انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کا میگا ایونٹ شروع ہونے سے 2 روز قبل بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا سفیر مقرر کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق اپنے کیریئر میں چھ ورلڈ کپ میں قابل رشک ریکارڈ رکھنے والے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ سے قبل مینز کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ واک آؤٹ کریں گے اور ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کا اعلان کریں گے۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر، مارکیٹنگ اور کمیونیکیشنز کلیئر فرلانگ نے کہا ہے کہ ہمارے لئے سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 کا سفیر کرنا حقیقی اعزاز کی بات ہے۔
دوسری جانب شچن ٹنڈولکر نے کہا ہے1987 میں بال بوائے ہونے سے لے کر چھ ایڈیشنز میں ملک کی نمائندگی کرنے تک، ورلڈ کپ نے ہمیشہ میرے دل میں ایک خاص جگہ بنائی ہے، 2011 میں ورلڈ کپ جیتنا میرے کرکٹ سفر کا سب سے قابل فخر لمحہ ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا بے صبری سے منتظر ہوں۔