وفاقی کابینہ نے سہیل ناصر کو ڈپٹی چیئرمین نیب لگانے کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 اکتوبر کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے سہیل ناصر کو ڈپٹی چیئرمین نیب اور احتشام قادر کو پراسیکیوٹر جنرل نیب لگانے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے مالیاتی ایڈوائزر کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی ہے،اس کے علاوہ کابینہ نے 2 ملزمان کی حوالگی سے متعلق وزارت داخلہ کی سمری بھی منظور کرلی۔
نگران وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔