دنیا کی کسی بھی زبان میں خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

افغانستان کی ورلڈ کپ میں تیسری فتح،پوائنٹس ٹیبل پرپاکستان اور سری لنکا کوپیچھے چھوڑ دیا



آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ  میں افغانستان نے سری لنکا کو شکست دے کرٹرافی کی دوڑ سے آؤٹ کردیا۔ سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لئے 242 رنز کا ہدف دیا تھا جسے افغانستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

یہ افغانستان کی ورلڈ کپ میں تیسری فتح ہے جس کے بعد افغانستان نے پوائنٹس ٹیبل پرپاکستان اور سری لنکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔افغان ٹیم چھ میچوں میں تین فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا چار شکستوں کے باوجودچھٹے اور پاکستان4 شکستوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

افغانستان کی پہلی وکٹ جلد گر گئی تھی جب رحمان اللہ گربازبغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے تاہم اس کے بعد ابراہیم زدران اور رحمت شاہ نے اپنی ٹیم کا سکور73 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پرابراہیم زدران 39 رنز بناکرآئوٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں سکور131 رنز پرپہنچا تو رحمت شاہ 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کرآؤٹ ہو گئے ، حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمرزئی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 100 سے زیادہ سکور بناکر اپنی ٹیم کو ایک اور تاریخی جیت سے ہمکنار کرادیا۔

حشمت اللہ شاہدی نے58 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 73 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ورلڈ کپ کا30 واں میچ بھارتی شہر پونے میں کھیلا جس میں افغان کپتان  حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر  سری لنکن کپتان کوشلو مینڈیس کو  پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

 سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغازپتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغان  بولرز کے سامنے اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔

 پانچویں اوور میں  دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر  15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،پتھم نسانکا 60 گیندوں پر  46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انھوں نے  39 رنز  پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی، اس کے بعد مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رنز پر  ایل بی ڈبلیو کردیا۔

ڈی سلوا کو 14 رنز پر راشد خان نے بولڈ کیا تو سری لنکا کی آدھی ٹیم 167 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی،سکور 180 پرپہنچا تواسالانکا بھی 22 رنزبناکر فضل حق فاروقی کی گیند پرکیچ آئوٹ ہوگئے،185 رنز پر سری لنکا کی ساتویں وکٹ گری جب ابراہیم زدران نے چمیرا کو رن آؤٹ کردیا ۔

سری لنکا کی پوری ٹیم آخری اوور میں241 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی طرف سے فضل حق فاروقی نے 4 اور مجیب الرحمان نے دو وکٹیں حاصل کیں،عظمت اللہ عمرزئی اور راشد خان کو ایک ایک وکٹ ملی۔

Spread the love

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں




تازہ ترین

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Idraak.pk News. All Rights Reserved