مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلسل ہونے والی جھڑپوں میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان سے پریشان اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے مشترکہ امن مارچ کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے دو مقامات القدس اور بحیرہ مردار میں سیکڑوں اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے امن ریلی نکالی۔ شرکا نے امن کی علامت کے طور سفید چھتریاں اُٹھا رکھی تھیں، مظاہرے میں شامل خواتین نے ہمارے بچوں کو مارنا بند کرو اور ہم امن چاہتے ہیں، کے نعرے لگا ئے۔ بینرز پر لکھا تھا کہ ہم نے جنگ کے لیے بچے پیدا نہیں کیے۔
مغربی کنارے میں پہلی بار یہ منظر دیکھنے کو ملا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے مشترکہ طور پر کوئی مظاہرہ کیا ہو۔ اس پر خواتین شرکاء کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کی ماؤں اور بہنوں کا ایک سا دکھ ہے،اس ریلی کا انعقاد ’الائنس فار مڈل ایسٹ پیس‘‘ نے کیا تھا۔