پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کے اعلان کے بعد سے اب تک خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے سرحدی مقام طور خم سے 90 ہزار سے زیادہ افغان مہاجرین واپس جاچکے ہیں۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے پشاور، ہری پوراور ضلع خیبر میں عارضی کیمپ قائم کیے ہیں۔
یکم نومبرسے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو پکڑ کر ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں طورخم کے راستے افغانستان بھیجا جائے گا۔
پشاور کے عارضی کیمپ میں 2 ہزار افراد کی گنجائش ہے،محکمہ داخلہ نے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے جہاں سے واپسی کے عمل کو مانیٹر کیا جارہا ہے، ہیلپ لائن کا اجراء بھی کیا گیا ہے جس پر غیرقانونی غیر ملکیوں کی نشاندہی کے علاوہ دیگر مسائل کی صورت میں رہنمائی بھی مل سکے گی ۔
خیبرپختونخوا میں مقیم افغان مہاجرین کی تعداد 9 لاکھ سے زیادہ ہے جب کہ رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار 418 افغان باشندوں کو ویزے جاری کیے گئے۔