ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 102 رنز سے ہرا دیا، پروٹیز نے آئی لینڈرز کو جیت کیلئے میگا ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا 429 رنز کا ہدف دیا سری لنکن ٹیم 326 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ایڈن مرکرم کو جارحانہ سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کوشال مینڈس، چریتھا اسالانکا اور داس شناکا کی جارحانہ بیٹنگ بھی سری لنکا کے کام نہ آئی، مینڈس 42 گیندوں پر 76، اسالانکا 65 گیندوں پر 79 اور شناکا 62 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کے دیگر کھلاڑیوں میں پاتھم نشانکا صفر، کوشال پریرا 7، سدیرا سماراوکرما23، دھننجایا ڈی سلوا 11، کاسن رجیتھا 33، ویلالاگے صفر اور متھیشا پتھیرانا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جوبی افریقا کی طرف سے جیرالڈ کوئٹزر نے تین، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لنگی انگیدی ایک شکار کر سکے،اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کیخلاف 428 رنز بنا ڈالے، میگا ایونٹ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔
جنوبی افریقی بیٹرز کے سامنے سری لنکن بولرز بے بس نظر آئے، کپتان ٹیمبا باوما 8 رنز پر آؤٹ ہوئے تو کوانٹن ڈی کاک اور رسی وان ڈوسین نے دوسری وکٹ پر ریکارڈ 204 رنز کی شراکت قائم کی، کوانٹن ڈی کوک 84 گیندوں پر 100 اور وان ڈوسین 110 گیندوں پر 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایڈن مرکرم نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی، ہینرک کلاسن 20 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ملر نے 21 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے جبکہ مارکو جیسن 7 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،سری لنکا کی جانب سے متھیشا پتھیرانا 10 اوورز میں 95، کاسن رجیتھا 10 اوورز میں 90، دلشان مدوشناکا 10 اوورز میں 86 اور دنیتھ ویلالاگے 10 اوورز میں 81 رنز دے کر مہنگے ترین بولرز رہے، دھننجایا ڈی سلوا نے 4 اوورز میں 39 اور داسن شناکا نے 6 اوورز میں 36 رنز دیئے۔