دنیا کی کسی بھی زبان میں خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ظالمانہ نظام دھرتی اجاڑ دیتا ہے



لندن سے مانچسٹر پہنچا، یہ برطانیہ کا شمال ہے۔ جیسے ہمارے پاکستان کے شمالی علاقے سرد ہیں ویسے ہی برطانیہ کے شمالی علاقے بھی سرد ہیں۔ مانچسٹر کے قریب چھوٹا سا شہر روچڈیل ہے، یہ شہر اپنے اندر خوبصورتی اور تاریخ کو سموئے ہوئے ہے کیونکہ یہاں مجھے سٹی کونسل کی وہ عمارت دیکھنے کا موقع ملا جس کے مینار کو دیکھ کر ہٹلر کہا کرتا تھا کہ’’جس دن میں نے اسے فتح کر لیا سمجھ لینا میں نے برطانیہ فتح کر لیا‘‘۔ روچڈیل میں رہنے کا اتفاق ہوا، یہ شہر ایک سنگم ہے۔ اس کے ارد گرد لیڈز، شیفیلڈ، بریڈفورڈ اور یارک شائر کے چھوٹے موٹے شہر ہیں جبکہ مانچسٹر جیسا بڑا شہر ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اس لئے روچڈیل اور دوسرے قریبی شہروں کے رہنے والے خود کو گریٹر مانچسٹر کا حصہ سمجھتے ہیں۔ روچڈیل میں میرے میزبان اپنے راوین عاصم رشید تھے۔ روچڈیل میں عاصم رشید میئر رہے ہیں۔ جب دنیا کورونا کے باعث مشکلات میں تھی تو روچڈیل کے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس دوران روچڈیل کے میئر عاصم رشید نے بہت کام کیا، وہ پہلے سے بھی زیادہ مقبول ہو گئے، اسی مقبولیت کے سبب انہیں اپنی بیٹی عائزہ رشید کو بھی سیاست میں اتارنا پڑا۔ اب عائزہ رشید روچڈیل میں کونسلر ہیں۔ مجھ خاکسار کو روچڈیل کونسل کی طرف سے بیجز لگائے گئے، میرے ساتھ برطانوی شہری نعیم چوہان کو بھی بیجز لگائے گئے۔ روچڈیل میں عاصم رشید کی مقبولیت کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ یہ خوبصورت انسان بالکل سیدھی بات کرتا ہے اور برطانیہ میں سیدھی بات کرنے والا آدمی لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیتا ہے۔ عاصم رشید کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ ان سے کوئی ناراض نہ ہو، اب ان کا شمار لیبر پارٹی کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ پچھلے تین چار روز سے ہماری اکثر شامیں مانچسٹر کی ویمزلو روڈ پر گزریں ۔ اس شاہراہ پر کھانوں کے مراکز ہیں۔ دنیا کے مختلف ملکوں کے لوگوں نے اپنے اپنے وطن کی یاد میں ریسٹورینٹس کے نام رکھے ہوئے ہیں، کہیں افغان ریسٹورنٹ ہے تو کہیں لبنان، کہیں کوئی اطالوی ریسٹورنٹ ہے تو کہیں چائنیز،کہیں عربوں نے حقے کیلئے ڈیرے لگا رکھے ہیں لیکن یہاں بھی ہمارے لاہوری سب سے آگے ہیں، صرف لاہور کے نام پر پانچ چھ کھانوں کے مراکز تو میں نے دیکھے ۔ یہاں پاکستانی کھانے آرام سے دستیاب ہیں۔مانچسٹر میں مختلف تقریبات میں شریک ہونے کا موقع ملا، لوگ ان تقریبات کی تصویری جھلکیاں سوشل میڈیا کی نذر کر دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا کے سبب آپ چھپنا بھی چاہیں تو نہیں چھپ سکتے۔ انہی تصویروں کو دیکھ کر کالج کے زمانے کے دوست ناصر خان نے آن پکڑا، میں نے انہیں عرض کیا کہ آپ میرے ساتھ ایک تقریب میں شریک ہوں، انہوں نے کہا وہ سب ٹھیک ہے مگر مانچسٹر اور اس کے آس پاس بسنے والے راوینز کا اصرار ہے کہ ایک کھانا صرف ہمارے ساتھ کھایا جائے جس میں صرف راوینز شریک ہوں۔ برطانیہ میں میرے ہمسفر نعیم چوہان کو اس بات پر بہت غصہ آتا ہے وہ کہتے ہیں کہ برطانیہ کے ہر شہر میں آپ کا فرقہ’’راوینز‘‘ جاگ جاتا ہے۔ شاید اس کا اندازہ انہیں اس وقت شدت سے ہوا جب میں نے ناصر خان کے کہنے پر ایک دن زائد رکنے کا فیصلہ کیا۔ اگلے دن وہ مرحلہ آیا جب ہمارے کئی راوینز ایک ساتھ تھے۔ اس روز رانا زاہد، قاضی رضوان، ڈاکٹر شاہد محمود، طاہر چوہدری اور ناصر خان سمیت کئی دوست خوب ہنسے، بڑے عرصے بعد یاروں کی محفل سجی تھی، محفل میں تین راوینز یعنی عاصم رشید، رانا احسان اور ڈاکٹر زاہد خالد سدھو نجی مصروفیات کے باعث نہ آ سکے البتہ ان کی یادوں کی خوشبو آتی رہی۔ ظالمانہ نظام کتنا بے رحم ہوتا ہے کہ میرے وطن کے کئی خوبصورت اور ذہین افراد کو وطن سے دور رہنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ اس کی ایک تصویر تو کھانے کی اس دعوت کے آخر میں سامنے بھی آ گئی جب میں ریسٹورنٹ سے نکل رہا تھا تو وہاں ایک صفائی کرنے والے لڑکے نے مجھے روک لیا، کہنے لگا’’آپ کے کالم شوق سے پڑھتا ہوں، آپ کے ٹی وی پروگرام بھی دیکھتا ہوں۔ میں سوات کا رہنے والا ہوں، الیکٹریکل انجینئر ہوں مگر وطن سے دور صفائی کرنے پر مجبور ہوں کیونکہ جب پی ڈی ایم حکومت آئی تو مجھ پر زمین تنگ کر دی گئی، ظلم ڈھائے گئے، میرا قصور اتنا ہے کہ میں اپنے ہیرو کے سامنےسب کو زیرو سمجھتا ہوں۔ کیا اپنے ہیرو کو ماننا جرم ہے؟ ہیرو تو قابل فخر ہوتا ہے، ہم بد قسمت لوگ ہیں جو ہیرو کی قدر نہیں کر رہے‘‘۔ سوات کے اس نوجوان کی باتوں نے میری ساری خوشیوں کو آنسوؤں میں بدل دیا، ظالمانہ نظام کا یہی ثمر ہوتا ہے کہ وہ خوشیوں کو آنسوؤں میں بدل دیتا ہے۔اس نوجوان کی باتیں سن کر سرور ارمان یاد آگئے کہ

ہم تو موجود تھے راتوں میں اجالوں کی طرح

لوگ نکلے ہی نہیں ڈھونڈنے والوں کی طرح

بشکریہ روزنامہ جنگ

Spread the love

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں




تازہ ترین

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Idraak.pk News. All Rights Reserved