گیس 200 فیصد مہنگی کرنیکی تیاری ، اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا



یکم اکتوبر سے گیس مہنگی کرنے کی تیاری کر لی گئی۔ 200 فیصد تک اضافے کی تجویز سامنے آ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروٹیکٹیڈ گیس صارفین کے لیے فکسڈ ماہانہ چارجز 10روپے سے بڑھا کر 400 روپے کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں تقریباً 200 فیصد  تک اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔

گھریلو صارفین کے لیے گیس 172 فیصد تک مہنگی کرنے جبکہ  دوسرے صارفین کے لیے قیمت میں 198.33 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے کرنے کی تجویز ہے۔

نیب کی درخواست پر سعد رفیق اور بھائی کو ریلیف مل گیا



قومی احتساب بیورو(نیب) کی درخواست پر خواجہ برادران کو احتساب عدالت سے ریلیف مل گیا۔
نیب نے خواجہ سعدرفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ریفرنس لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کوبھجوانے کی استدعا کی تھی۔ نیب کی درخواست پرلاہورکی احتساب عدالت کے جج قمرالزمان نے سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے پیرا گون ریفرنس ایل ڈی اے کوبھیجنے کی استدعا منظور کرلی۔

سائفر کیس:عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کا حکم چیلنج



تحریکِ انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے وکیل شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا 9 اکتوبرکا حکم کالعدم قرار دیاجائے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حکم نامے میں لکھا کہ اس مقدمے کی نقول وصول کر لی گئیں حالانکہ ایسا نہیں ہوا۔
درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ خصوصی عدالت نے جیل میں سماعت کے خلاف ہائیکورٹ کے فیصلے کا بھی انتظار نہیں کیا۔
خیال رہے کہ سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا حکم دے رکھا ہے

سعودی عرب نے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا



سعودی عرب نے اسرائیل اور حماس کی جنگ سے پیدا صورت حال پراسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلالیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے او آئی سی ورکنگ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیاہے ۔
ایک روزقبل ایران نے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کا نشانہ معصوم شہری اور بچے بن رہے ہیں جس پر عالمی قوتوں کی خاموشی بے حسی کی علامت ہے۔
قبل ازیں او آئی سی نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

تیل سمگلرز کی کشتیاں تباہ ، افغانیوں سے مدارس کا کنٹرول واپس لینے کافیصلہ



کوئٹہ( ادراک نیوز) بلوچستان حکومت نے ایرانی تیل سمگلرزکی کشتیاں تباہ کرنے اورافغان شہریوں سے مدارس کا کنٹرول واپس لینے کا اعلان کردیا۔ نگران صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی نے دیگروزرا کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی تیل زمینی راستوں کے مقابلے میں سمندر کے راستے زیادہ سمگل کیا جاتاہے جس کے تدارک کے لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تیل سمگلرزآخری موقع دیاجائے ۔
جان اچکزئی نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تیل کی سمگلنگ میں ملوث کشتیوں کو تباہ کردیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ایرانی تیل کی سمگلنگ 30 فیصد تک کم ہوئی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرکسی چیک پوسٹ کونقصان پہنچا تو سمگلرزمافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
جان اچکزئی کامزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں250 مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے جن میں سے 121 مدارس میں 8 ہزار طبا زیر تعلیم ہیں جبکہ 84 مدارس کاانتظام افغان باشندوں کے پاس ہے جن سے مدارس کاکنٹرول واپس لیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نان سٹیٹ ایکٹرز کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ دہشت گردی کے تمام واقعات میں بھارت ملوث ہے، ہم قیامت تک ایسے عناصر کاتعاقب کرتے رہیں گے۔
وزیراطلاعات کا کہناتھا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ ٹیسٹنگ کمینیوں کاآڈٹ کیاجائے گااورتمام ملازمین کوڈیجیٹل ڈیٹا میں شامل کیاجائے گا۔ جان اچکزئی کے مطابق گھوسٹ بھرتیوں کے ذریعے 7 ارب روپے کے گھپلے ہوئے ۔ گھوسٹ بھرتیوں، پرانی تاریخوں میں بھرتیوں کے نوٹیفکیشنزاور گھوسٹ منصوبوں کی تحقیقات کرائی جارہی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نگران حکومت کے اقدامات عارضی نہیں اگلی حکومت بھی ان اقدامات کو جاری رکھے گی ۔
جان اچکزئی نے وضاحت کی کہ اجازت نامہ رکھنے والے غیرملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا، جعلی کاغذات بنانے والوں اورغیر قانونی غیر ملکیوں کو ہرصورت واپس بھیجا جائے گا

حماس اسرائیل جنگ کے پانچویں روز ملالہ کابیان آگیا



نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘جیسا کہ میں نے حالیہ دنوں میں دل دہلا دینے والی خبریں دیکھی ہیں، اس دوران میرا دھیان فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کی طرف ہے جو جنگ کی صورتحال میں شدید متاثر ہوئے ہیں’.


جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ملالہ نے اپنے بچپن کو یاد کیا اور لکھا ‘میں صرف 11 برس کی تھی جب میں نے اپنے ارد گرد دہشتگردی اور تشدد جیسا ماحول دیکھا، صبح سویرے ہم مارٹر گولوں کی آوازوں سے بیدار ہوتے تھے’۔
انہوں نے مزید کہا ‘اپنے اسکولوں اور مساجد کو بموں سے تباہ ہوتے دیکھا، امن ایک ایسی چیز بن گئی جس کا ہم صرف خواب ہی دیکھ سکتے تھے’۔
ملالہ نے لکھا کہ ’جنگ ہمیشہ بچوں پر اثر انداز ہوتی ہے چاہے وہ اسرائیل کے گھروں سے اٹھائے گئے بچے ہوں یا غزہ میں فضائی حملوں کے ڈرسے چھپے ہوئے یا خوراک اور پانی کی کمی کا سامنا کرنے والے بچے ہوں‘۔
سماجی کارکن نے لکھا کہ ’آج میں ان تمام بچوں اور لوگوں کے لیے غمزدہ ہوں جو مقدس سرزمین میں امن اور انصاف کے خواہاں ہیں‘۔

پاکستانی کھلاڑی گرائونڈ اسٹاف کے ساتھ گھل مل گئے



حیدر آباد(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)ورلڈ کپ 2023 میں حیدرآباد دکن میں اپنے آخری میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑی گرائونڈ اسٹاف کے ساتھ گھل مل گئے۔

راجیو گاندھی اسٹیڈیم کے گراونڈ اسٹاف نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گراونڈ اسٹاف کو پاکستان کی جرسی تحفے میں دی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے دوران حیدر آباد کے اس اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز اور سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا۔

پاکستان کا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ احمد آباد میں 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ نیدر لینڈ کو شکست دیکر فتح سے ایونٹ کا آغاز کیا جس کے بعد گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دیکر مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا، سپرسٹار شریک ہونگے



احمد آباد (این این آئی)کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں ہونے والے پروگرام میں بھارتی سپر اسٹارز شریک ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس خصوصی پروگرام میں بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن اور رجنی کانت سمیت کئی فلمی ستارے شریک ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور گلوکار ارجیت سنگھ بھی پروگرام میں شرکت کریں گے، تقریب میں لائٹ شو، ڈانس پرفارمنسز اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری انیل پٹیل کے مطابق یہ خصوصی تقریب دوپہر 12 بجے کے قریب شروع ہوگی جس میں 20 سے 25 پاکستانی صحافی بھی شرکت کریں گے۔

انیل پٹیل نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستانی صحافیوں کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی کے کچھ آفیشلز بھی پاک بھارت میچ دیکھنے بھارت آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب نہ ہونے کی وجہ سے پاک بھارت میچ کے موقع پر شائقین کے لیے خصوصی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب نہ ہونے پر شائقین کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان کی 4 برس بعد وطن بھارت واپسی، تصاویر او رویڈیو شیئر کر دیں



نئی دہلی (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسن علی کی اہلیہ سامعہ خان شادی کے بعد پہلی بار وطن واپس آئی ہیں، جس کی تصاویر و ویڈیوز انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سامعہ خان نے اپنے وطن واپس لوٹنے پر دوستوں کے ہمراہ گزارے لمحات کو شیئر کیا ہے۔

انسٹا اسٹوری میں شیئر کی گئی چند تصاویر میں انہیں گزشتہ روز حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان بمقابلہ سری لنکا کے سنسنی خیز میچ اور بھارتی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی ننھی سی شہزادی ‘حیلینا بھی موجود ہیں جبکہ ان کے شوہر اور قومی ٹیم کے کھلاڑی حسن علی کی جارحانہ بولنگ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تو انہوں نے بھی شکر ادا کیا۔

خیال رہے کہ سامعہ خان بھارتی مسلمان شہری ہیں جو شادی سے قبل دبئی میں مقیم تھیں۔

پاکستانی بولر حسن علی سے 2019 میں شادی کے بعد سے اب تک وہ بھارت واپس نہیں گئی تھیں۔حالیہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں فاسٹ بالر نسیم شاہ کی انجری کے بعد حسن علی کی ٹیم میں شمولیت کے سبب سامعہ خان کو تقریبا 4 برس بعد اپنے وطن واپس جانے اور اہلِ خانہ و عزیز و اقارب سے ملنے کا موقع ملا ہے۔

پاکستان ٹیم کے سابق میڈیا منیجر کرکٹ آسٹریلیا سے منسلک



لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق میڈیا منیجر کرکٹ آسٹریلیا سے منسلک ہو گئے۔

ابراہیم بادیس کرکٹ آسٹریلیا کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ ہیں اور وہ پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کے معاملات کے حوالے سے اولین ٹاسک سر انجام دیں گے۔

ابراہیم بادیس کرکٹ آسٹریلیا جوائن کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، وہ 2019 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ ہوئے تھے۔

ابراہیم بادیس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 اور 2022 میں قومی ٹیم کے میڈیا منیجر تھے اور انہوں نے متعدد دو طرفہ سیریز میں بھی فرائض انجام دیے۔

بابر اعظم کی محمد رضوان اور عبداللہ کی عمدہ بیٹنگ کی کھل کر تعریف



حیدر آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے محمد رضوان اور عبداللہ کی عمدہ بیٹنگ کی کھل کر تعریف کی۔

سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ 2023 میں تاریخی فتح کے بعد گفتگو میں بابر اعظم نے کہا کہ عبداللہ شفیق کا یہ پہلا ورلڈکپ ہے، وہ بہت ہی اچھی فارم میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میچ میں محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے عمدہ بیٹنگ کی۔میچ میں 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 131 رنز بنانے والے محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایسی پرفارمنس دینے پر فخر محسوس ہوتا ہے، ہدف مشکل تھا لیکن یقین تھا کہ ہم یہ ہدف حاصل کرلیں گے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کل انڈیا جائیں گے، چودہ اکتوبر کو پاک بھارت میچ دیکھیں گے



لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرفکل  انڈیا روانہ ہونگے جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور انڈیا کا میچ دیکھیں گے۔

ذکا اشرف نے اس بات کا فیصلہ اس بات کی تصدیق کے بعد کیا ہے کہ پاکستانی میڈیا کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے موقع پر ویزوں کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ انہوں نے انڈیا جانا موخر کر دیا تھا لیکن اب وہ اس بات کی تصدیق کے بعد جارہے ہیں کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔

انہیں خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ ان کی بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیش رفت حاصل کرنے میں مدد کی ہے ۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچ جیت لیے ہیں۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ان کے جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور انڈیا کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم کے لیے ان کا پیغام یہی ہے کہ وہ بے خوف ہو کر کھیلیں جیسا کہ وہ پورے ایونٹ میں کھیلتے رہے ہیں۔