لاہور( این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )ریجن کے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور 27ویںروز 451 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، 450 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئیں جبکہ 63 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل17، زرعی 8، انڈسٹریل1 اور425 ڈومیسٹک کنکشنز تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو9لاکھ75ہزار689یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 4کروڑ49لاکھ122روپے بنتی ہے۔
ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔
رائے ونڈ روڈ کے علاقے میں بجلی چور کو550240 روپے، بدوکی میں520500روپے، باغبانپورہ کے علاقے میں 8338 یونٹس پر458590 روپے اور صدر شیخوپورہ کے علاقے میں بجلی چور کو14670 یونٹس پر456780 کی رقم چارج کی گئی ہے۔27روز کے آپریشن کے دوران کل 12570 کنکشنزچیک کئے گئے،12468 کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے11643 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ کل4217 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو 2کروڑ62لاکھ91ہزار198یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم 1ارب18کروڑ11لاکھ44ہزار203روپے بنتی ہے۔