پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب



لاہور ( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ مختلف علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہو گیا ۔

سروسز ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی اور ڈاکٹروں کے کمروں میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے سے سارا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ لاہور میں بجلی کی تار ٹوٹ کر بارش کے پانی میں گرنے سے 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہو گیا اور لیسکو ریجن میں 100سے زائد فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش کے پیش نظر نگران وزیر اعلی نے چین سے صوبائی اور ضلعی افسران کو ہدایات دیں۔

شیخ رشید کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں، شیخ راشد شفیق



راولپنڈی (این این آئی) سابق وزیر دادخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ سات دن گزر گئے سابق وفاقی وزیر کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔

ایک بیان میں شیخ راشد شفیق نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے عدالت میں کہا انہوں نے شیخ رشید کو گرفتار نہیں کیا، عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کر دی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، لال حویلی کو بھی سیل کردیا گیا ہے، پولیس وہاں پہرہ دے رہی ہے۔

شیخ راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید کو عدالت میں پیش کیا جائے، ہم عدالتوں کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔واضح رہے کہ 17 ستمبر کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ شیخ رشید کو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔

کسی کو سیاسی عمل سے نہیں روکا جا رہا مگر 9 مئی واقعات پر کارروائی ہوگی: نگران وزیراعظم



نیویارک(این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سمگلنگ، ذخیرہ اندوزوں اور ڈالر مافیا کیخلاف کارروائی کے نتیجہ میں چینی اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، امید ہے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان جلد کریگا، انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

مسئلہ کشمیر، فلسطین اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا، قوم کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی،ہمارا دورہ بہت کامیاب رہا ہے، عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بہت مفید رہیں۔

بھارت میں مسلمانوں، سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس طرح کے رویہ کی روک تھام کیلئے اتحاد بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستانی مشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ نیویارک اختتام پذیر ہوا اور اس دوران سربراہان مملکت اور اہم وفود سے دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں، مجموعی طور پر یہ دورہ کامیاب رہا۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس سے ملاقات ہوئی، دورے کے دوران مسئلہ کشمیر اور بھارتی ہندوتوا پر بات ہوئی، مختلف فورمز پر موسمیاتی تبدیلی کا معاملہ بھی اٹھایا۔

حساس اداروں کی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں، ڈیڑھ ارب سے زائد مالیت کی اشیاء برآمد



راولپنڈی(آن لائن)پاکستان رینجرز سندھ، پولیس اور حساس اداروں کی ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ذخیرہ اندوزوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سندھ اور کراچی میں کارروائیاں جاری ہیں۔

حساس ادارے کاضلعی انتظامیہ کیماڑی کے ہمراہ موچکو میں گرینڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن, ڈیڑھ ارب سے زائد مالیت کی زخیرہ شدہ اشیاء برآمد کرلیں،چھاپے کے دوران برآمد بوریوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے زائدکر لئے۔

انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں حساس ادارے کے افسران نے بذات خود آپریشن کو لیڈ کیا،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کیں،اندرون سندھ میں جدید ترین اسلحے کے بھاری ذخیرے کی برآمدگی کرلی۔

میرپور ماتھیلو ضلع گھوٹکی سے ہتھیار سپلائی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ملزمان کی نشاندہی پر گھوٹکی پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے خانپور، تحصیل خان گڑھ ضلع گھوٹکی میں واقع اکبر سومرو کے گھر پر چھاپہ مار کر جدید ترین اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا۔

خفیہ معلومات کے مطابق ہتھیاروں اور گولہ بارود کا یہ بڑا ذخیرہ کچے کے علاقے میں پہنچایا جانے والا تھا،برآمد شدہ ہتھیاروں میں اینٹی ایئر کرافٹ گن، راکٹ لاچر، ایس ایم جیز اور پستول وغیرہ شامل ہیں۔

ان ہتھیاروں میں ھزاروں کی تعداد میں استعمال ہونے والا ایمونیشن بھی آپریشن کے دوران قبضہ میں لیا گیا خاطلاعات کے مطابق یہ اسلحہ اور گولہ بارود پولیس اور رینجرز کے جاری مشترکہ آپریشن کے خلاف کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے استعمال میں لایا جانا تھا۔

اسلحے کے اتنے بڑے ذخیرے کی برآمدگی کچے کے علاقے کے جرائم پیشہ افراد کی سپلائی لائن کے لیے سنگین دھچکا اور بڑا نقصان ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نوابشاہ میں بھی ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔

لکی مروت میں ڈاکوؤں کی مسافر بس پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق



لکی مروت (آن لائن) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فلائنگ کوچ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ڈاکوؤں نے قبول خیل کے علاقے کے قریب مسافر گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کی اور کوچ کے نہ روکنے پر اس پر فائرنگ کردی۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک زخمی اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

گاڑی میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدور سوار تھے جو مزدوری کے بعد گھروں کو واپس آرہے تھے۔

اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تاہم وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی چھوڑی گئی دو موٹرسائیکلیں عوام کے ہاتھ لگ گئیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکو گاؤں قبول خیل میں روپوش ہیں، پولیس سرچ آپریشن کرے۔ انہوں نے لاش درہ تنگ سڑک پر رکھ کر احتجاج بھی کیا اور مقامی سرکاری یورینیم فیکٹری ’پاکستان اٹامک انرجی پراجیکٹ قبول خیل‘ جانے والی تمام گاڑیوں کو روک دیا۔

لاہور: بیٹی سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت کا حکم



لاہور (آن لائن) لاہور میں ماڈل کورٹ برائے جنسی تشدد نے 14سالہ بیٹی سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت سنادی۔ماڈل کورٹ برائے جنسی تشدد کے جج میاں شاہد جاوید نے ملزم رفیق پر جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنایا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزم بیٹی کو 10 لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرے۔ عدالت نے قراردیا کہ 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی،

عدالت کا فیصلہ آنے پر مجرم کو جیل منتقل کر دیا گیا۔ عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ ہائیکورٹ سے توثیق ہونے تک سزائے موت پر عملدرآمد نہ کیا جائے۔ مجرم رفیق کے خلاف مقدمہ مارچ 2019 میں تھانہ ستو کتلہ پولیس نے درج کیا تھا۔

سیکرٹری توانائی کا بجلی چوری کیخلاف آپریشن میں 7 ارب سے زائد کی وصولیوں کا دعویٰ



اسلام آباد(آن لائن) سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے ملک میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں اب تک 7 ارب سے زائد کی وصولیوں کا دعویٰ کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بجلی چوروں سے 7 ارب 88کروڑ 90 لاکھ روپے وصول کرلیے گئے ہیں اور اب تک 2301 بجلی چور گرفتار کیے گئے ہیں۔

سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف 15 ہزار 47 ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں۔راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم جرمانوں اور وصولیوں کے لیے نہیں مفت خوری کے رویے میں تبدیلی کے لیے ہے۔

شالیمار ایکسپریس کو منافع بخش بنانے روٹ سرگودھا سے کراچی کرنے کیلئے اقدامات شروع



سرگودھا(این این آئی)پاکستان ریلوے نے لاہور کراچی کے درمیان چلنے والی شالیمار ایکسپریس کو منافع بخش بنانے کیلئے اس کا روٹ سرگودھا سے کراچی کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے جس کا اطلاق آئندہ نئے ٹائم ٹیبل سے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی شالیمار ایکسپریس کو خسارہ کی بجائے منافع بخش بنانے کے لئے شالیمار ایکسپریس کا روٹ سرگودھا سے کراچی کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ قبل ازیں سرگودھا سے کراچی کے درمیان 1972 سے چلنے والی ٹرین سپر ایکسپریس کی بندش سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ سرگودھا سے کراچی چلنے والی ملت ایکسپریس ٹرین بھی ایک سال سے لالہ موسی سے کراچی کے لئے ہونے سے مسافر پریشانی سے دور چار ہیں جن کی سہولت اور شالیمار ایکسریس کو منافع بخش بنانے کے لئے سرگودھا سے براستہ لاہور،ملتان،سکھر کراچی چلانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

آذربائیجان ایئر لائنز کی پہلی پرواز لاہور پہنچ گئی، واٹر کینن سلوٹ کے ساتھ پرتپاک استقبال



لاہور ( این این آئی) آذربائیجان ایئر لائنز کی پہلی پرواز لاہور پہنچ گئی ۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر لینڈنگ پر پہلی فلائیٹ کا واٹر کینن سلوٹ کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے اعزازی مشیر ائیر مارشل (ریٹائرڈ ) فرحت حسین ملک نے مہمانوں کو خوش آمدیدکہا۔

جمہوریہ آذربائیجان کے سفیرعزت مآب جناب علی فکر اوگلو علی زادہ نے بھی سلامی لی۔

ائرپورٹ چیف آپریٹنگ آفیسر مسٹر نذیر احمد خان، سی ایس او اے ایس ایف بورڈنگ برج پر کیک کاٹنے کی تقریب میں شریک کی ۔

اس کے ساتھ ایئرپورٹ، ایئر لائن، اور جیری کی ڈناٹا مینجمنٹ کے دیگر معززین نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

لاہور،ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنیوالا ایک اور گروہ گرفتار



لاہور ( این این آئی) لاہور کے نواح میں ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والے ایک اور گروہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)اور رینجرز کے عملے نے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پانچ مختلف کارروائیوں کے دوران 183کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف نے پنجاب رینجرز کے ساتھ بادیاں چیک پوسٹ لاہور کے قریب مشترکہ کارروائی کی اور 2گاڑیوں میں سوار لاہور اور خانیوال کے رہائشی 3ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 6کلو گرام ہیروئن اور ایک ڈرون برآمد کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 26کلو 400گرام افیون اور 12کلو آئس برآمد کی گئی، دوران کارروائی مردان اور کشمیر کے رہائشی 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اٹک میں مدینہ چوک کے قریب رکشے سے 27کلو 600گرام چرس برآمد ہوئی، اٹک کا رہائشی ملزم منشیات رکشے کے خفیہ خانوں میں چھپا کر اسمگل کر رہا تھا۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ملیر میں ایک گاڑی سے 100کلو 800گرام چرس اور 30بور پستول برآمد کیا گیا ہے، دورانِ کارروائی کراچی کے رہائشی ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سونا خان چوک کوئٹہ کے قریب جیپ سے 11 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، مستونگ کا رہائشی ملزم منشیات کوئٹہ اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار ہوا، گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جنرل ہسپتال لاہور کی دوسری منزل سے چھلانگ لگانے والی خاتون کیلئے 48گھنٹے انتہائی اہم



لاہور ( این این آئی) لاہور میں جنرل ہسپتال کی دوسری منزل سے چھلانگ لگانے والی خاتون اب تک وینٹی لیٹر پر ہے اور اس کے لیے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کا دماغ صحیح طور پر کام نہیں کر رہا ہے، خاتون کے ہاں 2 روز قبل قصور میں تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قصور میں آپریشن کے بعد خاتون کی طبیعت بگڑ گئی تھی، خاتون کو قصور سے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کا دوبارہ آپریشن کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ خاتون نے گزشتہ روز لیبر روم کے واش روم سے چھلانگ لگا دی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف دائر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کر دیں۔

لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 28 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے انسداد دہشت گردی عدالت سے ضمانتیں خارج کرنے کے اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف لاہور میں 9 مئی سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔