا، کوئی انفرادی گول نہیں، پہلے ٹیم کا سوچنا ہے بعد میں اپنا، وہاں جا کر دیکھیں گے کہ کنڈیشنز کیسی ہیں اور پھر پلان سیٹ کریں گے۔

میرے لیے ہر وکٹ اہم ہوتی ہے، اچھے کھلاڑی کو آؤٹ کرکے اعتماد ملتا ہے، ویرات کوہلی کو آؤٹ کر پایا تو تھیک ہے نہ بھی کر پایا تو پھر بھی ٹھیک ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ہمارے بولرز نے ہمیشہ پرفارم کیا ہے،ایسا نہیں ہے کہ ہمارے بولرز بڑے میچز میں اچھا نہیں کر پاتے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانیوں کو محدود ویزے جاری ہونگے،بھارتی میڈیا



نئی دہلی (این این آئی)بھارتی میڈیا نے کہاہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی فینز اور صحافیوں کو محدود ویزے جاری کیے جائیں گے اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو کتنے ویزے جاری کیے جائیں گے؟

اس ضمن میں ابھی اندازہ نہیں، وزارتِ خارجہ اور آئی سی سی کے ساتھ مل کر ویزوں کی تعداد پر کام کر رہے ہیں۔

بی سی سی آئی نے کہا کہ کچھ پاکستانی شائقین کو ورلڈ کپ کے میچز کے لیے ویزے جاری کر دیے جائیں گے۔

پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو متعدد شہروں کا ویزا جاری کیا جائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 2016ء میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرز پر اس ورلڈ کپ کے لیے بھی ویزے جاری کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ 2016ء میں بھارتی حکومت نے پاکستانی شائقین کو ایک میچ کے 250 ویزے جاری کیے تھے۔

کینیڈا کی بھارت میں اپنے شہریوں کیلئے سفری ہدایات



اوٹاوہ (این این آئی)کینیڈا نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل پر کینیڈا اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی شدیدسفارتی کشیدگی کے دوران بھارت میں اپنے شہریوں کیلئے تازہ سفری ہدایات جاری کی ہے اور انہیں بھارت میں مزید محتاط رہنے کا کہا ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ ہدایات بھارت میں احتجاجی مظاہروں اور سوشل میڈیا پر کینیڈا مخالف منفی جذبات کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی طر ف سے 18جون کو برٹش کولمبیا میں اپنے ملک کی سرزمین پر خالصتان لیڈر ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔

گلوبل نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھارت نے بھی کینیڈا میں مقیم اپنے شہریوں اور طلباء کیلئے اسی طرح کی سفری ہدایات جاری کی تھی اور گزشتہ ہفتے کے آخر میں کینیڈاکے شہریوں کیلئے ویزا سروسز معطل کردی تھی ۔

آئی سی سی کا ورلڈ کپ میں امپائرز اور ریفریز کی تقرری کا اعلان



دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ میں امپائرز اور ریفریز کی تقرری کا اعلان کر دیا۔پاکستان اور نیدر لینڈز کے میچ میں جیف کرو میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، 6 اکتوبر کو کرس براؤن اور ایڈرین ہولڈ اسٹاک فیلڈ امپائر اور راڈنی ٹکر ٹی وی امپائر ہوں گے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں اینڈریو پائیکرافٹ میچ ریفری، کرس گفانے اور ایلکس وارف فیلڈ امپائر ہوں گے۔

پاک بھارت میچ میں بھی اینڈریو پائیکرافٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے جبکہ رچرڈ النگ ورتھ اور مارس اراسمس فیلڈ اور رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی امپائر ہوں گے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا گروپ میچ میں رچی رچرڈسن ریفری، رچرڈ النگ ورتھ اور کرس براؤن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ رچی رچرڈسن پاکستان اور افغانستان میچ میں بھی ریفری ہوں گے۔پال رائفل، راڈنی ٹکر اور کرس گفانے پاکستان اور افغانستان میچ کے آفیشلز کی ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ میں رچرڈسن کے ساتھ پال رائفل، ایلکس وارف اور النگورتھ آفیشلز میں شامل ہیں جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کے میچ میں نتن مینن اور رچرڈ کیٹلبرو فیلڈ امپائر، اینڈریو پائیکرافٹ ریفری ہوں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بتایا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ آفیشلز ٹیم میں رچی رچرڈسن، پال ولسن، کیٹلبرو اور رچرڈ النگ ورتھ شامل ہیں، پاکستان اور انگلینڈ کے میچ میں بھارت کے جواگل سری ناتھ میچ ریفری جبکہ پال ولسن اور راڈنی ٹکر میچ ریفری ہوں گے۔پاکستان کے احسن رضا ورلڈ کپ کے 12 میچز میں میچ آفیشلز کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

پریانکا چوپڑا کا پرینیتی چوپڑا ،راگھو چڈھا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار



ممبئی (این این آئی) بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اداکارہ پرینیتی چوپڑا کیلئے نئی زندگی کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پریانکا چوپڑا نے انسٹا گرام پر اپنی کزن اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاست دان راگھو چڈھا کی شادی کی تقریب کی کچھ خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں۔

انہوں نے یہ تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میری طرف سے اس نوبیاہتا جوڑی کو ان کی زندگی کے خاص دن پر بہت سارا پیار اور راگھو چڈھا کو چوپڑا فیملی میں خوش آمدید۔پریانکا چوپڑا نے راگھو چڈھا سے مخاطب ہوتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ مجھے امید ہے کہ آپ ہم دیوانوں کے ساتھ دیوانے ہونے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تیشا آپ سب سے خوبصورت دلہن ہو۔پریانکا چوپڑا نے اپنی پوسٹ کے آخر میں نوبیاہتا جوڑی سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور اس خوبصورت محبت کی حفاظت کریں۔

عبداللہ کادوانی نے پرستاروں کو کمشکش میں ڈال دیا



کراچی (این این آئی) اداکار، ہدایتکار ،پروڈیوسر عبد اللہ کادوانی نے تیرے بن اور خدا اور محبت کے سیکوئلز سے بارے سوال کرنیوالے سوشل میڈیا صارفین کو کشمکش میں مبتلا کر دیا۔

انسٹا گرام پر پروڈیوسر نے اپنی سیاہ لباس میں ایک تصویر شیئر کی تاہم اس کے کیپشن نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی اور انہیں مشکل میں ڈال دیا۔

عبد اللہ کادوانی نے پوسٹ میں صارفین سے سوال کیا ہے کہ پیارے مداح اور ناظرین!براہِ مہربانی ہمیں یہ بتائیں کہ آپ لوگ پہلے کیا دیکھنا پسند کریں گے؟ خدا اور محبت سیزن 4یا تیرے بن سیزن 2؟۔انہوں نے ساتھی پروڈیوسر اسد قریشی کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ آپ کی ترجیحات اہمیت کی حامل ہیں، انشا اللہ ہم جلد ہی اس حوالے سے اعلان کریں گے۔

کینیڈا ،ہردیپ سنگھ کے قتل میں 3 نہیں 6 ملزمان ملوث تھے، امریکی میڈیاکادعویٰ



واشنگٹن (این این آئی)امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں 3 نہیں 6 ملزمان ملوث تھے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی میڈیا نے یہ دعویٰ عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو کی بنیاد پر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں ملوث ملزمان نے ایک نہیں بلکہ 2 گاڑیاں استعمال کیں اوراس کا قتل پہلے رپورٹ کیے گئے واقعہ سے کہیں زیادہ منظم تھا۔

امریکی میڈیا کا مزیدکہنا ہے کہ ہردیپ کی گاڑی کو ملزمان کی ایک گاڑی نے پارکنگ ہی میں روکا اور اچانک نمودار ہونیوالے2 نقاب پوش ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان نے 50 سے زائدگولیاں برسائیں جن میں سے 34 ہردیپ سنگھ کو لگیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے ملزمان کا پیچھا کیا، ملزمان سکھوں جیسے حلیے میں تھے اوروہ بھاگ کر ایک اور سلور رنگ کی کار میں بیٹھ گئے، جو ان کی منتظر تھی۔عینی شاہد نیمزید بتایا کہ تین ملزمان پہلے ہی اس سلور گاڑی میں موجود تھے، ایک ملزم نے اسے پیچھے آتا دیکھ کر اس پر پستول تان لی تھی۔

عینی شاہد نے مزید بتایا کینیڈین پولیس ہردیپ کے قتل کے 12 سے 20 منٹ بعد جائے وقوعہ پر پہنچی، چونکہ علاقے میں پولیس کی بڑی تعداد گشت کرتی ہے اس لیے پولیس کے دیر سے پہنچنے پر لوگ حیران تھے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکاروں کے درمیان ایک گھنٹہ اس بات پر جھگڑا رہا کہ تحقیقات کون کرے گا۔ کینیڈین پولیس نے عوام سے صرف دو ملزمان اور ایک گاڑی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔امریکی میڈیا کے مطابق تحقیقات کے دوران پولیس اہلکاروں نے سفید گاڑی اور اس میں موجود دیگر ملزمان کا تذکرہ ہی نہیں کیا.

امریکی میڈیا نے ہردیپ سنگھ نجار کے بیٹے بلراج سنگھ نجار سے بھی بات کی جس کا کہنا تھا کہ اس کے والد نے پولیس سے سیکیورٹی بڑھانے کا کہا تھا مگر کچھ نہیں کیا گیا۔سکھ گوردوارہ کونسل کے ترجمان نے انکشاف کیا کہ ہردیپ کی گاڑی میں ان کے مکینک کوایک ٹریکر لگا ہواملا تھا۔

ترجمان مومندر سنگھ کا کہنا ہے کہ حکام نے اسے بھی خبردار کیا ہے کہ ہردیپ کی طرح اس کا نام بھی ہٹ لسٹ پر ہے تاہم نہ تو مزید معلومات دی گئیں اور نہ ہی اسے یقین ہے کہ مقامی حکام کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 45 سالہ ہردیپ سنگھ نجار کو 18 جون کو سرے میں ایک گوردوارے کے باہر قتل کیا گیا تھا۔