دنیا کی کسی بھی زبان میں خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

 پنشن رولز میں تبدیلیوں کی سمری تیار ، افواج پاکستان کے ملازمین مستثنیٰ ہونگے 



وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کی پنشن رولز میں تبدیلیوں کی سمری تیار کر لی ہے ، تاہم افواج پاکستان کے ملازمین مستثنیٰ ہوں گے۔

 ذرائع کے مطابق پنشن میں تبدیلیوں سے متعلق تجاویز کی سمری  وزارت خزانہ نے  وزیراعظم کو بھجوا دی، پنشن کے موجودہ فارمولے کے تحت کسی بھی سرکاری ملازم کی حاصل کردہ آخری تنخواہ کے مطابق پنشن جمع کی جاتی ہے  تاہم نئے طریقہ کار کے تحت پنشن کا تعین آخری 3 سال تنخواہ کی اوسط پر کیا جائے گا، سمری میں پنشنر کا کمیوٹیشن 25 فیصد کر دیا گیا ہے۔

تجویز کے مطابق سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت 35 کے بجائے 25 فیصد رقم یکمشت اور باقی 75 فیصد رقم ماہانہ قسطوں میں ادا کی جائے۔

اس کے علاوہ سرکاری ملازم کی پنشن کو تیسری سطح جیسے کہ غیر شادی شدہ، طلاق یافتہ یا بیوہ بیٹی کو عمر بھر دینے کے بجائے صرف دس سال تک دینے کی بھی تجویز ہے، رپورٹ کے مطابق شہدا کے خاندانوں کے لیے یہ حد 20 سال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنشنر دوبارہ سرکاری نوکری کی صورت میں پنشن وصول کر سکتا ہے یا پھر تنخواہ،پنشن میں اضافہ صرف سالانہ مہنگائی کے ساتھ منسلک ہو گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر کسی سال مہنگائی 10 فیصد سے زائد ہوئی تو ایڈہاک ریلیف فراہم کیا جائے گا، جب مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے کم ہو جائے گی پھر ایڈہاک ریلیف ختم کر دیا جائے گا۔

Spread the love

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں




تازہ ترین

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Idraak.pk News. All Rights Reserved