حیدرآباد دکن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے سری لنکا کے خلاف جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیااور قوم کے چہروں پرخوشیاں بکھیر دیں ۔ محمد رضوان 80 رنز بنانے کے بعد ٹانگ کی تکلیف میں مبتلا رہے جس کی وجہ سے انہیں بھاگنے میں مشکلات کا سامنا رہا، محمد رضوان میچ کے دوران کئی مرتبہ وکٹ پرگرتے بھی رہے لیکن اس کے باوجود اپنے بیٹ سے ٹیم کی جیت کے لئے اہم مرحلے پر کلیدی کردار ادا کیا۔
رضوان جب بلے بازی کے لئے آئے تو بابراعظم اورامام الحق آئوٹ ہوچکے تھے اور ٹیم دبائو میں تھی اس موقع پررضوان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کرعمدہ شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق 113 رنز بناکرآئوٹ ہوئے تو رضوان نے سعودشکیل کے ساتھ مل کرٹیم کاسکور مزیدآگے بڑھاتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی ۔رضوان نے 121 گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے 131 رنزبنائے اور ناٹ آئوٹ رہے ۔ رضوان کی اننگزمیں 8 چوکے اور3 شاندارچھکے بھی شامل تھے ۔