اپنے آغاز سے ہی تنازعات کی زد میں رہنے والے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا آغاز



لاہور( این این آئی) اپنے آغاز سے ہی مبینہ کرپشن اور تنازعات کی زد میں رہنے والے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا بالآخر آغاز کردیا گیا۔ترکش کمپنی کے ساتھ مشاورت کے بعد بانٹھ موڑ سے ٹھلیاں تک پہلے حصے کی تعمیر شروع کردی گئی۔

منصوبے سے جڑواں شہروں میں ٹریفک کا دبا ئوکم اور بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت میں کمی ہوگی۔رپورٹ کے مطابق ہیوی ٹرانسپورٹ کے اڈے، سبزی، فروٹ اور غلہ منڈیاں بھی شہر سے باہر منتقل کی جائیں گی۔

رنگ روڈ کے اطراف انڈسٹریل زونز بھی تعمیر ہوں گے۔کمشنرراولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے مطابق پہلا حصہ 38 کلومیٹر طویل ہے اس کے اوپر 5انٹر چینجز ،9 پل ہیں،12 کلو میٹر کا ایریا بالکل کلیئرہے جس پر مکمل طور پر کام شروع ہو چکا ہے۔

پشاور اور لاہور سے آنے والی ٹریفک راولپنڈی کو بائی پاس کرے گی جس سے فیول، وقت کی بچت اور پنڈی اسلام آبادکی سکیورٹی بھی بہتر ہو جائے گی۔

کمشنر راولپنڈی کے مطابق رنگ روڈ کا دوسرا حصہ بھی اتنا ہی طویل ہو گا جس کے لئیدو الائنمنٹس زیر غور ہیں،مناسب روٹ کے لئے بین الاقوامی فرم سے کنسلٹنٹی حاصل کی جا رہی ہے۔

اکشے کمار کی فلم’مشن رانی گنج’کا ٹریلر جاری



ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ سپرسٹار اکشے کمار اور اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی نئی آنے والی فلم مشن رانی گنج کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

اکشے کمار کے مداحوں کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی ہیں کیونکہ جذبات اور ڈرامہ سے بھرپور ان کی فلم مشن رانی گنج کا آفیشل ٹریلر یوٹیوب پر جاری کردیا گیا ہے۔

فلم مشن رانی گنج میں اکشے کمار بھارت کے سب سے بڑے ریسکیو مشن کے بہادر ہیرو جسونت سنگھ گل کا کردار کرتے نظر آئیں گے جنہوں نے سال 1989میں رانی گنج میں کوئلے کی ایک کان میں پھنسنے والے 65کان کنوں کوبچایا تھا جو سیلاب سے بچ جانے کے بعد کوئلے کی کان میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے۔

مشن رانی گنج کا ٹریلر دیکھ کر مداح اکشے کمار کے کردار جسونت سنگھ گل کی بہادری کو دیکھ سکیں گے۔گزشتہ روز اس فلم کا موشن پوسٹر ریلیز کیا گیا تھا جسے اکشے کمار نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا تھا اور کہا تھا کہ 1989میں ایک بہادر شخص نے ناممکن کو حاصل کرلیا تھا۔

فلم مشن رانی گنج 6 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی، فلم میں اکشے کمار کے ساتھ پرینیتی چوپڑا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

پاکستانی مداحوں سے بڑا پیار ہے، عبدو روزک



ممبئی (این این آئی)دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے گلوکار ،بھارتی رئیلٹی شو بگ باس سے شہرت پانے والے عبدو روزک نے کہا ہے کہ مجھے اپنے پاکستانی مداحوں سے بڑا پیار ہے، ان شا اللہ میں پاکستان کا دورہ بھی کروں گا۔

عبدو روزِک نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں پہلی بار کینیڈا آیا ہوں اور اپنی 20ویں سالگرہ یہاں منا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کینیڈا بہت پسند آیا ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے لگے ہیں۔چھوٹا بھائی جان کے نام سے مشہور عبدو نے پاکستانی مداحوں کے بارے میں کہا ہے کہ مجھے آپ لوگوں سے بڑا پیار ہے، مجھے آپ ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں، آپ کا شکریہ، اللہ آپ پر رحمتیں نازل فرمائے۔

گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے’ محمد علی



لاہور( این این آئی)نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، گیس شعبے کا گردشی قرض 2800 سے 2900 ارب روپے ہے،گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کام جاری ہے۔

گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، 60 فیصد صارفین کو اضافے سے محفوظ رکھا جائے گا،چار پاور پلانٹس اور 10 ڈسکوز کی نجکاری پر بات چل رہی ہے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ، بلوکی، گدو، نندی پور جنریشن پلانٹس کے نام نجکاری لسٹ میں شامل ہیں۔تین آپشنز زیر غور ہیں۔

پہلا آپشن کمپنیاں صوبوں کو دینا، دوسرا آپشن مکمل نجکاری اور تیسرا آپشن طویل المدتی معاہدے شامل ہیں، تینوں آپشن کابینہ کے سامنے رکھیں گے جو ماڈل منظور ہوا وہی فیصلہ ہوگا،کوشش ہے ڈسکوز کیلئے ایک ہی ماڈل اپنایا جائے، ڈسکوز میں بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، اس سلسلے میں ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کریں گے۔

راکھی ساونت نے بائیو پک کا اعلان کر دیا



ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ ڈرامہ کوئین ،تنازعات میں گھری اداکارہ و متنازع رقاصہ راکھی ساونت عرف فاطمہ نے اپنی بائیو پک بنانے کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام قبول کرنے والی راکھی ساونت عرف فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ ان زندگی پر مبنی بائیو پک بنائی جائے گی۔

انہوں نے یہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات کے بارے میں نہیں جانتی کہ ہدایت کار کون ہیں۔

گلوکار کون ہیں، تاہم اس میں مرکزی کردار نبھانے کے لیے عالیہ بھٹ اور ودیا بالن سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب متنازع اداکارہ کی جانب سے کی گئی اس پریس کانفرنس کا مذکورہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے ان کا مزاق اڑایا اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

نادرا میں خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع



اسلام آباد(این این آئی)نادرا نے تقریباً تین ماہ بعد خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کردیا۔

واضح رہے کہ وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے ٹرانس جینڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس)ایکٹ 2018کی دفعات کے خلاف فیصلے کے بعد نادرا نے خواجہ سرائوں کے قومی شناختی کارڈ رجسٹریشن کو روک دیا تھا۔

علاوہ ازیں رواں برس جولائی میں پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے شرعی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ کے شریعت اپیلٹ بینچ میں چیلنج کیا تھا۔نادرا نے رجسٹریشن روکنے کا اپنا سابقہ حکم واپس لیتے ہوئے خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نادرا کی پبلک انگیجمنٹ ڈائریکٹر ردا قاضی نے مذکورہ پیش رفت کی تصدیق کی اور بتایا کہ اتھارٹی نے خواجہ سراں کے لیے ایکس کیٹیگری والے سی این آئی کی پرنٹنگ دوبارہ شروع کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے بعد یہ عمل روک دیا گیا تھا لیکن اب دوبارہ شروع ہو گیا ہے جبکہ معاملہ تاحال سپریم کورٹ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا آئینی طور پر اپنے بیرونی قانونی مشاورتی ونگ کی سفارش کے بعد خواجہ سراں کے لیے مخصوص شناختی کارڈ پرنٹ کرنے کا پابند ہے۔

اسٹیٹ بینک نے 2منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا



اسلام آباد(این این آئی)اسٹیٹ بینک نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی اسمگلنگ سے متعلق ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 2کمپنیوں کے خلاف کارروائی کیلئے ڈائریکٹر ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے خلاف حوالہ ہنڈی اورکرنسی اسمگلنگ کے مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایک مقامی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے، اجازت نامہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر معطل کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مقامی ایکسچینج کمپنی کے صدر دفتر، برانچوں اور فرنچائزز کو سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک اور مقامی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ قواعد کی خلاف ورزی پر تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے، ایکسچینج کمپنی، اس کے صدر دفتر اور برانچوں کو کاروباری سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔

بدھ کو وطن واپس آ رہا ہوں، سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار کا اعلان



لندن(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے،میں بدھ کو واپس پاکستان جا رہا ہوں۔

لندن میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ بڑا واضح ہے،پاکستان کو واپس 24ویں معیشت بنانا ہے، اگر عوام نے موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان واپس ترقی کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت سنبھالنے سے پہلے پاکستان کا ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ سو فیصد تھا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور کچھ اندرونی قوتیں پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتی تھیں، ہماری جنگ پاکستان کو بچانا تھا۔

پاکستان کی ہالینڈ میں قران پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت



اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قران پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ ہالینڈ کی حکومت کو پاکستان کے سخت تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے،ہم ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسی نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کیلئے فعال اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا اشتعال انگیز اور اسلام فوبک فعل ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں اس طرح کی کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔

بیان میں کہا گیاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے،بین الاقوامی حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو فعال طور پر روکنا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری کے لیے اسلام فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022میں 15مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کیلئے منظور کی گئی قرارداد کے پیچھے یہی روح تھی۔

ہمارے پاس سال میں مہنگائی کم کرنے کا سسٹم ہے، خورشید شاہ کا دعویٰ



اسلام آباد(این این آئی)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے پاس سسٹم موجود ہے سال میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب نے میثاق جمہوریت کے بعد بھی معاہدے کی بہت خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہاکہ الیکشن اس سے پہلے بھی دسمبر اور رمضان میں ہوئے ہیں،جنوری کے آخری ہفتے کا کہا گیا بہتر ہوتا کہ تاریخ دے دیتے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دے دیتے تو شکوک اور شبہات جنم نہ لیتے، میثاق جمہوریت کے بعد بھی میاں صاحب نے معاہدے کی بہت خلاف ورزی کی۔انہوںنے کہاکہ2014 میں ہم نے میثاق جمہوریت کا پاس رکھا اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے جمہوریت کا دفاع کیا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ سب کو حق ہے کسی کے ساتھ بھی اتحاد کرے، ہم لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی اسکیمیں اس وقت صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چل رہی ہیں، یہ زیادتی ہے کہ نگراں حکومت آتے ہی سندھ میں ترقیاتی کام روک دئیے گئے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اس لیے ن لیگ سے مانگ رہے ہیں کہ ان کے 7سینئر اور ایکٹیو ممبر بیوروکریسی میں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ہوئے ہم نے کہاکہ پہلے جمہوریت چاہیے، بینظیر بھٹو شہید ہوئیں۔

ہم نے کہا کہ جمہوریت کی شکل میں انتقام چاہیے۔خورشید شاہ نے کہاکہ ہمارا نعرہ وہی ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، معیشت کو بہتر کرنا چاہیے، ہمارے پاس سسٹم موجود ہے سال میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو علم ہے کہ مہنگائی کیسے روکی جاتی ہے عوام کو کیسے ریلیف دیا جاتا ہے۔

یورپی یونین کا پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 10لاکھ یورو امداد کا اعلان



اسلام آباد(این این آئی)یورپی یونین نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 10لاکھ یورو کی نئی امداد کا اعلان کیا ہے۔

یہ امداد حالیہ مون سون بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے یورپی یونین کے کمشنر برائے کرائسز منیجمنٹ جینز لینارسک نے کہاکہ ہم پاکستان میں مون سون کے سیلاب سے نمٹنے کیلئے 1ملین یورو برائے انسانی امداد جاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس سیلاب نے ملک کے کچھ حصوں میں ایک بار پھر ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا ہے،پاکستان میں تاریخی سیلاب کے ایک سال بعد یورپی یونین انتہائی کمزور کمیونٹیز کی مدد کے لیے پرعزم ہے ۔

یاد رہے کہ یورپی یونین نے گذشتہ سال بھی پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب کے متاثرین کی امداد کیلئے انسانی بنیادوں پر 16.5ملین یورو فراہم کئے تھے۔

جب بھی موقع ملے گا اچھا کرنے کی کوشش کروں گا،عبد اللہ شفیق



لاہور(این این آئی) قومی ٹیم کے بیٹر عبد اللہ شفیق نے کہاہے کہ جب بھی موقع ملے گا اچھا کرنے کی کوشش کروں گا۔عبداللہ شفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں تیسرے اوپنر کے طور پر شامل ہوا ہوں، جب بھی موقع ملے گا اچھا کرنے کی کوشش کروں گا۔

موقع ملنا میرے ہاتھ میں نہیں ہے، جب بھی ملے گا اس سے فائدہ اٹھاؤں گا۔بیٹر نے کہا کہ مینجمنٹ کے پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے، ورلڈ کپ کی وجہ سے میں بہت پرجوش ہوں، سب کی نظریں ورلڈ کپ پر ہوتی ہیں، صرف انڈیا سے کھیلنے نہیں جارہے، سب ہمارے لیے حریف ہیں۔

عبداللہ نے کہا کہ ہم نے ایک میچ میں نہیں پورے ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنا ہے، پروفیشنل کے طور پر آپ کو قربانی دینا پڑتی ہے جہاں موقع ملا کھیلنے کی تیار ہوتا ہوں۔