لاہور:قائداعظم ٹرافی کے میچ میں کراچی وائٹس نے لاہور کے خلاف ایک اننگ میں پہلی بار پانچ سنچریاں اسکور کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی وائٹس کے پانچ کھلاڑیوں خرم منظور، عماد عالم، اسد شفیق، رمیز عزیز اور سرفراز احمد نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔
قائد اعظم ٹرافی میں یہ کارنامہ پہلی بار ہوا جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ بشمول ٹیسٹ میچز، کی تاریخ میں پانچویں بار ایک اننگ میں 5 سنچریاں بنیں۔1945 میں بھارتی کی رانجی ٹرافی میں میسورکے خلاف ہولکرکی اننگز میں 6 سنچریاں بنی تھیں ،1901 میں نیو ساؤتھ ویلیز نے شیفلڈ شیلڈ میں ساؤتھ آسٹریلیا کے خلاف 5 سنچریاں کی تھیں۔اس کے علاوہ 1955 میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز اور 2001 میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ اننگ میں 5، 5 سنچریاں اسکور کی تھیں۔