ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے، اب تک جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ واجبات کی وصولی کے لیے بھی ٹیمیں اپنا کام کر رہی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق یکم ستمبر سے 8 اکتوبر تک بجلی چوروں کے خلاف مجموعی طور پر 27 ہزار 381 مقدمات درج کیے گئے اور اس دوران 13 ہزار 621 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
یکم ستمبر سے 8 اکتوبر تک بجلی چوروں سے 17.67 ارب روپے وصول کیے گئے ہیں۔
اب تک ہونے والی کارروائیوں میں لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) سرفہرست ہے، لیسکو میں اب تک بجلی چوری کے خلاف 12 ہزار 778 مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ 4587 افراد کو گرفتار کر کے 4.61 ارب روپے کی وصولی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گیپکو میں 1473 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کر کے 779 افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں اور ان سے 51 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی ہے۔
فیسکو ریجن میں کارروائیوں کے دوران 2358 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور اس دوران گرفتاریاں 1932 ہوئی ہیں جبکہ وصولی کی رقم 70 کروڑ ہے۔
آئیسکو نے 349 مقدمات درج کر کے 263 بجلی چوروں کو گرفتار کیا ہے اور ریکور ہونے والی رقم 38 کروڑ ہے، جبکہ میپکو نے بھی 5 ہزار 856 مقدمات درج کرتے ہوئے 4 ہزار 688 گرفتاریاں کی ہیں اور 1.90 ارب روپے کی رقم وصول کر لی ہے۔
اسی طرح پیسکو میں 3 ہزار 8 مقدمات درج ہوئے ہیں اور گرفتار ہونے والوں کی تعداد 1017 ہے۔ اس دوران بجلی چوروں سے 3.17 ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں۔ جبکہ ٹیسکو قبائلی علاقہ جات میں 57 مقدمات درج کر کے 16 گرفتاریاں کی گئی ہیں جبکہ وصول ہونے والی رقم 6 کروڑ روپے ہے۔