لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو 2 ہزار جرمانہ کرنے کا حکم



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ کے حوالے سے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری کیا۔

عدالت نے تحریری حکمنامے میں پنجاب بھر میں موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ استعمال کرنے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کیے، گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 5ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ڈولفن پولیس کو مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کردیں۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ گرین بیلٹس پر پارکنگ کرنے والے افراد کو 5ہزار روپے جرمانہ کیا جائے، شہر میں مزید میاواکی جنگل لگائے جائیں، ایل ڈی اے شہر میں آئندہ کوئی پراجیکٹ عدالت کی اجازت کے بغیر شروع نہیں کرے گا۔

ایل ڈی اے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی محکمہ ماحولیات سے ہدایات لے گا۔عدالت عالیہ کے تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف متعلقہ افسران کارروائیاں کریں۔

بھٹوں کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے والے افسران کے خلاف کریمنل کارروائی کی جائے، پرانے درختوں کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایل ڈی اے آئندہ کوئی پراجیکٹ عدالت کی اجازت کے بغیر شروع نہیں کرے گا۔ ایل ڈی اے ترقیاتی منصوبوں کے لیے محکمہ ماحولیات سے بھی ہدایات لے گا۔

کراچی میں حوالہ ہنڈی کیخلاف چھاپے ، ڈیڑھ لاکھ ڈالر، 5کروڑ کی کرنسی ضبط



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈالر کی قیمت میں کمی لانے کے تناظر میں ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ہنڈی حوالہ ڈیلروں کے خلاف ایف ائی اے کے چھاپوں میں دو ماہ میں تیزی اگئی ہے۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے چار سرکلز کی مجموعی کارکردگی کچھ یوں رہی۔ 20 چھاپوں میں 31افراد کو گرفتار کیا، ان کے قبضے سے 1 لاکھ 38 ہزار 900ڈالر ضبط کیے، دیگر ضبط کی گئی غیر ملکی کرنسی کی مالیت 10اشاریہ 562ملین پاکستانی روپے جبکہ پاکستان کرنسی کی مالیت 5کروڑ سے زائد رہی۔

ایف ائی اے کراچی کے تین سرکلز، کارپوریٹ کرائم سرکل کے سربراہ عمران ریاض، کمرشل بینک سرکل کی سربراہ رابعہ قریشی اور اینٹی کرپشن سرکل کے سربراہ جاوید بلوچ نے اعداد و شمار دیے مگر سب سے اہم سرکل اسٹیٹ بینک سرکل کے سربراہ ایاز مہر نے اعداد و شمار دینے سے گریز کیا۔

ٹرپل سی میں 16 ایف ائی ارز، 12 گرفتار، 31200 ڈالر، 1 ہزار یورو، 3 لاکھ 3 ہزار 380 پاکستانی کرنسی، 17 موبائل فونز، دو لیپ ٹاپ اور 3 کاریں ضبط کی گئیں۔ سی بی سی میں 4 ایف ائی ارز، 8 گرفتاریاں، 90 ہزار ڈالر اور 2 کروڑ 40 لاکھ پاکستانی روپے ضبط کیے گئے۔

اے سی سی میں 7 ایف ائی ارز، 10 گرفتاریاں، 62 ہزار 800 ڈالر، 79 ہزار 889 ریال، 26 ہزار 720 درہم اور 48 لاکھ پاکستانی کرنسی شامل ہے۔

لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ : لال حویلی ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے لال حویلی ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لال حویلی ملکیتی تنازع کیس پر سماعت کی جس سلسلے میں شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے ایڈووکیٹ سردارعبد الرازق عدالت میں پیش ہوئے جب کہ متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل صدیق اعوان پیش ہوئے۔

شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کے وکیل نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈکے فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں سیکرٹری اور ڈی جی سمیت تمام عہدے چیئرمین کے پاس ہیں، ہماری دائر کردہ اپیل پر ہمیں نہیں سُنا گیا اختیار ایک ہی شخص کے پاس ہے۔

عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کے اختیارات سے متعلق تفصیلات کیلئےآدھے گھنٹے کا وقت دیا اور سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سماعت کے آغاز پر عدالت نے لال حویلی ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج کردی تاہم لال حویلی کیس کی پٹیشن باقاعدہ سماعت کے لیے منظورکرلی۔

عدالت نے کہا کہ پٹیشن کے فیصلے تک لال حویلی کی موجودہ پوزیشن برقرار رہے گی، آئندہ 19 اکتوبر کو مفصل سنا جائے گا اور کسی کو التوا نہیں ملےگا۔

لاوارث کنٹینر سے 5 کروڑ مالیت کی الیکٹرانک اشیا برآمد



کراچی (این این آئی)کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کے عملے نے کراچی بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے بلیوں کی خوراک پر مبنی لاوارث کنٹینر سے 5 کروڑ مالیت کی مہنگی الیکٹرانک اشیا برآمد کرلیں۔

حکام کے مطابق 19 ستمبر کو کراچی پہنچنے والے مذکورہ کنٹینرکی کلئِرنس کے لئے کسی نے رابطہ نہیں کی۔

جانچ پڑتال میں کنٹینر سے 3 کروڑ روپے مالیت کی مختلف الیکٹرانک اشیا برآمد ہوئیں۔

برآمد اشیا پر قوانین کے تحت ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں 2 کروڑ روپے قابل ادا ہیں۔ملوث مافیا کی جانب سے اس طرح کے 38 کنسائنمنٹس پہلے بھی منگوائے جا چکے ہیں۔

ماضِی میں یہ کنسائنمنٹس مختلف بندرگاہوں پرمنگوائے گئے، ذرائع کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے ملوث مافیا کی نشاندہی کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔

امریکا اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے،صدر بائیڈن کا صہیونی ریاست کے لئے فوجی امداد کا اعلان



امریکا نے اسرائیل کی فوجی امداد بڑھانے کااعلان کردیا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے فلسطین اور اسرائیل کی کشیدہ صورتحال پربیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کی پشت پرکھڑا ہے۔ اسرائیل کی فوجی ضروریات کوپورا کیاجائے گا۔
امریکی صدرنے کہا کہ اسرائیل کو مزید گولہ بارود اور فوجی ساز و سامان فراہم کیا جارہا ہے ۔ اسرائیل کی مدد کے لئے کانگریس سے جلد اقدامات کامطالبہ کریں گے ۔ امریکی صدر نے کہا کہ حماس کاحملہ شیطانی اقدام ہے ، اسرائیل کوجوابی حملے کاپورا حق حاصل ہے، امریکی یقینی بنائے گا کہ اسرائیل اپنا دفاع کرسکے ۔ صدربائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ حملوں کے بعد خطے کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے اقدامات کریں گے۔

بھارت میں تاریخی فتح پر پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن کی ویڈیوز وائرل



بھارت میں تاریخی فتح پر پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز کاہدف حاصل کیا، فتح میں کلیدی کردارادا کرنے والے محمد رضوان جب گرائونڈ سے باہرآنے لگے تو بابراعظم ،شاہین آفریدی اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں گلے لگا لیا۔


پاکستانی کھلاڑیوں کے اس جشن کی ویڈیوزسوشل میڈیا پرچند منٹوں میں ہی وائرل ہوگئیں اور شائقین کرکٹ کی جانب سے گرین شرٹس کو مبارکباد کے پیغامات دیے گئے ۔

پاکستان نے تاریخ رقم کردی،ورلڈکپ کاسب سے بڑاہدف حاصل کرلیا،سری لنکا کو6 وکٹوں سے شکست



پاکستان نے ورلڈکپ کی تاریخ کاسب سے بڑا ہدف حاصل کرکے خطرے کی گھنٹی بجادی ۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں پاکستان کو جیت کے لئے 345 رنز کا بڑا ہدف ملا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں جلدی گرگئیں لیکن محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر345 رنز کاتاریخی ہدف حاصل کرلیا۔
عبداللہ شفیق 113 رنزبناکرآئوٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 131 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ سعود شکیل 31 رنز بناکرآئوٹ ہوئے، افتخار احمد نے 22 رنز بنائے جن میں 4 چوکے شامل تھے ،افتخار بھی ناٹ آئوٹ رہے ۔ امام الحق 12 اور بابراعظم صرف 10 رنز بناسکے تھے ۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے،یہ ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کاپاکستان کے خلاف سب سے بڑا سکور تھا۔ اس سے قبل پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں سب سے بڑا اسکور 336 رنز تھا جو بھارت نے 2019 میں بنایا تھا۔ سری لنکا کی طرف سے کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نے علی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رئوف نے دو، شاہین آفریدی، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا گیا۔ میچ کے اختتام پر بابراعظم نے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے والے تماشائیوں کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عبداللہ شفیق اور رضوان کی اننگزکی خوب تعریف کی۔
345 رنز کا ہدف ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کامیابی سے حاصل کیا ہوا سب سے بڑا ہدف ہے۔
اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔
2015 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے سکاٹ لینڈ کے خلاف 322 رنز کاہدف حاصل کیاتھا جبکہ 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی بنگلہ دیش نے ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف 322 رنز کاہدف حاصل کیاتھا۔
1992 میں سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف 313 رنز کاہدف حاصل کیاتھا۔
پاکستان نے ورلڈکپ میں پہلی بار 263 رنز سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔
سری لنکا کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کرنے سے قبل 1992 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 263 کا ہدف عبور کیا تھا۔

بیرون ملک جانے والوں کے لئے بری خبر،نئے پاسپورٹس کیلئے لیمینیشن پیپر ختم



لاہور(این این آئی ) محکمہ پاسپورٹ کے پاس نئے پاسپورٹس کیلئے لیمینیشن پیپر ختم ہونے کی اطلاعات نے شہریوں کوپریشانی میں مبتلا کردیا۔
ایک نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ لیمینیشن پیپر کیلئے متعلقہ حکام نے بروقت اقدامات نہیں کیے جس کی وجہ کراچی سمیت ملک بھر میں نئے پاسپورٹس کی پرنٹنگ اورترسیل متاثرہونے کاخدشہ پیدا ہوگیاہے اور لیمینیشن پیپر کی عدم دستیابی سے پاسپورٹ ڈیلیوری کی مدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
لیمینیشن پیپر ختم ہونے اورپاسپورٹس فراہمی میں تاخیر کے سبب عمرہ،علاج ،تعلیم،سیاحت اورملازمت کیلئے بیرون ملک جانیوالے افراد کومشکلات کاسامنا ہوگا۔

غزہ ہماری ریڈ لائن ، امریکا نے مداخلت کی تو جواب دینگے ، حوثی گروپ کا اعلان



یمن کے حوثی گروپ نے  امریکا کو  خبردار کیا ہے کہ  اگر امریکا نے غزہ میں مداخلت کی تو حوثی ڈرون  اور میزائلوں سے جواب دیں گے۔

حوثی  سربراہ عبدالمالک الحوثی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں امریکی مداخلت پر ڈورن اور میزائلوں سے حملوں سمیت دیگر عسکری اقدامات کریں گے،غزہ ہماری ریڈ لائن میں شامل ہے، غزہ میں مزاحمتی گروپوں سے تعاون اور مدد کے لیے بھی تیار ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا نے حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کے لیے اپنا جنگی بحری بیڑہ اسرائیل کی جانب روانہ کر دیا ہے۔ بحری بیڑے میں طیارہ بردار جہاز سمیت 5  تباہ کن بحری جہاز شامل ہیں۔

تکلیف میں مبتلا رضوان نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں



حیدرآباد دکن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رضوان نے سری لنکا کے خلاف جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیااور قوم کے چہروں پرخوشیاں بکھیر دیں ۔ محمد رضوان 80 رنز بنانے کے بعد ٹانگ کی تکلیف میں مبتلا رہے جس کی وجہ سے انہیں بھاگنے میں مشکلات کا سامنا رہا، محمد رضوان میچ کے دوران کئی مرتبہ وکٹ پرگرتے بھی رہے لیکن اس کے باوجود اپنے بیٹ سے ٹیم کی جیت کے لئے اہم مرحلے پر کلیدی کردار ادا کیا۔

رضوان جب بلے بازی کے لئے آئے تو بابراعظم اورامام الحق آئوٹ ہوچکے تھے اور ٹیم دبائو میں تھی اس موقع پررضوان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کرعمدہ شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق 113 رنز بناکرآئوٹ ہوئے تو رضوان نے سعودشکیل کے ساتھ مل کرٹیم کاسکور مزیدآگے بڑھاتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی ۔رضوان نے 121 گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے 131 رنزبنائے اور ناٹ آئوٹ رہے ۔ رضوان کی اننگزمیں 8 چوکے اور3 شاندارچھکے بھی شامل تھے ۔

اسرائیل پرتاریخ کاتباہ کن حملہ ، حماس کی جمعہ کویوم طوفان اقصیٰ منانے کی اپیل



اسرائیل پرتاریخ کاسب سے تباہ کن حملہ کرنے والی فلسطینی مزاحمتی
تحریک حماس نے جمعے کے روز عوام سے ’یومِ طوفانِ اقصیٰ‘ منانے کی اپیل کر دی ۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیل کے خلاف حیران کردینے والے ملٹری آپریشن ’’طوفان اقصیٰ‘‘ کی بے مثال کامیابی پر فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعے کے روز یوم طوفان اقصیٰ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی کے لیے میدان میں نکلیں۔
حماس نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے مسلمان نماز جمعہ کے بعد اللہ کے شکر گزار ہوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں تاکہ عالمی دنیا قابض اسرائیلی فوج کے مظالم سے آگاہ ہو۔
خیال رہے کہ حماس نے اسرائیل کے بھرپور کارروائی کے آپریشن کو طوفان اقصیٰ کا نام دیا تھا جس کے نتیجے میں اسرائیل میں اب تک 900 سے زائد افرادہلاک اور 4 ہزار سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں 11 امریکیوں سمیت دیگر غیر ممالک کے شہری بھی شامل ہیں۔ یہ جانی نقصانات کے اعتبار سے اسرائیل پرتاریخ کاتباہ کن حملہ ہے ،اس سے قبل 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں اتنے بڑے پیمانے پراسرائیل کوجانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
اسرائیل کی غزہ پرجوابی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد بھی 700 سے زیادہ ہوگئی ہے جس میں 140 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیل نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کررکھی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قراردیاہے۔

حماس کی اسرائیلی شہرعشکلان پر حملے کی دھمکی: دنیا کو الٹ پلٹ کر دینگے ، اسرائیلی وزیر



اسرائیلی فوج کو تگنی کا ناچ نچانے والی فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے جمعے کے روز عوام سے “یومِ طوفانِ اقصیٰ” منانے کی اپیل کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیل کے خلاف حیران کردینے والے ملٹری آپریشن ’’طوفان اقصیٰ‘‘ کی بے مثال کامیابی پر فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعے کے روز یوم طوفان اقصیٰ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی کے لیے میدان میں نکلیں۔
حماس نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے مسلمان نماز جمعہ کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں تاکہ عالمی دنیا قابض اسرائیلی فوج کے مظالم سے آگاہ ہو۔
حماس کے “طوفان الاقصیٰ آپریشن” کے آغاز اور اسرائیل کے جوابی حملوں میں اب تک 1100 اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ حماس کے حملے کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری کے نتیجے میں اب تک 830 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں
غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے جواب میں حماس نے اسرائیلی شہر عشقلان پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئےمقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے تک رہائشیوں کو شہر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے
حماس کی جانب سے اسرائیلی فضائی بمباری کے ردعمل میں مغویوں کو ہلاک کرنے کی دھمکی بھی دی ہے
دوسری طرف اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی پٹی کے مکمل محاصرے کا حکم دیتے ہوئےفلسطینی عوام کے لیئے خوراک، ایندھن، بجلی اور پانی کی فراہمی بند کر دی ہے ۔اسرائیلی قومی سلامتی وزارت نے اسرائیلیوں شہریوں کو مسلح کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی شہریوں کو 10ہزار بندوقیں دی جائیں گی جس کا اعلان اسرائیلی قومی سلامتی وزیر نے کیا ہے۔
اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر فلسطینیوں کیخلاف اکسانےکےجرم میں سزایافتہ ہیں۔ بین گویرا سخت گیریہودی آبادکار ہے جو ماضی میں دہشت گردی کی حمایت پر سزا گزار چکا ہے۔
اسرائیلی قومی سلامتی وزیر نے دھمکی دی ہے کہ ہم دنیا کو الٹ پلٹ کر دیں گے تاکہ اسرائیلی قصبوں کی حفاظت ہو۔
دوسری طرف امریکہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے رہنماؤں نے حماس کے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن،فرانسیسی صدر، جرمن چانسلراولاف شولز ،اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اور برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ ہم فلسطینی عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کرتے ہیں لیکن حماس فلسطینی عوام کو مزید دہشت گردی اور خونریزی کے علاوہ کچھ نہیں دے سکتی۔