نگران حکومت نے سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
موقر قومی اخبار کی خبر کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کابینہ کے دو ارکان نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پیر کو سنائے گئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی۔
تاہم، وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے جب رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ حکومت تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون دیگر کے ساتھ مل کر فیصلے کا جائزہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزار ت قانون کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔ یاد رہے پیر کو سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل غیر آئینی ہے۔