پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو الیکشن لڑنے کا چلینج دے دیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشدکو جمعرات کے روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے لئے لایا گیا ۔ پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بہادر ہو تو میرے خلاف الیکشن لڑ کر دکھاؤ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ اور اشتہاری ہیں۔ ان کو الیکشن کے لیے باہر سے لایا گیا ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہ ہے کہ جس نے الیکشن لڑنا ہے وہ باہر ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہے۔ نواز شریف کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ ہمارے کیسز کا چالان چار ماہ سے آج تک نہیں آیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے اس موقع پر بات چیت میں کہا کہ جھوٹے کیس میں 6 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ یہ ہم سے پریس کانفرنس کروانا چاہ رہے ہیں۔ ہم نے پی ٹی آئی چھوڑنا ہوتی تو تب ہی چھوڑ دیتے۔