اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اور شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مزید 436 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جن میں شامل بچوں کی تعداد 182 ہے۔7 اکتوبر سے اب تک 2 ہزار 55 بچے شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کہ الشاتی کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوئے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں بمباری کرتے ہوئے 23 افراد کو شہید کر دیا، الفلوجہ میں 17 اور دیر البلاح میں بھی 10 افراد کو شہید کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے 3 مساجد پر بھی بمباری کی گئی ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک 31 مساجد شہید ہو چکی ہیں۔
اسرائیل کی بمباری کے باعث غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے، دوسری جانب اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی گئی ہے کہ کسی بھی وقت غزہ پر زمینی حملہ کر دیں گے۔