برطانوی محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے وارننگ جاری کردی ہے، جبکہ لوگوں احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں آج سے کہیں شدید گرمی تو کہیں موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
اسکاٹ لینڈ نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارشوں سے رہائشیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، بعض مقامات پر 7 انچ تک بارش ہوسکتی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی انگلینڈ میں ہفتہ کو درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ جبکہ لندن میں ہفتے کے اختتام پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ سال شدید ترین گرمی سے بے حال ہوکر ساڑھے چار ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے تھے، 2022کے گرم ترین دنوں میں ملک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر گیا تھا، تاہم رواں سال ستمبر 2023کو گزشتہ 138 سال بعد برطانیہ کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں ماہ ستمبر کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے 1884 کے بعد سے سب سے گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے، برطانوی محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق 1884 کے بعد سے اب تک یہ سب سے گرم ترین ستمبر تھا۔