کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے جس طرح صہیونی ایجنٹ کو اپنے وطن عزیز میں شکست دی، اسی طرح تمہاری سرزمین پر بھی تمہیں شکست دیں گے اور فلسطین کی آزادی کی جنگ میں برابر کا شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کوئٹہ میں طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس کانفرنس کا انعقاد کر کے ہم نے پوری دنیا، امریکا، یورپ، اسرائیل اور بے حس مسلمان حکمرانوں کو بھی پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں، ہم ان کی آزادی کی جنگ میں برابر کا شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے حماس اور فلسطینی قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کچھ دیر عربی زبان میں بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے یاد ہے کہ جب 1967 میں اسرائیل نے عرب دنیا پر حملہ کیا تو پاکستان کی گلی گلی کوچے کوچے سے جمعیت علمائے اسلام کی دعوت پر اپنے فلسطینیوں بھائیوں کے ناصرف موقف کی حمایت کی تھی بلکہ یہ بھی واضح کردیا تھا کہ ہم اپنے مجاہدین کو لے کر ماجدین فلسطین کے شانہ بشانہ اسرائیلیوں کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں دنیا بھر کی یہودی لابی پر واضح کردینا چاہتا ہوں، صہیونی قابضوں پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ تم نے پاکستان میں اپنے جس ایجنٹ کو بھیجا تھا ہم نے آج اس کو شکست دے دی تھی اور وہ مکافات عمل کا شکار ہے، ہم نے اپنے وطن عزیز میں ان کو شکست دی ہے اور آپ کی سرزمین پر بھی ان کو شکست دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب امریکا اور نیٹو ممالک نے افغانستان پر حملہ کیا تو امارات اسلامیہ اور ان کے مجاہدین کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں، آج اسرائیل پھر وہی آواز دہرا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ حماس کے مجاہدین کے کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں، میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا میں ایک واضح نظریے کی تقسیم ہے، تم جنہیں دہشت گرد کہتے ہو ہم انہیں وقت کا مجاہد سمجھتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، میں اپنے ملک کے حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اب امریکا کی غلامی کا پٹہ گردن سے اتار دو اور تن کر اس کے سامنے کھڑے ہو جاؤ، یہ آپ کے ایمان کا تقاضا ہے، تم نے مشرف کے زمانے میں بھی بزدل ہو کر جو پالیسی اختیار کی تھی اگر تم نے آج پھر اسی بزدلی کا مظاہرہ کیا تو پاکستانی قوم آپ کے مقابلے میں کھڑی ہو گی۔