شاداب خان نے پرفارم نہ کیا تو کپتان انہیں ڈراپ کردینگے، ذکاء اشرف



لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم کو تجویز دی گئی تھی کہ لیگ بریک گْگلی بولر شاداب خان فارم کے مسئلے سے دوچار ہیں مناسب ہوگا کہ انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں نا رکھا جائے۔

میڈیا سے گفتگو میں چوہدری ذکاء اشرف نے کہاکہ کپتان بابر اعظم نے خواہش ظاہر کی کہ وہ شاداب خان کو ورلڈ کپ میں بطور نائب کپتان ٹیم کے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں۔

چوہدری ذکاء اشرف کے مطابق البتہ کپتان نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ اگر شاداب خان نے ورلڈ کپ میں پرفارمنس نا دی تو انہیں فائنل لائن الیون سے ڈراپ کردیا جائے گا۔

سکھ رہنما کا قتل،کینیڈا کو بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد مل گئے



ٹورنٹو (این این آئی)کینیڈا کے پاس سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی ایجنٹس کے ملوث ہونے کی انٹیلی جنس معلومات بھی موجود ہیں۔

کینیڈین خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ معلومات کئی ماہ سے جاری تحقیقات میں جمع کی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ انٹیلی جنس معلومات صرف کینیڈا نے ہی نہیں بلکہ فائیو آئیز کی رکن ایک اتحادی انٹیلی جنس نے بھی معلومات فراہم کی ہیں۔

فائیو آئیز میں کینیڈا کے علاوہ امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ انٹیلی جنس معلومات میں بھارتی حکّام اور کینیڈا میں موجود بھارتی سفارت کاروں کے درمیان سکھ رہنما کے قتل سے متعلق کیے گئے رابطے بھی شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق یہ انٹیلی جنس معلومات ملنے کے بعد کینیڈین حکّام کئی بار تعاون مانگنے بھارت بھی گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب بند کمرے میں کینڈین حکّام نے’دھماکہ خیز’ شواہد بھارتی حکّام کے سامنے رکھے تو ان میں سے کوئی بھی ان شواہد سے انکار نہیں کر سکا۔

واضح رہے کہ کینڈین انٹیلی جنس حکّام کی جانب سے بھارت کا آخری دورہ اس وقت کیا گیا جب کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو بھی جی 20 اجلاس کے لیے دہلی میں موجود تھے۔

اسرائیل، سعودی عرب امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم



نیویارک (این این آئی)اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات قائم کرنے سے نئے مشرق وسطی کا جنم ہوگا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے پاس یہ آپشن موجود ہے کہ ہم لامحدود ترقی اور امید کیلئے تاریخی امن سے مستفید ہوں یا پھر دہشتگردی اور ناامیدی کی خوفزدہ جنگ سے تکلیف اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 5 سال پہلے اسی جگہ خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلد وہ دن آئے گا جب اسرائیل مصر اور اردن سے آگے نکل کر دیگر عرب ہمسایوں کے ساتھ امن کو وسعت دے گا۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل اور عرب ریاستوں کے درمیان مزید امن اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن کے مواقع بڑھائے گا۔وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ابراہیم معاہدوں نے امن کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک مزید ڈرامائی پیشرفت کے بالکل قریب ہیں۔

اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی امن معاہدہ۔انہوںنے کہاکہ یہ امن معاہدہ عرب اسرائیل تنازع کو ختم کرنے کیلئے دیرپا ثابت ہوگا، دیگر عرب ریاستیں بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کریں گے۔

فلسطین کے ساتھ امن کے مواقع بڑھیں گے، یہودیت اور اسلام، یروشلم اور مکہ کے درمیان مفاہمت کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل امن اور خوشحالی کا نیا پْل بن سکتا ہے، اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن ایک نئے مشرق وسطیٰ کو تشکیل دے گا۔

جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی کشمیر ہے،نگران وزیر اعظم



نیویارک (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی کشمیر ہے،تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں،پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے۔

بھارت خطے میں انتہاپسندی کو فروغ دے رہا ہے، دنیا کو دہشتگردی بشمول بھارت جیسی ریاستی دہشتگری کو ختم کرنا ہوگا، ہندوتوا جیسے نظریات نے ہی اسلاموفوبیا کو دنیا میں بڑھایا ہے،اسلاموفوبیا کی وجہ سے مسلمانوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور داعش پاکستان میں دہشت گرد حملے کر رہے ہیں،افغان حکومت اس مسئلے میں اپنا اہم کردار ادا کرے،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سی پیک کے ذریعے پاکستان مستحکم ہوگا۔

جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم جدید تاریخ کے نازک موڑ پر مل رہے ہیں، یوکرین میں تنازع جاری ہے اور دنیا کے دیگر 50 مقامات پر بھی تنازعات ہیں، عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں نئے اور پرانے عسکری بلاکس اور جیو پالیٹکس بڑھ رہی جب معیشت کو اولیت ملنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ دنیا سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، اس سے کہیں زیادہ خطرناک چینلجز کا سامنا ہے جس کے لیے عالمی تعاون اور مشترکہ کارروائیوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت تنزلی کا شکار ہے، بدترین انٹرسٹ ریٹ کساد بازاری کا باعث ہوسکتی ہے، کوڈ، تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی سے کئی ممالک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے اور متعدد ممالک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

بجلی چوری پر دہشتگردی کا پہلا پرچہ کٹ گیا



فیصل آباد(این این آئی)بجلی چوری پر دہشت گردی کا پہلا پرچہ کٹ گیا،فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)نے تھانہ کمالیہ میں ملزم شہری کیخلاف پرچہ کٹوا دیا۔

ایف آئی آر میں سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے سنگین دھمکیاں دینے اور سرکاری کام میں مداخلت کی دفعات بھی شامل ہیں۔

فیسکو اہلکاروں نے بجلی چوری پکڑ کر میٹر اتار لیا تھا جس پر ملزمان نے ایکسین دفتر میں دھاوا بولا اور اسلحہ کے زور پر دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔فیسکو ریجن کے 8اضلاع میں کارروائیوں کے دوران مزید 92بجلی چوروں کو پکڑ کر کنکشنز منقطع کر دئیے اور 92لاکھ 61ہزار کے جرمانے کر دئیے گئے۔

ترجمان فیسکو کے مطابق ریجن کے 8اضلاع فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ ، میانوالی اور خوشاب میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔

گزشتہ 17دنوں میں فیسکو ریجن سے مجموعی طور پر 1526بجلی چوروں کو پکڑا گیا جنہیں 42لاکھ48ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 18کروڑ 88لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ مجموعی طور پر 1402بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج اور 182بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔

نیپراکا بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ



اسلام آباد(این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3روپے 28پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کوبھجوادیا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اضافے کا اطلاق ہوجائے گا۔

نیپرا کے مطابق اضافے سے ڈسکوز کے صارفین پر 159ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑیگا، یہ اضافہ مالی سال 23-2022کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیاگیا۔

نیپرا کے مطابق بجلی صارفین کو 6ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، بجلی صارفین اکتوبر 2023تا مارچ 2024تک ادائیگیاں کریں گے۔

ورلڈ کپ 2023ء میں مجموعی طور پر پرائز منی میں 10 ملین امریکی ڈالر مختص



دبئی(این این آئی)ورلڈ کپ 2023ء میں مجموعی طور پر پرائز منی میں 10 ملین امریکی ڈالر رکھے گئے ہیں۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق بھارت میں کھیلے جارہے اس ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 4 ملین جبکہ رنرز اپ ٹیم 2 ملین ڈالرز ملیں گے۔

ورلڈ کپ 2023ء کا آغاز 5 اکتوبر 2023ء کو نریندر اسٹیڈیم احمد آباد میں ہوگا اور فائنل بھی اسی میدان پر 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق سیمی فائنل ہارنے والی ٹیم کو 8 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق سیمی فائنل سے پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہونے والی ٹیم کو 1 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

کل 10 ٹیموں میں سے پہلے مرحلے میں 6 ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گی۔ایونٹ میں 45 گروپ میچ کھیلے جائیں گے، ہر گروپ میچ کی فاتح ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔

جنریٹر از بیک، نسیم کی جگہ ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بننے کے بعد حسن علی کی ٹوئٹ وائرل



اسلام آباد (این این آئی)فاسٹ بولر حسن علی نے ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ‘ ‘دی جنریٹر از بیک” کے کیپشن کے ساتھ تصویر شیئر کر دی۔

پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ قومی اسکواڈ میں بابراعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، جس میں فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کی وجہ سے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ ان کی جگہ حسن علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈکپ اسکواڈ کے اعلان کے بعد حسن علی نے ایکس ٹوئٹر پر دی جنریٹر از بیک کے کیپشن کے ساتھ تصویر پوسٹ کی اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے ملک کے لیے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں۔

حسن علی نے سپورٹ کرنے والے فینز کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ مجھے اور ہماری ٹیم کو دعاؤں میں یاد رکھیں، ورلڈکپ میں پاکستان کیلئے اپنا بہترین دوں گا

انڈر 19 ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی تاریخ کا اعلان



دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی تاریخ کا اعلان کر دیا ۔

آئی سی سی کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کا آغاز 13 جنوری کو میزبان سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان میچ سے ہوگا دفاعی چیمپیئن بھارت اگلے روز اپنی مہم کا آغاز بنگلہ دیش سے کرے گا۔

41 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ کولمبو کے پانچ مقامات پر 23 روز تک جاری رہے گا 2022 ایڈیشن کی ٹاپ 11 مکمل رکن ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے ، اور پانچ ٹیمیں – نمیبیا ، نیپال ، نیوزی لینڈ ، اسکاٹ لینڈ اور امریکہ نے علاقائی کوالیفکیشن مقابلوں کے ذریعے اپنی جگہ بنائی ہے

بھارت کی ہٹ دھرمی، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تاحال ویزے جاری نہ کئے



اسلام آباد (این این آئی)کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز ویزوں کے منتظر ہیں تاہم بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی اسکواڈ کو تاحال ویزے جاری نہیں کئے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا میگا ایونٹ شروع ہونے میں ابھی چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی ابھی بھی برقرار ہے اور ابھی تک بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی اسکواڈ کو ویزے جاری نہیں کئے ۔

ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز ویزوں کے منتظر ہیں تاہم بھارت نے ویزے سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کر دیئے ہیں ۔

پاکستانی اسکواڈ نے 25 ستمبرکو بھارت روانہ ہونا ہے، اور قومی ٹیم نے ایونٹ شروع ہونے سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچزبھی کھیلنے ہیں ۔

لطیف کھوسہ کو پیپلز پارٹی سے نکال دیا گیا



اسلام آباد(ادراک نیوز)سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے سردار لطیف کھوسہ کی رکنیت معطل کردی ،تفصیلات کے مطابق سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی نے سردار لطیف کھوسہ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت معطل کردی ۔سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے ایک ہفتہ قبل سردار لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا ،سردار لطیف کھوسہ نے مدت پوری ہونے کے باوجود شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا ۔

راسخ الٰہی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتیں منظور



لاہو ر( این این آئی) اینٹی کرپشن لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کے صاحبزادے راسخ الٰہی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔

اینٹی کرپشن لاہور کی خصوصی عدالت لاہور جج علی رضا اعوان نے پرویز الٰہی کے اہل خانہ کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے راسخ الٰہی ، قیصرہ الٰہی اور زاہرا الٰہی کی عبوری ضمانتیں 9اکتوبر تک 50، 50ہزار روپے کے عوض منظور کرلی اور انہیں ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور کیس میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے اینٹی کرپشن سے تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک کے لئے ملتوی کردی۔