لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے لبنانی علاقوں میں گولہ باری کے جواب میں اسرائیل پر راکٹوں اور ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ کے زیر انتظام چلنے والے سیٹلائٹ ٹیلی ویژن المنار ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے شیبا فارمز کے سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے مطابق حملے میں راکٹوں، ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل اور مارٹر گولوںکا استعمال کیا گیا۔حزب اللہ کا کہنا ہےکہ یہ کارروائی اسرائیل کی گولہ باری کا جواب ہے۔دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ لبنان سے ہونے والے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں، ایک زخمی اسرائیلی فوجی کی حالت تشویش ناک ہے۔ قبل ازیں اسرائیل نے فلسطین کے مرکزی شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری کی جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید افراد کی تعداد 1900 سے تجاوز کر گئی جبکہ اسرائیلی بمباری سے 7 ہزار 676 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے مزید 14 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جس کے بعد مغربی کنارے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 49 ہو گئی۔