کوئٹہ( ادراک نیوز) بلوچستان حکومت نے ایرانی تیل سمگلرزکی کشتیاں تباہ کرنے اورافغان شہریوں سے مدارس کا کنٹرول واپس لینے کا اعلان کردیا۔ نگران صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی نے دیگروزرا کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی تیل زمینی راستوں کے مقابلے میں سمندر کے راستے زیادہ سمگل کیا جاتاہے جس کے تدارک کے لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تیل سمگلرزآخری موقع دیاجائے ۔
جان اچکزئی نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تیل کی سمگلنگ میں ملوث کشتیوں کو تباہ کردیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ایرانی تیل کی سمگلنگ 30 فیصد تک کم ہوئی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرکسی چیک پوسٹ کونقصان پہنچا تو سمگلرزمافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
جان اچکزئی کامزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں250 مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے جن میں سے 121 مدارس میں 8 ہزار طبا زیر تعلیم ہیں جبکہ 84 مدارس کاانتظام افغان باشندوں کے پاس ہے جن سے مدارس کاکنٹرول واپس لیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نان سٹیٹ ایکٹرز کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ دہشت گردی کے تمام واقعات میں بھارت ملوث ہے، ہم قیامت تک ایسے عناصر کاتعاقب کرتے رہیں گے۔
وزیراطلاعات کا کہناتھا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ ٹیسٹنگ کمینیوں کاآڈٹ کیاجائے گااورتمام ملازمین کوڈیجیٹل ڈیٹا میں شامل کیاجائے گا۔ جان اچکزئی کے مطابق گھوسٹ بھرتیوں کے ذریعے 7 ارب روپے کے گھپلے ہوئے ۔ گھوسٹ بھرتیوں، پرانی تاریخوں میں بھرتیوں کے نوٹیفکیشنزاور گھوسٹ منصوبوں کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نگران حکومت کے اقدامات عارضی نہیں اگلی حکومت بھی ان اقدامات کو جاری رکھے گی ۔
جان اچکزئی نے وضاحت کی کہ اجازت نامہ رکھنے والے غیرملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا، جعلی کاغذات بنانے والوں اورغیر قانونی غیر ملکیوں کو ہرصورت واپس بھیجا جائے گا