امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بند نہ ہوئی تو تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے۔
منصورہ میں علماء و مشائخ فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 19 دن ہو گئے ہیں غزہ پر فاسفورس بموں کی بارش ہو رہی ہے، وہاں کھانے پینے کی کوئی چیز ہے، نہ کفن کے لیے کپڑا۔
اُنہوں نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے پیغام دہراتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام کو اور کتنی لاشوں کی ضرورت ہے؟، سراج الحق نے کہا کہ سقوطِ غرناطہ کے بعد 30 لاکھ مسلمانوں کو ہجرت کرنا پڑی، 500 سال غرناطہ اور قرطبہ کی مساجد اذان کے لیے تڑپتی رہیں، 74 لاکھ افواج رکھنے والا عالمِ اسلام آج خاموش ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حماس رہنماؤں نے فون کر کے صرف 10 فیصد سپورٹ مانگی ہے، ہم ساتھ کھڑے ہیں، فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جس طرح کشمیر ہمارے لیے اہم ہے اسی طرح غزہ بھی اہم ہے۔