اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جوائنٹ بینک اکائونٹ کھلوانے کی درخواست پر ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا۔
شاہ محمود قریشی کی جوائنٹ بینک اکانٹ کے لیے بائیو میٹرک کی اجازت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری سیکرٹ ایکٹ عدالت پیش ہوئے۔
وکیل صفائی علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کا ایک ہی بینک اکانٹ ہے، وہ جیل میں ہیں، روز مرہ کے معاملات چلانے کے لیے جوائنٹ اکانٹ کھلوانا ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کی بائیو میٹرک کے لیے بینک اسٹاف کو جیل جانا ہے، ان کا ایک ہی بیٹا ہے جو واحد کفیل ہے، سابق وفاقی وزیر کے ملازمین اور وکلا کو تنخواہیں بھی دینی ہیں۔
وکیل صفائی علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی بیٹی اور بیوی کے ساتھ جوائنٹ بینک اکانٹ کھلوانا چاہتے ہیں۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔