تلخیاں ختم : تعاون اور درگزر کا راستہ نکالنا چاہئے: صدرعلوی



صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے زور دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو الیکشن میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔
عارف علوی سے سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر محمد علی درانی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور جامع ہونے چاہئیں، ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور اُن کی قیادت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، اگر لوگ اپنی پسند کے لیڈر منتخب نہ کر سکیں تو جمہوریت بے معنی ہو جاتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ تلخیاں ختم ہونی چاہئیں ، تعاون اور درگزر کا راستہ نکلنا چاہیے، مشکل فیصلوں کیلئے عوامی حمایت اور مشترکہ ملکیت درکار ہوتی ہے۔

حماس کے حملوں سے اسرائیلی وزیراعظم کا تخت ڈولنے لگا



اسرائیلی جارحیت اور مظالم کے خلاف حماس کا طوفان الاقصیٰ چوتھے روز تک صورت حال اتنی نازک ہو چکی ہے کہ اسرائیل کی داخلی سیاست میں بھی بے چینی دیکھی جانے لگی ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت ڈولنے لگی ہے اور قومی حکومت کے قیام کے مطالبات زور پکڑنے لگے ہیں
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، خود اسرائیلی وزیر انصاف یاریف لاوین نے ہنگامی طور پر نئی قومی حکومت کا مطالبہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ نئی قومی حکومت یا جنگی کابینہ معتدل مزاج سیاسی رہنماؤں پر مشتمل ہو اور اس میں شدت پسند رہنماؤں کو شامل نہ کیا جائے۔ قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر نے بھی موجودہ کابینہ پر جنگی کابینہ کی تشکیل پر اعتراض کر دیا ہے ۔تاہم وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپوزیشن کے ایسے کسی بھی مطالبے کو رد کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ جنگی کابینہ تشکیل دی جا سکتی ہے لیکن اپوزیشن کی شرائط پر نہیں

اسرائیل نے کوئی حماقت کی تو اسے منہ توڑ جواب دینگے: ایران کا انتباہ



اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے اسرائیلی دھمکیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے کسی بھی قسم کی احمقانہ کارروائی کی تو اس کا منہ توڑ اور تباہ کن جواب دیں گے۔
ادھر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں، ٹی وی پر خطاب میں ایران کے سپریم لیڈر نے اسرائیل پر حماس کے حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس نے صیہونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں تاہم اسرائیل پر یہ حملہ اس کی فوج اور انٹیلی جنس کے لیے ناقابل تلافی شکست ہے۔ حماس کے تباہ کن حملے نے اسرائیل کے اہم انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے جس کی تلافی اتنی آسان نہیں۔ سپریم لیڈر نے اسرائیل کو ہی اس کی اپنی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔

ایک ماہ بعد ریٹ جاری کر دیئے گئے ، سونا ہزاروں روپے سستا



مشرق وسطی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں اضافہ ہونے لگا ہے تاہم پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ہزاروں روپے کم ہو گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کا بھاؤ 12 ستمبر کے بعد آج منگل کو جاری کیا گیا ہے، سونے کی فی تولہ قیمت 12 ستمبر سے 15500 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 99 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے، 10  گرام سونے کی قیمت 13546 کم ہوکر ایک لاکھ 71 ہزار 39 روپے ہوگئی جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 55 ڈالرز کم ہوکر 1856 ڈالرز فی اونس ہے۔

اجلاس میں سونے کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ ایسوسی ایشن نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سونے کےریٹ انٹر بینک کے ساتھ منسلک کرکے جاری کریں گے۔

سپریم کورٹ میں دلائل دینے والی سماعت سے محروم پہلی وکیل



گزشتہ ہفتے سارہ سنی نے بھارتی سپریم کورٹ میں دلائل دینے والی پہلی سماعت سے محروم وکیل بن کر تاریخ رقم کردی ہے۔
سارہ سنی بھارت کے جنوبی شہر بنگلور کی رہائشی ہیں اور دو سال سے قانون کی پریکٹس کر رہی ہیں۔
عدالت سے استثنا پانے کے بعد ستائیس سالہ خاتون پہلی بار ستمبر میں چیف جسٹس ڈی وائی چندرچور کے سامنے پیش ہوئیں، عدالت نے دلائل میں ان کی مدد کرنے کے لیے اشاروں کی زبان کے ترجمان کو اجازت دی۔
چھ اکتوبر کو عدالت نے سارہ سنی کے لیے اپنا مترجم بھی مقرر کیا، جو عدالت کی تاریخ میں پہلی بار ہوا تھا، تاکہ کارروائی کے دوران ’وہ سمجھ سکیں کہ کیا ہو رہا ہے‘۔ جسٹس چندر چور نے کہا، ’دراصل، ہم سوچ رہے ہیں کہ آئینی بنچ کی سماعتوں کے لیے ہمارے پاس ایک ترجمان ہو تاکہ ہر کوئی کارروائی کی پیروی کر سکے۔‘
مبصرین کا کہنا ہے کہ سارہ سنی کی سپریم کورٹ میں موجودگی سے ہندوستانی قانونی نظام کو سماعت سے محروم برادری کی ضروریات کے لیے مزید جامع اور موافق بنانے میں مدد ملے گی۔

فلسطینی سفارتکارنے بی بی سی میزبان کولاجواب کردیا



برطانیہ میں تعینات فلسطینی سفارتکار نے بی بی سی انٹرویو میںحماس کے حملے سے متعلق سوال کو بالکل غلط اور فضول قرار دیدیا۔ قرار دے دیا۔
لندن میں تعینات فلسطینی سفارتکار حسام زملط نےابی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ فلسطینیوں پر 75 سال سے ظلم ہو رہا ہے، غزہ میں روز تشدد ہوتا ہے لیکن کبھی اس توجہ نہیں دی گئی۔
حسام زملط نے کہا کہ جب حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ہوا تو ہمیں مذمت کے لیے بلا لیا گیا، میں پوچھتا ہوں کہ کتنی بار اسرائیلی رہنماؤں سے جنگی جرائم پر مذمت کرائی گئی؟
انھوں نے کہا کہ اس مسئلے کو روکنے کا واحد حل یہ ہے کہ سب کے لئے یکساں قوانین رکھے جائیں۔جب میزبان نےان سےحماسکے حملےکی حمایت کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ درست سوال نہیں ہے، میزبان نے کہا یہ اہم سوال ہے، زملط نے کہایہ بالکل بھی اہم سوال نہیں کیونکہ حماس تو ایک مزاحمتی گروپ ہےاور میں یہاں اپنے لوگوں، فلسطینی لوگوں کی نمائندگی کر رہا ہوں، اگر کسی نے کسی کی مذمت کرنی ہے تو شہریوں پر بمباری کی مذمت ہونی چاہئے، حماس فلسطینی حکومت نہیں ہےاور اسرائیل ایک منظم فوج رکھتی ہےآپ قابض اور مقبوض کو مساوی نہ بنائیں۔
میزبان نے پھر سوال کیا کہ کیا سویلیئنز کو مارنے پر حماس کی بھی مذمت کرتے ہیں؟ سفارتکار زملط نے کہا کہ آپ نے کتنی مرتبہ اسرائیلی حکام سے اس پر انٹرویو کیا ہے؟اور کتنی بار آپ نے اسرائیلی جنگی جرائم کی لائیو کوریج کی ہے؟ کیا آپ نے ان سے خود کی مذمت کرنے کا سوال کیا ہے؟
انھوں نے کہا آپ کو پتا ہے کہ میں اس سوال کا جواب دینے سے کیوں انکار کر رہا ہوں، کیوں کہ ہمیشہ فلسطینیوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ خود کی مذمت کریں۔ یہ سیاسی تنازع ہے، ایک عرصے سے ہمیشہ ہمارے حقوق کا انکار کیا گیا ہے، اس لئے درست آغاز یہ ہے کہ مسئلے کو جڑوں سے دیکھا جائے۔
اسرائیلی فوج جنگ کے آداب بھی بھول گئی ہے، جنگی جنون میں مبتلا صہیونی فورسزغزہ میں خواتین، برزگ اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، اسکولوں، ہسپتال اور ایمبولنس پر حملے کر رہی ہے، زخمیوں کو طبی امداد دینا بھی مشکل ہو گیا ہے، فلسطین کےہسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں اور وحشیانہ اسرائیلی کارروائی میں ایک لاکھ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیلی بربریت دیکھ کر ایک فلسطینی صحافی بھی رو دیا، سوشل میڈیا پر فلسطینی بچوں کی تصاویر دل دہلا رہی ہیں، ان کی آنکھوں کی چمک ظالموں کو اپنے حق پر ہونے کا پیغام دے رہی ہے۔ اور یہاں بیٹھ کر آپ کہہ رہے ہیں کہ میں اپنے لوگوں کی مزمت کروں؟ کیوں؟ فلسطینی سفیر کی مدلل گفتگو پر بی بی سی میزبان دم سادھے ان کی گفتگو سنتا رہا اس کے پاس سفیر کے اٹھائے گئے سوالوں کا کوئی جواب نہیں تھا

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس،چیف جسٹس نے بینچ میں شامل ججز کو سوال کرنے سے روک دیا



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی چوتھی سماعت کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ فل کورٹ کی تیسری سماعت ہے دیگر تمام مقدمات نظرانداز ہو رہے ہیں، اگر سوالات کا مسلسل جواب دیتے رہیں گے تو دلائل ادھورے رہ جائیں گے،میں سوالات پوچھنے کے دوران دلائل کو سمجھ نہیں پارہا۔

جسٹس منیب اختر نے وکیل سے سوال کیا کہ یہ بتا دیں کہ آرٹیکل 191 میں لاء کا کیا مطلب ہے؟اس موقع پر چیف جسٹس کا جسٹس منیب اختر سے مکالمہ ہوا، جس میں چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ نے پہلے ہی ذہن بنا لیا ہے تو فیصلے میں لکھ لیجیے گا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا کہنا تھا کہ وکیل کو جیسے مرضی دلائل دینا ہوں گے دے گا، اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ بطور بینچ ممبر میرا حق ہے کہ میں سوال کروں۔

چیف جسٹس کا کہناتھا کہ ظاہر ہے آپ سوال کر سکتے ہیں لیکن پہلے وکیل کو دلائل تو مکمل کرنے دیں، جسٹس منیب اختر نے کہا کہ معذرت کے ساتھ میرا مسئلہ میرا سوال ہے اور اس کا جواب دیں،اس موقع پر چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے دلائل مکمل کریں۔

ایشین گیمز میں پاکستان کی بری کارکردگی : مزید تذلیل برداشت نہیں، احسن اقبال



اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایشین گیمز میں بری کارکردگی پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن میں انتظامی تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا ہے۔
احسن اقبال نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر 1990 سے لے کر 2022 تک ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کا موازنہ کیا۔
احسن اقبال نے ٹوئٹ میں پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ کا نام لیتے ہوئے لکھا کیا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن 2004 سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیں اور ہر طرح کے ذرائع سے خود کو دوبارہ منتخب کرواتے ہیں.
احسن اقبال نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ‘میں چیف آف آرمی اسٹاف سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں کیونکہ عارف حسن خود کو پاکستان میں کسی بھی اتھارٹی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے ہیں اور انہوں نے پاکستان میں کھیلوں کو تباہ کر دیاہے۔
سابق وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن میں تبدیلی کی فوری ضرورت ہے، مزید تذلیل قابل قبول نہیں۔

پاکستان میں اس سال مہنگائی کی شرح 23.6 فیصد رہے گی، آئی ایم ایف



آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان میں اس سال معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں موجودہ مالی سال مہنگائی کی شرح 23.6 فیصد رہے گی اور 2028 تک جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد تک جانے کا تخمینہ ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال بے روزگاری کی شرح ساڑھے 8 فیصد تھی تاہم اس سال بے روزگاری کم ہوکر 8 فیصد پر آنے کا امکان ہے ،اس کے علاوہ  اس سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 1.8 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

عالمی ادارے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ عالمی سطح پرکوروناوبا اور روس یوکرین جنگ کے اثرات برقرار ہیں۔

پاکستان میں اس سال مہنگائی کی شرح 23.6 فیصد رہے گی، آئی ایم ایف

ایک ہفتے کے دوران 6500 افغان مہاجرین واپس چلے گئے



حکومت کی طرف سے ڈیڈ لائن دینے کے بعد غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی میں تیزی آ گئی۔ گزشتہ ایک ہفتے میں پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم 6500 سے زائد افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔

افغان باشندوں کی واپسی میں تیزی لانے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم عابد مجید کی زیر صدارت صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا۔

اجلاس کے دوران افغان کمشنریٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی مقیم افراد کی واپسی میں توقع  زیادہ تیزی آئی ہے، طور خم بارڈر سے روزانہ 900 کے حساب سے افغان باشندے واپس جا رہے ہیں۔

دفاعی چمپیئن انگلینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست



دھرم شالہ : انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد اپنے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دیدی ، انگلینڈ کے364 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی 227رنز پر ڈھیر ہوگئی ، انگلش بیٹرڈیوڈ ملان نے 107 گیندوں پر16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ کے اوپنرز نے شکیب الحسن کے فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز جوڑ دئیے۔ جونی بیئر اسٹو آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے تاہم اوپنر ڈیوڈ ملان اور تجربہ کار جو روٹ نے ایک اور طویل شراکت کرتے ہوئے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کی۔ جوروٹ نے بھی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا، ان کی اننگز 68 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 82 رنز پر مشتمل تھی۔
365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر گری جب تنزید حسن 14 رنز بناکر ریس ٹوپلے کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے اس کی اگلی ہی گیند پر ٹوپلے نے ہی مہیدی حسن کو صفر رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بنگلادیش کی تیسری وکٹ بھی ٹوپلے کے ہی حصے میں آئی جب انہوں نے صرف 26 رنز پر ہی کپتان شکیب الحسن کو پویلین بھیج دیا اس کے بعد مہیدی حسن میراز بھی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ لٹن داس 76 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ مشفیق الرحیم 51 اور توحید ردوئے 39 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ تسکین احمد 13 اور شریف الاسلام نے 12 رنز بنائے۔تاہم 365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 48.2 اوورز میں227 رنز پر آئوٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ 137 رنز سے سے جیت لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے اہلیہ اور بہنوں کی ملاقات



اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اہلیہ اور بہنوں نے  ملاقات کی ، جیل انتظامیہ نے ملاقات معمول کے مطابق قرار دیدی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنیں عظمیٰ اور علیمہ خان اڈیالہ جیل پہنچیں جہاں ان کی عمران خان سے ملاقات کروائی گئی ، بشریٰ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی خیریت دریافت کی اور سہولیات بارے دریافت کیا۔

جیل حکام نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کافی دیر تک تبادلہ خیال کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں بھی خیریت پوچھتی رہیں۔

اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ معمول کی ملاقات تھی۔

۔