Tag Archives: mumtaz zuhra baloch

غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کا فیصلہ خودمختار ملکی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے، ترجمان دفترخارجہ



دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کا فیصلہ خودمختار ملکی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر (یو این ایچ سی آر) کے ایک بیان کے جواب میں کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے خودمختار ملکی قوانین اور قابل اطلاق بین الاقوامی اقدار اور اصولوں کے مطابق ہے۔

یو این ایچ سی آر نے پاکستانی حکام سے اپیل کی تھی کہ یکم نومبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ملک بدری کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کا پریس بیان دیکھا ہے۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا منصوبہ (آئی ایف آر پی) ان کی قومیت اور اصل ملک سے قطع نظر، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر لاگو ہوتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں قانونی طور پر مقیم یا رجسٹرڈ تمام غیر ملکی شہری اس منصوبے کے دائرہ کار سے باہر ہیں۔

حکومت پاکستان ان لوگوں کے تحفظ اور حفاظت کی ضروریات کے حوالے سے اپنے وعدوں کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیتی ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ لاکھوں افغان بھائیوں اور بہنوں کی میزبانی میں ملک کا گزشتہ 40 سالوں کا ریکارڈ اس کا ثبوت ہے۔

ترجمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ ترجیحی معاملے کے طور پر پائیدار حل کے سلسلے میں مہاجرین کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کو تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مقصد کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

سندھ واپس لینے کا بھارتی بیان، پاکستانی دفتر خارجہ کا شدید ردعمل



اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان نے بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے سندھ واپس لینے کے حوالے سے دیئے گئے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی لیڈروں کو تسلط پسندانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کو پروان چڑھانے کے بجائے پڑوسی ممالک کے ساتھ تنازعات کو حل کرنا چاہیے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ ہم لکھنؤ میں قومی سندھی کنونشن میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ، بھارتی حکمران جماعت کے اہم رکن اور متعصب ”ہندوتوا“ نظریے کے پیروکار کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ بات بھی اتنی ہی قابل مذمت ہے کہ ”رام جنم بھومی“ کی نام نہاد بحالی کو وزیر اعلیٰ نے اس خطے کو دوبارہ حاصل کرنے کے سانچے کے طور پر پیش کیا ہے جو پاکستان کا حصہ ہے۔

پاکستان کی ہالینڈ میں قران پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت



اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قران پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ ہالینڈ کی حکومت کو پاکستان کے سخت تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے،ہم ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسی نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کیلئے فعال اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا اشتعال انگیز اور اسلام فوبک فعل ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں اس طرح کی کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔

بیان میں کہا گیاکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے،بین الاقوامی حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو فعال طور پر روکنا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری کے لیے اسلام فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022میں 15مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کیلئے منظور کی گئی قرارداد کے پیچھے یہی روح تھی۔