سپریم کورٹ میں ون مین شو ختم : نواز شریف کا آنا مشکل ہوگیا:فیصل کنڈی



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں اچھا فیصلہ سنایا ہے، اپیل کے حق پر کسی کو اختلاف نہیں تھا، اختلاف اتنا تھا کہ کیا پارلیمان قانون میں تبدیلی کرسکتی ہے، اختلاف تھا کہ کیا قانون میں تبدیلی کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہائیکورٹس کیلئے ایسا ہی قانون لے کر آنا چاہئے کہ صرف چیف جسٹس بینچز نہ بنائیں۔نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف اس وقت سزا یافتہ ہیں، ان کی اپیلیں مسترد ہوگئیں، ان کو جو ٹائم فریم دیا گیا تھا اس میں یہ واپس نہیں آئے، تو جس وقت بھی واپس آئیں گے تو قانون کے مطابق انہیںجیل ہی جانا ہے۔یہ جہاں بھی لینڈ کریں،قانون کے مطابق ان کی گرفتاری لازمی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ درست سمت میں ایک قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ بادی النظر میں دیکھا جائے تو اپیل کا حق نہ ہونا بہت بڑی ناانصافی ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ نواز شریف کی 5 سال کی نااہلیت والی سزا کا تعین پارلیمان کرچکی ہے، سزا معطلی پر وکلاء دیکھیں گے کہ اس پر کوئی صورت ہوئی تو نظر ثانی پر جائیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کی بالادستی کی توثیق کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سارے ادارے اسی طرح اپنے اپنے کام کریں تو ملک ترقی کی طرف جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ون مین شو ختم ہوگیا ہے، اب فرمائشی پروگرام نہیں چل سکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ریلیف نہ ملا تو شاید وہ واپس نہیں آئیں گے، یہ عدلیہ کیلئے بہت بڑا امتحان ہوگا۔ اگر عدالت کہتی ہے کہ پہلے وہ گرفتار ہوں، ضمانت لیں اور پھر جلسہ ہوگا تو پھر 21 کو جلسہ تو نہیں ہوگا۔

ماں نے دو بچوں کو گلے کاٹ کرموت کی نیندسلادیا



ہنگو کے علاقے کربوغہ میں ماں نے دو کمسن بچوں کے گلے کاٹ کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا
پولیس کے مطابق دونوں بیٹوں کے سوتے میں گلے کاٹ دیئے۔ بچوں کی عمریں بالترتیب دو سال اور 5 سال بتائی جاتی ہیں، پولیس نے بچوں کی ماں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا دماغی توازن درست نہیں ہے۔

برطانیہ میں فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالنا، پرچم لہرانا جرم قرار



برطانوی وزیر داخلہ نے سڑکوں پر فلسطینی پرچم لہرانے کو دہشت گردوں کی حمایت قرار دیدتے ہوئے پولیس کو ایسا کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی وزارت داخلہ نے اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے پیش نظر مختلف اقدامات کیے ہیں جس کے تحت عوامی مقامات پر فلسطینی پرچم لہرانے پر پابندی ہوگی۔
وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے پولیس فورسز کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا کہ وہ حماس کے جھنڈے یا لوگو کی نمائش یا فلسطینی عسکریت پسند گروپ کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کے لیے چوکس رہیں۔
برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریومین نے پولیس افسران کو آگاہ کیا کہ سڑکوں پر فلسطینی پرچم لہرانا قابل گرفت جرم ہوسکتا ہے اور ایسا کرنے والے کو حماس اور دہشت گردی کا حامی سمجھا جائے۔
وزیر داخلہ سویلا بریومین نے مزید ہدایت کی کہ فلسطینی پرچم لہرا کر حماس کی حمایت یا یہودیوں کو ڈرانے کی کوشش کرنے والوں سے پولیس پوری طاقت سے نمٹے۔
سویلا بریومین نے کہا کہ حماس کے حق میں نعرے لگانے والوں پر پابندی پر غور کر رہے ہیں جب کہ اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کے نعروں کو بھی جرم تصور کرنے کی تجویز ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ کی حکومت نے 2021 میں حماس کو دہشت گرد گروپ تسلیم کرکے کالعدم قرار دے دیا تھا تاہم اب فلسطینی پرچم لہرانے کو بھی حماس کی حمایت کرنا قرار دیا جا رہا ہے۔

ورلڈ کپ ، بھارت نے افغانستان کو شکست دیدی ، روہت شرما کی شاندار سنچری



 ورلڈکپ کے نویں میچ میں بھارت نے  افغانستان کو با آسانی 8  وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت نے افغانستان کا 273 رنز کا ہدف با آسانی 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 31 ویں سنچری تھی۔

اس کے علاوہ ایشان کن نے47 ، ویرات کوہلی  55 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ  شریاس ائیر نے  25 رنز بنائے۔

 روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے،ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے افغانستان کے خلاف اننگز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا 554 واں چھکا مار کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کرس گیل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 553، پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے 476، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 398 چھکے مارے۔

اس کے علاوہ روہت شرما نے افغانستان کے خلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد وہ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔

روہت نے ورلڈ کپ کی 19 اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی، اس سےقبل ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 44 اننگز میں 6 سنچریاں بنائی تھیں۔

افغانستان کے خلاف روہت کی سنچری بھارت کی جانب سے ورلڈکپ میں تیز ترین سنچری بھی ہے۔انہوں نے 63 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی،سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983 کے ورلڈ کپ میں 72 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

موسمیاتی خطرات کا مقابلہ بھی تعلیم اور آزادی اظہار جتنا اہم ہے، بلاول



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا کسی ایک ملک یا پارٹی کی نہیں ، سب کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی ہیومن رائٹس سیل کے تحت ’’ماحولیاتی تبدیلی کے انسانی حقوق پر اثرات” کے موضوع پر اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس سے ویڈیو لنک خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی تبدیلی انتہائی اہمیت کاحامل موضوع ہے ۔ یہ چیلنجز پارٹی لائنوں سے بالاتر ہیں ۔ بلاول نے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کے دورسے گزررہے ہیں ، پریشان کن بات یہ ہے کہ پاکستان موسمیاتی بحران کا مرکز ہے ۔ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ شمال کے گلیشیئرز خطرناک حد تک پگھل رہے ہیں اور جنوب کی زرخیز زمینیں ریگستان بنتی جارہی ہیں، موسم کی بے ترتیبی فصلوں کو اور سیلاب ہمارے گھروں و املاک کو تباہ کررہا ہے ۔
یہ بحران پہلے سے پسماندگی میں ڈوبے کثیر لوگوں کوپسماندگی کے مزید گہرے گڑھوں میں دھکیل دے گا۔
بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی علمبردار ہونے کی قابل فخر تاریخ رکھتی ہے۔ آج میں آپ سے التجا کرتا ہوں کہ ان حقوق کے بارے میں بھی اپنی سمجھ کو وسعت دیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف ہوا، پینے کا صاف پانی اور معاشی استحکام اتنے ہی اہم بنیادی انسانی حقوق ہیں جتنا کہ آزادی اظہار، اچھی تعلیم کا وعدہ اور منصفانہ ٹرائل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آب و ہوا کی پالیسیوں کو انسانی حقوق کے ساتھ ہم آہنگ کرناچاہتی ہے۔ہم صرف پالیسیوں کا مسودہ نہیں بنائیں گے بلکہ ہمہ گیر حل بھی بتائیں گے۔
بلاول نے کہا کہ بے آواز کو بااختیار بنانابھی پیپلزپارٹی کے منشور کالازمی جزو ہوگا۔اب کمزور طبقات فیصلوں کی تشکیل اور آگے کا راستہ طے کرنے میں ایک فعال اور اہم کردار ادا کریں گے ۔
ملازمتوں کے ذریعے سبز انقلاب کو آگے بڑھانا بھی ہماری بنیادی پالیسی میں شامل ہوگا۔
بلاول کا کہناتھا کہ ہمیں تعلیم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔ ہمیں ایسے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے جو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے لچکدار ہو۔ ہمیں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا چاہیے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ کسی ایک ملک کی لڑائی نہیں بلکہ اجتماعی کوشش ہے۔
بلاول نے کہا کہ ہم صرف بیان بازی نہیں کرتے۔ ہمارے پاس پاکستان کے لوگوں کو دکھانے کے لیے ایک مثال موجود ہے کہ ہم نے پروجیکٹس کی شکل میں اس بیان بازی کو کہاں تک پہنچایا ہے۔
ہمارے پاس سندھ کا ‘اپنی زمین اپنا مکان’ پروگرام ہے جو موسمیاتی آفات کی وجہ سے تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر نو کر رہا ہے۔
ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نہ صرف گھر فراہم کر رہے ہیں بلکہ زمین کی ملکیت بھی دے رہے ہیں۔
کانفرنس میں پی پی پی ہیومن رائٹس سیل کے صدر فرحت اللہ بابر، سابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و نائب صدر پی پی پی پی سینیٹر شیری رحمن، جنرل سیکریٹری ہیومن رائٹس سیل پی پی پی سیدہ ملائکہ رضا، جنرل سیکریٹری پی پی پی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مرکزی سیکرٹریٹ انچارج سبط الحسن بخاری، ایڈووکیٹ شکیل عباسی نے بھی خطاب کیا۔

غزہ کے واحد پاور اسٹیشن کا ایندھن ختم، بجلی کی فراہمی بند



اسرائیل کی مکمل ناکہ بندی کے بعد ایندھن ختم ہونے کے باعث غزہ کے واحد بجلی گھر نے کام کرنا بند کر دیا ،غزہ کی پٹی میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہو گئی۔

اسرائیل نے پیر سے غزہ میں بجلی، ایندھن، خوراک اور پانی کی فراہمی بند کر دی تھی۔

دوسر ی جانب برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی اسرائیلی حکام کو برطانوی حمایت کا یقین دلانے اسرائیل پہنچ گئے۔ جمیز کلیورلی اسرائیلی حکام سے ملاقات میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور اسرائیل کے دفاع کے لیے برطانوی حمایت کی یقین دہانی کرائیں گے۔

اسرائیل پر حماس کے حملے میں ابھی تک سترہ برطانوی شہریوں کے ہلاک یا لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 

۔

 بھارتی وزیراعلیٰ کی  سندھ پر قبضے کی پھر دھمکی



بھارتی ریاست اتر پردیش کا وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بائولا ہو گیا دو روزہ قومی کنونشن سے خطاب کے دوران بھی سندھ پر قبضے کی دھمکی دے دی۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ  کی ہرزہ سرائی پر پاکستانی دفتر خارجہ  کا بھر پور جواب
خطاب کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جب شری رام جنم بھومی کو 500 سال بعد واپس لیا جا سکتا ہے تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم “سندھو”کو واپس نہیں لے سکتے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے مزید کہا کہ  سندھی برادری کو اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے، اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ تقسیم کے بعد سندھی برادری کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان کی مذمت کی جاچکی ہے۔

سہواگ  نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ  کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا



سابق بھارتی اوپننگ بیٹر وریندر سہواگ نے دعویٰ کیا  ہےکہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت کو آگے بڑھنے میں مدد کرے گی ۔اس کی خواہش ہے کہ میزبان ٹیم آخر تک ٹورنامنٹ میں موجود رہے، یہاں پر پچز بھارتی گراؤنڈز مین نے ہی تیار کی ہیں۔

اسی طرح جب میزبان الیون سیمی فائنل یا فائنل کھیلے گی تب بھی ایسی ہی پچ تیار کی جائیں گی جس سے اسے فائدہ پہنچے۔اسی لیے میں سمجھتا ہوں کہ بھارتی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع موجود ہوگا۔

سہواگ مزیدنے کہا کہ آئی سی سی کو اچھی طرح معلوم ہے کہ اگر بھارتی ٹیم آخر تک ایونٹ میں رہے گی توزیادہ ویورشپ اوراسپانسرز ملیں گے، اس سے خود میزبان بورڈ کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔

پورے ملک میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان



محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم کے داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے ملک بھر میں بارشوں اوربرفباری کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کے اس سسٹم کے ایران کے راستے صوبہ بلوچستان میں داخل ہونے کی توقع ہے جس کی وجہ سے 16 سے 21 اکتوبر تک ملک کے مختلف مقامات پر بارشیں اور شمالی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، اس سسٹم کے باعث وسطی اور بالائی سندھ میں بھی بارشوں کی توقع ہے، جنوبی سندھ میں بھی اس سسٹم کے اثرات ہوں گے جس کی وجہ سے کراچی میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اکتوبر کے وسط سے پاکستان بھر میں مغربی ہواؤں کے سلسلوں کا اغاز ہونے جا رہا ہے، جو ماہ اکتوبر میں 2 سے 3، نومبر میں 2 اور دسمبر مین بھی 3 سے 4 مختلف شدت اور دورانیے کے بارش کے سپیل کا باعث بنے گا جب کہ اس سال معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث ملک بھر میں معمول سے کم درجے کے پارہ کا امکان ہے، اسی سسٹم کے باعث برفانی علاقوں میں زبردست برفباری کا امکان ہے جس کی وجہ سے دھند کے طویل سلسلے رہیں گے۔

کینیڈا کو بھارت کیخلاف امریکا کے بعد اردن، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کی بھی حمایت حاصل



علیحدگی پسند سکھ رہنما کے را کے ہاتھوں قتل پر کینیڈا نے بھارت کیخلاف امریکا کے بعد اردن، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کی بھی حمایت حاصل کرلی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سکھ رہنما کے قتل کے شواہد پر گفتگو کی۔
جس پر برطانوی وزیراعظم رشی سوناک جن کا تعلق بھارت سے ہی ہے، نے کینیڈا کو اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
بعد ازاں کینیڈین وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے بھی بات کی اور سکھ رہنما کے قتل کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹھوس شواہد کو دیکھتے ہوئے امارات نے بھی کینیڈا کی حمایت کا فیصلہ کیا۔
سکھ رہنما کے کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ہاتھوں قتل پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اردن کے فرماں رواں عبداللہ بن الحسین سے بھی حمایت حاصل کرلی۔
گفتگو کے دوران اردن، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے بھارت کے خلاف قانونی کاروائی پر زور دیا۔
یاد رہے کہ 21 ستمبر کو کینیڈا نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت پیش کرتے ہوئے بھارتی سفیر کو ملک بدر کردیا تھا۔
جس کے جواب میں الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق نے نہ صرف ان ٹھوس شواہد کو مسترد کردیا بلکہ کینیڈا کے سفارت کاروں کو ایک ماہ میں ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔

اسرائیل فلسطین جنگ میں مزید ممالک کود پڑے ، اسرائیل میں1200 ہلاکتیں ، غزہ پر بدترین بمباری



حماس اوراسرائیل کی جنگ میں مزید تین ممالک بھی شامل ہو گئے جس کے بعد لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے جبکہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے تاریخ کی بدترین بمباری کی جارہی ہے ۔ غزہ سے آنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی 3 لاکھ آرمی غزہ کامحاصرہ کئے ہوئے ہے ، بدھ کے روز اسرائیل جنگی طیاروں نے غزہ میں یونیورسٹی پر بھی بمباری کی ۔ اقوام متحدہ کے مطابق  غزہ پر بمباری کے نتیجے میں دو لاکھ 60 ہزار افراد بے گھرہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج فاسفورس استعمال کررہی ہے
اسرائیل کی جانب سے غزہ پربمباری میں ممنوعہ سفید فاسفورس کا استعمال بھی شروع کردیا گیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق عالمی سطح پر پابندی کے باوجود فلسطینیوں پر صیہونی فوج سفید فاسفورس کے راکٹ پھینک رہی ہے۔
اسرائیل  نے حماس کی القسام بریگیڈ کے سربراہ کے گھرپر حملہ کیاجس کے نتیجے میں سپریم کمانڈر محمد الضیف کے والد ، بھائی، بھتیجے اور پوتی شہید ہوگئے۔
5 روزہ جارحیت کے دوران غزہ میں 22 ہزار 639 گھر تباہ ،10 اسپتالوں اور 48 اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب جاں بحق فلسطینی صحافی محمد صبوح کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور محمد صبوح کی میت پر ان کا کیمرہ بھی رکھ دیا گیا۔

فلسطینی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ہفتے کے روز سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 1055 تک پہنچ گئی ہے۔

 ان حملوں میں 5100 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے تقریباً 60 فیصد عورتیں اور بچے ہیں۔

غزہ میں صورتحال انتہائی خطرناک،ہسپتال بھرچکے
عالمی فلاحی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ غزہ میں اسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور دوائیوں کی شدید قلت کا سامنا ہے جب کہ غزہ بجلی کی بندش اور میڈیکل سپلائی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔
فلسطین میں تنظیم کے ہیڈ آف مشن نے کہا کہ غزہ کی صورتحال خوفنا ک ہے، تمام اسپتالوں میں شدید رش کی وجہ سے زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جس وجہ سے میڈیکل ٹیمیں مسلسل زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے سے تھکاوٹ کا شکار ہیں۔

امریکی اسلحے سے بھرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا عملی طورپر اسرائیل کا ساتھ دینے کے لئے میدان جنگ میں اترآیا ہے اور امریکی اسلحے سے لیس بحری بیڑہ فلسطین پر بمباری کے لئے اسرائیل پہنچ گیا ہے ۔ امریکی ہتھیار جنوبی اسرائیل کے ایک ائیر بیس پر پہنچائے گئے ۔امریکی میڈیا کے مطابق دوسرا بحری بیڑا بھی اسرائیل بھیجنے پر غور کیا جارہا ہے۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا ہےکہ فی الحال امریکی فوج تعینات نہیں کی جارہی، امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن آج اسرائیل کے لیے روانہ ہوں گے۔

حزب اللہ اورشام کے اسرائیل پرحملے،چیچن جانباز بھی تیار
دوسری طرف  فلسطین عوام کاساتھ دینے کے لئے عملی طورپر لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے شروع کر دیئے ہیں جبکہ شام سے بھی اسرائیل پرحملوں کاآغاز ہوگیا ہے ۔ حزب اللہ کے حملے میں اسرائیلی فوج کی گاڑی تباہ ہوئی  کردی۔روسی جمہوریہ چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف نے فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی اپنے فوجی امن مشن کے طور پر فلسطین بھیجنے کی بھی پیشکش کی ہے۔

ہولوکاسٹ کے بعد ایسا منظر نہیں دیکھا،اسرائیلی وزیراعظم
پانچ روز سے جاری آپریشن القدس فلڈ میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1200 سے زیادہ ہوگئی  ہے جب کہ چار ہزار زیادہ زخمی ہوئے  ہیں ۔اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فونک گفتگو میں تسلیم کیا ہے کہ ہولوکاسٹ کے بعد ایسا منظر نہیں دیکھا۔
غزہ کے قریب اسرائیلی شہریوں میں ہتھیار تقسیم
اسرائیل کی قومی سلامتی کے وزیر نے کہا ہے کہ ہفتے کے روزحماس کے حملے کے بعد سے غزہ کی سرحد کے قریب واقع اسرائیلی شہر سدیروت کے رہائشیوں میں 27 ہزار ہتھیار تقسیم کیے گئے ہیں۔بین گویر کے مطابق ہم ہتھیاروں کی تقسیم کاعمل جاری رکھیں گے۔
سدیروت ان شہروں میں شامل ہے جسے حماس نے سنیچر کی صبح اپنے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا تھا۔
بمباری کے بعداسرائیل کاغزہ پرزمینی حملہ
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس کو نشانہ بنانے کے لیے طیاروں کے علاوہ زمین سے داغے جانے والے راکٹ بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ فوجی ترجمان ڈینیئل ہگاری کا کہنا ہے کہ 2006 کی لڑائی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں حملوں کے لیے یہ راکٹ استعمال کیے ہیں۔
3 لاکھ فوج غزہ کی سرحد پرپہنچ گئی
اسرائیلی فوج کےترجمان لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) جوناتھن کونریکس نے ایک ویڈیو اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ’ہمیں بہت زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ غزہ کی سرحد کے قریب ’پیادہ فوج، بکتر بند فوجی، توپ خانے کی کور‘ اور 300،000 ریزرو اہلکار بھی بھیجے ہیں۔

۔

نواز شریف نے لندن چھوڑ دیا ، وطن واپسی کا سفر شروع



مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم نوازشریف وطن واپسی کے لئے لندن سے روانہ ہوگئے۔
نوازشریف وطن واپسی کے لئے لندن میں اپنی رہائش گاہ سے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لئے نکلے تو کارکنوں کی ایک بڑی تعداد انہیں الوداع کرنے کے لئے موجود تھی ۔
وطن واپسی کے سفر پر نوازشریف کی پہلی منزل سعودی عرب ہے جہاں وہ کچھ دن قیام کریں گے ، نوازشریف عمرہ ادا کریں گے اور روضہ رسول صل اللہ علیہ وآلہ سلم پر بھی حاضری دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نوازشریف سعودی عرب میں قیام کے دوران برادر ملک کی اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی عرب کے بعد نوازشریف کی اگلی منزل متحدہ عرب امارات ہے جہاں وہ دبئی میں قیام کریں گے اور اماراتی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
نوازشریف کی وطن واپسی کے لئے دبئی میں خصوصی طیارہ بھی بک کرلیاگیا ہے۔ اس طیارے میں نوازشریف کے ساتھ ملکی اور عالمی میڈیا کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق نوازشریف 21 اکتوبر کولاہور پہنچیں گے جہاں مینار پاکستان گرائونڈ میں مسلم لیگ ن ایک بڑے استقبالی جلسے کی تیاریاں کررہی ہے۔
سابق وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کے مطابق نوازشریف مینارپاکستان جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل اورملک کوبحرانوں سے نکالنے کاپلان دیں گے۔