پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران شاداب خان کی انجری پرشکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے سپن بولر پرسخت تنقید کی ہے۔
ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئےعمر گل نے کہا کہ شاداب خان نے خود کو بچایا اور بہانہ بنایا۔
عمر گل نے کہا کہ ’یہ ایک اہم میچ تھا اور بطور سینئر کھلاڑی آپ کو میدان پر ہونا تھا، ایسی بہت سی مثالیں ہیں جب کھلاڑی ٹوٹے ہوئے ہاتھوں کے ساتھ اپنی ٹیم کے لیے لڑے اور میچ میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، میں شاداب سے متفق نہیں ہوں، مجھے نہیں لگتا کہ انہیں سیریس انجری ہوئی ہے‘۔
عمر گل نے کہا کہ ‘ہمیں نہیں معلوم کہ شاداب کو کس قسم کی انجری ہوئی ہے لیکن لازمی سوال اٹھتے ہیں جب آپ گرتے ہیں، کنکشن کا بہانے بناتے ہیں اور ٹیم سے بھاگ جاتے ہیں، پھر فزیوتھراپسٹ چیک اپ کرتے ہیں اور تھوڑی دیر بعد آپ باہر آجاتے ہیں، وہاں آپ لوگوں سے بات کرتے ہیں اور پھر دوبارہ اندر چلے جاتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا ‘جب آپ کو لگتا ہے کہ میچ پاکستان کے حق میں جارہا ہے تو آپ ڈگ آؤٹ میں باہر آکر بیٹھ جاتے ہیں اور ہنس رہے ہوتے ہیں اس کا مطلب ہے کہ آپ نے بہانہ بنایا اور میچ سے جان چھڑائی ہے، پھر تو لوگ سوال اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ کی دوسری اننگز میں آل راؤنڈر شاداب خان کو گراؤنڈ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے سر میں چوٹ لگی تھی جس پرشاداب کو طبی معائنے کے لیے میدان سے باہر لے جایا گیا لیکن بعد میں دوبارہ میدان میں آئے لیکن کچھ دیر رہنے کے بعد دوبارہ میدان سے باہر چلے گئے اوران کی جگہ اسپنر اسامہ میر کو کنکشن قانون کے تحت ٹیم میں شامل کیا گیا۔ اس میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔