خیبرپختونخوا: انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری، سروں کی قیمتیں مقرر



خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے اور دہشت گردوں کے سروں کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔

کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں 30 دہشت گردوں کے نام شامل ہیں جن کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

انتہائی مطلوب 30 دہشتگردوں کا تعلق بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع سے ہے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں بنوں اور لکی مروت کے 13، 13 دہشتگرد شامل ہیں۔ ان کے سروں کی قیمتیں 3 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ لکی مروت کے دہشتگرد حبیب اللہ کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے جبکہ بنوں کے دہشتگرد مولوی نعمت اللہ کے سر کے قیمت 40 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔

ایشیاکپ کے بعد ورلڈکپ میں بھی بارش کی مداخلت



ایشیاکپ کے بعد کرکٹ ورلڈکپ میں بھی بارش کی مداخلت نے شائقین کرکٹ میں مایوسی پھیلادی ۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے ختم کر دیا گیا ۔
بھارت کے شہر تھرواننت پورم میں جاری مسلسل بارش کی وجہ سے وارم اپ میچ شروع بھی نہیں ہو سکاتھا ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 2 اکتوبر کو نیوزی لینڈ جبکہ افغانستان کی ٹیم 3 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی ۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہورہاہے

امریکی اوربھارتی وزرائے خارجہ کی ملاقات: ہردیپ سنگھ کامعاملہ زیربحث



امریکا نے ایک بار پھر بھارت پر سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون پر زور دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اوربھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقات کے دوران امریکی وزیرخارجہ نے کینیڈا کے تحفظات سے بھارتی ہم منصب کوآگاہ کیا اور مشورہ دیا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون کیاجائے ۔
ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزام کینیڈین وزیراعظم نے براہ راست بھارتی حکومت پرعائد کیاتھا، کینیڈا کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس اس بات کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں کہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہیں۔

میلادکے جلوس پرپابندی مودی حکومت کی فسطائیت ہے، حریت کانفرنس



اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیرمیں عیدمیلادالنبی ؐ کے جلوس پرپابندی کو مودی حکومت کی فسطائیت قراردے دیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مودی حکومت کی جانب سے سری نگر کے لال چوک سے عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس نکالنے پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔
محمودساغرکاکہنا تھاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ حریت رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں سمیت عام لوگوں کے گھروں پر بھارتی فورسز اور تحقیقاتی اداروں کے چھاپوں اور مکینوں کو ہراساں کرناقابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا۔

جسٹس عرفان سعادت سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نامزد



اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ ہائیکورٹ کے سینئرترین جج ، جسٹس عرفان سعادت خان کوقائمقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ۔
صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت دی۔سندھ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس جسٹس احمد علی ایم شيخ 2 اکتوبرکو عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
جسٹس سعادت خان نے 10 ستمبر1989 میں ماتحت عدلیہ میں وکالت شروع کی انہیں اکتوبر1991 میں ہائیکورٹ میں وکالت کالائسنس ملا جبکہ اکتوبر2008 میں سپریم کورٹ کے وکیل کے طورپر ان کی انرولمنٹ ہوئی۔

رضوان کی بھارت میں سنچری، شائقین کو متوجہ کرلیا



حیدرآباد: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکورکی۔
محمدرضوان کی سنچری میں9 چوکے اوردوشاندارچھکے شامل تھے ۔ رضوان نے سنچری کے لئے93 گیندوں کا سامنا کیا، محمد رضوان 94 گیندوں کاسامنا کرنے کے بعد103 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔ ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کے اہم بلے باز کی یہ شاندار سنچری پاکستانی بیٹنگ لائن کے اعتماد میں اضافہ کاباعث بنے گی ۔ محمد رضوان نے بھارتی سرزمین پر سنچری داغ کرشائقین کرکٹ کوبھی اپنی طرف متوجہ کرلیا ہے ۔

اے این پی نے حلقہ بندیوں میں ردوبدل مستردکردیا



پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے حلقہ بندیوں میں میں ردو بدل مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کااعلان کردیا۔
اے این پی کے صوبائی صدرایمل ولی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی آبادی ارادتاً کم ظاہر کی گئی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں غیر ضروری ردوبدل کی وجہ سے پورے سیاسی عمل پر منفی اثر پڑ رہا ہے ۔ آبادی کے تناسب سے قومی اسمبلی کی چھ نشستیں کم کرنا زیادتی اور ناانصافی ہے۔
ایمل ولی کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے لاکھوں لوگ دہشتگردی کی وجہ سے دیگر صوبوں میں مقیم ہیں، مردم شماری میں انہیں نظرانداز کیا گیا۔
دہشتگردی سے متاثرہ صوبے کے ساتھ سوتیلاسلوک برداشت نہیں کریں گے ۔عوامی نیشنل پارٹی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہت جلد رابطہ کرکے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی کامیابی ہے: آصف زرداری



سابق صدر مملکت و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سرکار دو عالم نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی کامیابی ہے۔

جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آج کے اس عظیم دن کے موقع پر میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

آصف زرداری نے کہاکہ ہمیں ایسے معاشرے کے لیے کام کرنا چاہیے جہاں امن، صبر، برداشت کا ماحول ہو، ہمارے نبیﷺ محسن انسانیت بن کر دنیا میں تشریف لائے۔

سابق صدر مملکت نے کہاکہ مذہب کے نام پر فساد پھیلانے والوں کی ہمیں حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سرور کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ؐ انسانیت کے عملبردار تھے، ہمیں ان کے احکامات پر عمل کرنا ہو گا۔

بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان کا شوہر اور بیٹے کے ساتھ عمرہ



بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان جنہوں نے مذہب کی خاطر فلم انڈسٹری کو خیر باد کہا، نے اپنے شوہر مفتی انس اور بیٹے طارق جمیل کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ثنا خان نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں روضہ رسول ؐ پر حاضری کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

ثنا خان نے انسٹا گرام پر لکھا کہ اللہ کا کرم ہے ہم روضہ رسول ؐ میں داخل ہو گئے ہیں۔

ثنا خان لکھتی ہیں کہ یہ میرے بیٹے کے دنیا پر آنے کی برکت ہے کہ ہمیں یہ ساعتیں دیکھنا نصیب ہوئی ہیں۔

کراچی،ایف آئی اے نے ڈیفنس میں دو قیمتی گاڑیاں سیز کردیں



کراچی (این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کے عملے نے ڈیفنس کراچی میں دو قیمتی گاڑیاں سیز کر دیں۔ایف آئی اے نے گاڑیوں کی امپورٹ کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کرنے پر کلفٹن میں کارروائی کی۔حکام کے مطابق کلفٹن میں قیمتی امپورٹڈ گاڑیوں کا کاروبار کرنے والے 4 شو رومز کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔کلفٹن کے شوروم مالکان کو 3 اکتوبر کو ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے طلب کیا ہے۔نوٹسز میں شوروم مالکان کو گاڑیوں کی درآمد اور فروخت کے حوالے سے تمام ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شوروم مالکان کو سال 2021 سے اب تک کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔شوروم مالکان کو نوٹس کے ساتھ پرفارما بھی فراہم کیا گیا، مختلف تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔شوروم مالکان کو گاڑی کا ماڈل، رجسٹریشن، رنگ، میکر اور چیسز فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ایف آئی اے کا کمرشل بینکس سرکل خالد بن ولید روڈ پر بھی متعدد کاروائیاں کرچکا ہے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کیس،وفاق نے فل کورٹ کے 5 سوالوں کے جواب دے دیئے



اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے خلاف کیس میں وفاقی حکومت نے فل کورٹ کے پانچ سوالات کے جوابات دے دیئے۔وفاقی حکومت نے جواب میں کہا آٹھ رکنی بینچ کی جانب سے قانون کا معطل کرنا غیر آئینی تھا، سابق چیف جسٹس نے قانون کو معطل کرکے بینچ تشکیل دیکر فیصلے دیئے، اگر قانون برقرار رہتا ہے تو اب تک کے فیصلوں کو عدالتی تحفظ فراہم کیا جائے، عام قانون سازی سے آرٹیکل 184(3) میں اپیل کا حق دیا جا سکتا ہے، آرٹیکل 184(3) میں متاثرہ فرد کے پاس نظر ثانی کے سوا اپیل کا حق نہیں۔جواب میں کہا گیا توہین عدالت کا آرٹیکل 204 اپیل کا حق فراہم نہیں کرتا، پارلیمنٹ نے قانون سازی کرکے توہین عدالت کیسز میں اپیل کا حق فراہم کیا، پریکٹس قانون سے عدلیہ کی آزادی کو مزید یقینی بنایا گیا ہے، قانون سے عدالتی معاملہ میں شفافیت اور بینچ تشکیل میں جموریت آئے گی، پریکٹس قانون چیف جسٹس کے لامتناہی صوابدیدی اختیارات کو سٹرکچر کرتا ہے۔وفاق نے جواب میں کہا پریکٹس قانون کے تحت لارجر بینچ آرٹیکل 184(3) کے مقدمات سنے گا، مفروضہ کے بنیاد پر قانون کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا، مستقبل کے کسی قانون سے عدلیہ کے قانون پر قدغن آئے تو عدالت جائزہ لے سکتی ہے، لامتناہی صوابدیدی اختیار سے نظام تباہ ہوتا ہے، قانون اس بنیاد پر کالعدم نہیں ہوسکتا ہے، فل کورٹ فیصلہ پر اپیل کا حق نہیں ملے گا۔جواب میں کہاگیا کہ فل کورٹ غیر معمولی مقدمات میں تشکیل دیا جاتا ہے، چیف جسٹس ماسٹر آف روسٹر ہوگا یہ کوئی طے شدہ قانون نہیں، ماسٹر آف روسٹر کی اصطلاح انڈین عدلیہ سے لی گئی ہے، پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار ہے، پارلیمنٹ قانون سازی سے عدالتی فیصلوں کا اثر ختم کر سکتی ہے۔

مستونگ: 12 ربیع الاول کے جلوس کے قریب دھماکا، 52 افراد جاں بحق



بلوچستان کے ضلع مستونگ میں الفلاح روڈ پر مسجد کے پاس عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 52 افراد جاں بحق جبکہ 80  زخمی ہو گئے ہیں۔

ایس ایچ او سٹی جاوید لہڑی کے مطابق دھماکا الفلاح روڈ پر ہوا ہے جہاں لوگ عید میلادالنبیؐ کے جلوس کے لیے اکٹھے ہوئے تھے، دھمکاکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکارموقع پر پہنچ گئے اور تفصیلات اکٹھی کر لی گئی ہیں۔

اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے، وزیر اطلاعات بلوچستان

نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے بلوچستان دھماکے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اموات کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات نے شہریوں سے اپیل کی کہ زخمی افراد کے لیے خون کے عطیات دینے کے لیے ہسپتال پہنچیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شدید نوعیت کے دھماکے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے تاکہ وہ جانبر ہو سکیں۔ انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مستونگ دھماکا خود کش تھا، جس میں اب تک 52 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 80 زیادہ زخمی ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے رپورٹ طلب کر لی

دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے مستونگ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعہ کے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کی دہشتگرد حملے کی مذمت

صدر مملکت عارف علوی، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سمیت سیاسی قیادت نے مستونگ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

اس کے علاوہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر، صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف، ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی اور دیگر نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی ایسی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔