برطانیہ: سکھ کمیونٹی نے بھارتی ہائی کمشنر کو گوردوارے میں داخل ہونے سے روک دیا



خالصتان تحریک کے متحرک رہنما ہردیپ سنگھ کے کینیڈا میں قتل کے بعد سکھ کمیونٹی پور دنیا میں سراپا احتجاج ہے، اب برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو گلاسکو میں قائم گوردوارے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا نے بتایا ہے کہ سکھ اپنے رہنما کے قتل کے خلاف بھارتی ہائی کمشنر کے سامنے آ گئے او شدید احتجاج کیا، اس دوران بھارتی ہائی کمشنر کو گوردوارے میں جانے سے روک دیا گیا اور وہ واپس جانے پر مجبور ہوئے۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا آمنے سامنے ہیں، اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفیروں کو بھی نکال دیا ہے۔

اب امریکا کی جانب سے بھی بھارت پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔

کینیڈا میں انڈین سفارتکاروں کو دھمکی آمیز ماحول کا سامنا ہے، بھارتی وزیر خارجہ



بھارتی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کینیڈا میں بھارتی سفارتکاروں کو تشدد کے ماحول اور دھمکی آمیز صورت حال کا سامنا ہے۔

سبرامنیم جے شنکر نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کینیڈا میں سفارتکاروں کو دھمکانے کے لیے تقریروں کی آزادی دی گئی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا آمنے سامنے ہیں، اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفیروں کو بھی نکال دیا ہے۔

اب امریکا کی جانب سے بھی بھارت پر زور دیا جا رہا ہے کہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔

شاہین آفریدی اور شاداب خان نے وارم اپ میچ میں بالنگ کیوں نہ کرائی؟ وجہ سامنے آگئی



پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور اسپنر شاداب خان کی جانب سے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بولنگ نہ کرانے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ نے حکمت عملی کے طور پر دونوں کھلاڑیوں سے بولنگ نہیں کروائی۔

ٹیم ذرائع کے مطابق منیجمنٹ دیگر بولرز کو زیادہ میچ پریکٹس دینے کی خواہشمند تھی، 2 وارم اپ میچز میں اسکواڈ کے تمام 15 ممبران کو مختلف طور پر آزمایا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے باقاعدہ میچز سے قبل 2 وارم آپ میچز میں کنڈیشنز سے ایڈجسٹ ہونے کا پلان ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز6 اکتوبر سے نیدر لینڈز کیخلاف میچ سے کریگا۔

کترینہ کیف کو خوش کرنا بہت مشکل کام ہے: وکی کوشل



ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ اسٹار وکی کوشل نے کہا ہے کہ اہلیہ کترینہ کیف کو خوش کرنا بہت مشکل کام ہے۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وکی نے کہا کہ کچھ معاملات میں کترینہ کو مطمئن کرنا بہت مشکل ہے۔

انہوں نے کہاکہ کترینہ کبھی کبھار اپنے لباس کے لیے زیادہ محتاط نہیں ہوتیں لیکن انہیں اچھی غذا کا ذائقہ معلوم ہے اور وہ کھانے کے معاملے میں بہت خاص ذائقہ رکھتی ہیں۔

وکی کوشل نے کہا کہ اگر میں کام پر نہیں جا رہا اور گھر پر ہوں تو کترینہ کی نظر میں میں کاہل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اہلیہ بہت نظم و ضبط والی ہیں لیکن جب ہم دونوں گھر پر ہوں اور کام کے لیے باہر نہیں جانا ہو تو ہم دونوں ہی سست پڑ جاتے ہیں۔

وکی کوشل نے کہا کہ یہ لمحہ بہت خوبصورت ہوتا ہے، دو سست لوگوں کی دعوت سی ہوتی ہے لیکن جب کترینہ کو کوئی کام کرنا ہو تو وہ بالکل کسی جِن کی طرح منظم رہتی ہیں۔

معروف اداکارہ و گلوکارہ حدیقہ کیانی کو اہم کامیابی مل گئی



لاہور(این این آئی) معروف گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے لوگوں اور مختلف اداروں کے تعاون سے صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہوجانے والے ایک گائوں میں 200 نئے گھر تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

حدیقہ کیانی نے ستمبر 2022 میں بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں کے متاثرہ عوام کے لیے وسیلہ راہ نامی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے فنڈز جمع کیے تھے۔

حدیقہ کیانی نے ابتدائی طور پر وسیلہ راہ مہم کے تحت بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو ضروری اشیا کی فراہمی کی تھی جس کے بعد انہوں نے متاثرین کی گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔

اب سیلاب کے بعد حدیقہ کیانی بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ٹمبو کے ایک گائوں میں 370 گھر اور صحت ی سہولیات تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

مسلسل کمی کے بعد بالآخر سونا مہنگا ہوگیا



سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 300 روپے اور 2500 روپے کا اضافہ ہو ا۔

اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ، 3 ہزار روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 74 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

شوبز کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف میں علیحدگی؟



لاہور( این این آئی) شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اداکارہ حنا الطاف کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 6 ملین سے زائد ہے جبکہ ان کے شوہر آغا علی کے فالوورز ایک ملین سے زائد ہے۔ تاہم اب اداکار جوڑی نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کردیا ہے۔

آغا علی اور حنا الطاف 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔اداکاروں کی جانب سے ایک دوسرے کو ان فالو کرنے کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔

کئی صارفین نے یہ نشاندہی بھی کی کہ حنا الطاف اور آغا علی نے کبھی ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کیا ہی نہیں تھا لہٰذا یہ محض افواہیں ہیں۔ اس خبر کی تاحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔

مستونگ دھماکہ، سعودیہ، کویت، مصر اور امریکہ کا پاکستان سے اظہار یکجہتی



قاہرہ/واشنگٹن/ریاض(این این آئی)سعودی عرب، مصر، کویت اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہری بلاخوف وخطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

سعودی عرب نے دہشت گرد حملوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کویت کی وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ کویت بے گناہ لوگوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔

مصر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں پاکستان میں عیدمیلاالنبیۖ کے موقع پر دہشت گرد حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ یشما گل کو بھی یو اے ای کا گولڈن ویزا مل گیا



لاہور( این این آئی) اداکارہ یشما گل بھی متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا حاصل کرنے والی شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئیں۔ اداکارہ نے انسٹا گرام پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں مداحوں کو اطلاع دی کہ انہیں گولڈن ویزے سے نواز دیا گیا ہے۔

اپنی پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے کہا کہ دبئی کا شکریہ کہ جس نے خود کو مجھے اپنا دوسرا گھر کہلانے کا موقع دیا۔ انہوں نے اس ویزے کی وصولی میں مدد کرنے والے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہمایوں سعید، علی ظفر، ثنا جاوید، عمیر جیسوال، شاداب خان، اعظم خان، صبا قمر سمیت پاکستان کی دیگر مقبول شخصیات کو بھی متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا مل چکا ہے۔

مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف مشکل میں پھنس گئے



لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، سینیئر لیگی رہنما جاوید لطیف اور دیگر کو انتشار انگیز گفتگو کرنے کے کیس میں طلب کر لیا ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی، اس دوران ایم ڈی پی ٹی وی سہیل خان، پروڈیوسر راشد بیگ کی جانب سے ذیشان غنی ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔

عدالت نے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سمیت دیگر ملزمان کو 14 اکتوبر کو دوبارہ طلب کر لیا اور سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے، پولیس کی جانب سے ملزمان کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی جو مسترد ہو چکی ہے۔

سعودی اور اسرائیل تاریخی معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں: امریکا



امریکا نے کہا ہے کہ دہائیوں کی دشمنی کے بعد سعودی عرب اور اسرائیل ایک تاریخی امن معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق صدر جوبائیڈن چاہتے ہیں کہ وہ اپنی مدت کے دوران یہ کامیابی حاصل کر لیں۔

امریکا کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے خیال میں فریقین کی جانب سے ایک بنیادی فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جس سے آگے بڑھنے کی امید ہے، کچھ پیچیدہ نوعیت کے معاملات پر دونوں فریقوں کو سمجھوتا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب دونوں اتحادیوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے سفارتی تعلقات کو معمول پر لائیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں کہا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے نزدیک آ رہے ہیں۔

بلوچستان: مستونگ دھماکے کا مقدمہ درج، صوبے میں سوگ



بلوچستان کے علاقے مستونگ میں جشن عید میلادالنبی کے جلوس پر ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت 53 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

12 ربیع الاول کے جلوس پر ہونے والے دھماکے کا مقدمہ کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

دوسری جانب صوبے میں 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جس کا اعلان نگران حکومت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بلوچستان بار کونسل کی کال پر وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہے۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ مستونگ میں ہونے والے دھماکے سے متعلق تمام حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ مستونگ دھماکے سے متعلق تحقیقات کا عمل جاری ہے، جو لوگ شدید زخمی ہیں انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب نگران وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ مستونگ میں ہونے والے دھماکے سے متعلق پہلے سے کوئی تھریٹ نہیں تھا۔